Loading...
دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

حرفِ آغاز |صاحبِ مقالاتِ مصباحی

حرفِ آغاز
عنوان: حرفِ آغاز
تحریر: صاحبِ مقالاتِ مصباحی (باقلمِ مفتی سید شاہد علی رضوی)
پیش کش: محمد شمشاد رضوی
منجانب: مرکزی جامعۃ المدینہ فیضان عطار نیپال گنج

زیرِ نظر کتاب اس جلیل القدر شخصیت سے متعلق ہے جو تیرہویں صدی کی آخری دہائیوں اور چودہویں صدی کی پہلی دہائی میں رام پور کی دینی و علمی فضا پر پورے طور سے چھائی رہی۔ بزمِ شریعت و معرفت ہو یا مجلسِ وعظ و خطابت، حلقۂ درس و تدریس ہو یا میدانِ تبلیغ و اشاعت، ہر جگہ مولانا ارشاد حسین رام پوری علیہ الرحمہ کی ذاتِ گرامی فیض بار نظر آتی ہے۔

دورِ ماضی کی یہ تابناک شخصیتیں امتدادِ زمانہ کی تہوں میں دبتی جا رہی ہیں اور ابنائے عصر کی تغافل کیشیاں اس پر مستزاد ہیں۔ جبکہ عہدِ حاضر کی بڑھتی ہوئی ظلمتیں دور کرنے کے لیے ان ہی قندیلوں کی ضرورت ہے جن سے کل ان فضاؤں میں ہمہ گیر اجالا تھا۔ وہ نہیں مگر ان کی زندگیوں کے تابندہ نقوش، ان کے علم و فضل، ان کے اخلاق و محاسن اور ان کی تعلیمات و ہدایات آج بھی مینارۂ رشد و ہدایت کا کام سر انجام دے سکتی ہیں، لیکن انہیں بوسیدہ اوراق، منتشر صفحات اور عصرِ پارینہ کی آغوش سے نکال کر نئی جلوہ گاہوں میں ضیا باری کا موقع فراہم کرنا ہو گا۔ اس کے لیے محنت و کاوش، تلاش و جستجو، بحث و تحقیق، تحریر و ترتیب اور نشر و اشاعت کے صبر آزما مراحل کا سامنا کرنا ہو گا جس کے جذبات ایک زندہ قوم میں بیدار رہنا حیاتِ ملی کی بقا کے لیے از حد ضروری ہیں:

اپنی تاریخ کو جو قوم بھلا دیتی ہے
صفحۂ دہر سے وہ خود کو مٹا دیتی ہے

میں اس اظہار میں بے پناہ مسرت محسوس کرتا ہوں کہ حضرت مولانا سید شاہد علی رضوی (مہتمم و شیخ الحدیث الجامعۃ الاسلامیہ، رام پور) کو قدرت کی فیاضیوں نے ایسے پاکیزہ جذبات کا وافر حصہ عطا فرمایا ہے۔ وہ ایک عظیم ادارے کے اہتمام و انتظام، تدریس و تعلیم اور تقریر و تبلیغ کی مشقت خیز مصروفیات کے باوجود اسلاف کے احوال و سوانح سے گہرا شغف اور تصنیف و اشاعت کا کافی شوق رکھتے ہیں، خصوصاً علمائے رام پور کے حالات و آثار کی جستجو ان کا محبوب مشغلہ ہے۔ ان ہی جذبات کا ایک نمونہ پیشِ نظر کتاب بھی ہے، جس کی قدر شناسی، عزت افزائی اور مصنف کے لیے مزید خدمات کے مواقع کی فراہمی قوم کی ملی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ مجھے قوی امید ہے کہ یہ کتاب دینی و علمی حلقوں میں اپنا متوقع مقام اور خاطر خواہ پذیرائی بہت جلد حاصل کر لے گی اور مصنف کے اگلے کارناموں میں قوت و توانائی اور حوصلہ افزائی کا سامان فراہم کرے گی۔ وَاللہُ الْمُسْتَعَانُ وَبِنِعْمَتِہِ تَتِمُّ الصَّالِحَاتُ۔

۲۰ محرم ۱۴۱۰ھ، چہار شنبہ، ۲۳ اگست ۱۹۸۹ء

[مقالاتِ مصباحی، صفحہ: 553]

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!