عنوان: | اہلِ بیت کی عظمت |
---|---|
تحریر: | عالمہ ام الورع ایوبی |
پیش کش: | نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور |
اللہ رب العزت کا بے پناہ فضل و احسان ہے کہ اس نے ہمیں اسلام جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔ اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے، جو نہ صرف عبادات و معاملات میں ہماری رہنمائی کرتا ہے بلکہ انسان کو ہر میدان میں بلندی تک پہنچانے کا واحد ذریعہ بھی اسلام ہی ہے۔
اس دینِ متین کے بانی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ ہیں، اور اس کے حقیقی وارث اہلِ بیتِ اطہار ہیں۔ اہلِ بیت کی عظمت کا اندازہ صرف خاندانی نسبت تک محدود نہیں، بلکہ قرآن و حدیث میں بھی ان کی فضیلت و رفعت کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ کیونکہ ان نفوسِ قدسیہ نے دینِ اسلام کے لیے ایسی بے مثال قربانیاں دیں، جن کی روشنی قیامت تک اہلِ ایمان کے دلوں کو منور کرتی رہے گی۔
اللہ رب العزت قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے:
اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰهُ لِیُذْهِبَ عَنْكُمُ الرِّجْسَ اَهْلَ الْبَیْتِ وَیُطَهِّرَكُمْ تَطْهِیْرًا۔ (الاحزاب: 33)
ترجمہ کنزالایمان: اللہ تو یہی چاہتا ہے اے نبی کے گھر والو! کہ تم سے ہر ناپاکی دور فرما دے اور تمہیں پاک کرکے خوب ستھرا کر دے۔
امام عبداللہ بن احمد نسفی رحمۃُ اللہ علیہ اس آیت کے تحت لکھتے ہیں:
یہاں گناہوں کو ناپاکی سے اور پرہیزگاری کو پاکی سے تشبیہ دی گئی ہے، تاکہ اہلِ بیت گناہوں سے بچیں اور تقویٰ و پرہیزگاری کی زندگی گزاریں۔ گناہوں کا مرتکب ایسے ہی آلودہ ہوتا ہے جیسے جسم نجاست سے۔ اس طرزِ کلام کا مقصد عقلمندوں کو گناہوں سے نفرت دلانا اور تقویٰ کی ترغیب دینا ہے۔ (مدارک التنزیل، الاحزاب: 33، ص: 940)
جب تمام انبیاءِ کرام نے اپنی اقوام کو اللہ کی طرف بلایا تو فرمایا کہ:
ہم تم سے اس تبلیغ کے بدلے کوئی اجرت نہیں مانگتے۔ لیکن نبی کریم ﷺ کی دعوتِ رسالت کے بعد اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
قُلْ لَا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ أَجْرًا إِلَّا الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبَىٰ (الشوریٰ: 23)
ترجمہ کنزالایمان: تم فرماؤ میں اس پر تم سے کچھ اجرت نہیں مانگتا مگر قرابت کی محبت اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ محبتِ اہلِ بیت، ایمان کا بنیادی تقاضا ہے۔ اگر کوئی شخص نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ اور دیگر فرائض ادا کرتا ہے لیکن اس کے دل میں اہلِ بیت کی محبت نہیں، تو اس کے ایمان کی کوئی قیمت نہیں۔
نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:
إنی تارک فیکم ما إن تمسکتم بہ لن تضلوا بعدی، أحدہما أعظم من الآخر: کتاب اللہ حبل ممدود من السماء إلى الأرض، وعترتی أهل بیتی، ولن یفترقا حتی یردا علی الحوض۔ (ترمذی: 3786)
ترجمہ: میں تمہارے درمیان دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں؛ ان کو مضبوطی سے تھامے رکھو، تم کبھی گمراہ نہ ہو گے: ایک اللہ کی کتاب ہے جو آسمان سے زمین تک تنی ہوئی رسی ہے، اور دوسری میری عترت یعنی میرے اہلِ بیت ہیں۔ یہ دونوں ہرگز ایک دوسرے سے جدا نہ ہوں گے، یہاں تک کہ حوضِ کوثر پر میرے پاس پہنچیں۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
من مات علی حب آل محمد مات شہیداً۔ (المعجم الاوسط للطبرانی: 6787)
ترجمہ: جو شخص آلِ محمد کی محبت پر مرا، وہ شہید مرا۔
اللّٰہ تعالیٰ ہم سب کو اہلِ بیتِ اطہار سے سچا عشق اور پائدار محبت عطا فرمائے، اور ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین، بجاہ سید المرسلین ﷺ۔