✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!
اب آپ مضامین کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ 🎧 سن🎧 بھی سکتے ہیں۔ سننے کے لیے بولتے مضامین والے آپشن پر کلک کریں۔

بے چاری اردو!

بے چاری اردو
عنوان: بے چاری اردو!
تحریر: محمد سمیر خان عطاری حیدرآبادی

00:00 00:00

موجودہ زمانے میں دنیا میں ہزاروں زبانیں بولی جاتی ہیں۔ اگر ہم صرف ہمارے وطنِ عزیز ہندوستان کا جائزہ لیں تو پتہ چلتا ہے کہ تقریباً 652 زبانیں اور بولیاں ہمارے ملک میں رائج ہیں [ہمارا پیارا ہندوستان، ص: 7، مکتبۃ المدینہ]۔ لیکن یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ زبان اور بولی میں فرق ہوتا ہے۔ زبان سے مراد وہ مانوس آواز ہے جس کے ذریعے ہم اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں، نیز اس کا رسم الخط بھی موجود ہو۔ جبکہ بولی وہ ہے جو مخصوص ومحدود علاقے میں استعمال کی جاتی ہو اور اس کا رسم الخط موجود نہ ہو۔

ہندوستان میں جملہ 22 زبانیں سرکاری ہیں۔ انہی میں سے ایک قدیم زبان اردو بھی ہے، جس کی ابتدا تقریباً بارہویں صدی عیسوی میں ہوئی۔ اردو زبان کی ایجاد ایک طویل تاریخی اور ثقافتی عمل کا نتیجہ ہے جو برصغیر میں مختلف زبانوں اور تہذیبوں کے ملاپ سے ہوا۔ اردو دراصل ایک ہند آریائی زبان ہے جو اپنی ساخت میں ہندی سے ملتی ہے، لیکن اس میں عربی، فارسی، اور ترکی کے اثرات نمایاں ہیں۔

اللہ کی عطا سے آج ہم بات چیت تو کر لیتے ہیں، لیکن ہماری بولی میں کوئی ایک زبان مکمل نہیں، بلکہ کئی زبانوں کے الفاظ استعمال ہوتے ہیں۔ مثلاً، ہمارے شہر حیدرآباد کی زبان پر اگر نظر ڈالی جائے تو ہم تقریباً سات زبانوں میں کلام کرتے ہیں: اردو، انگریزی (English)، ہندی، تیلگو، فارسی، عربی، اور سنسکرت وغیرہ۔ وعلیٰ ہذا القیاس۔

بہرحال، افسوس کی بات یہ ہے کہ ہماری مادری زبان اردو ہے، لیکن آج کے مسلمانوں کی کثیر تعداد ایسی ہے جنہیں نہ ہی اردو پڑھنا آتا ہے۔ بالخصوص آج کی نئی نسل، جو اسکول میں پڑھتی ہے، انہیں اردو زبان سب سے زیادہ مشکل نظر آتی ہے، حالانکہ معاملہ اس کے برخلاف ہے۔ فی زمانہ اسکولوں میں جب بات آتی ہے دو زبانوں میں سے (اردو یا ہندی) کسی ایک کو منتخب کرنے کی، تو اکثر طلباء اردو کے مقابل والی زبان منتخب کرتے ہیں۔

یہاں میں اس بات کو بھی ذکر کرنا اہم سمجھتا ہوں کہ مسلمانوں کی اصل زبان عربی ہے۔ نیز قرآن وحدیث اور فقہ کی بڑی اہم کتابیں بھی عربی میں ہیں۔ اگر ہم عربی سے نہ آشنا ہیں تو کم از کم اردو تو سیکھ سکتے ہیں، لیکن آج ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم اردو پڑھنا تو دور کی بات، اسے دیکھنا بھی پسند نہیں کر رہے ہیں۔ ابھی چند دن پہلے کا واقعہ ہے کہ ایک شہر میں کچھ لوگ سائن بورڈ پر سے اردو کو ہٹانا چاہتے تھے اور اس کی شکایت انہوں نے سپریم کورٹ میں بھی درج کی، لیکن یہ کوشش بیکار گئی۔ اردو کے مذہبی یا غیر ملکی زبان ہونے کے وسیع تر دعوے کا جواب دیتے ہوئے کورٹ نے کہا کہ اردو کی جڑیں ہندوستان میں ہیں۔ کورٹ نے زور دیا کہ زبان مذہب کی نمائندگی نہیں کرتی؛ یہ ایک برادری، علاقے، یا لوگوں کی ہوتی ہے [Source: Inquilab.com]

بڑے افسوس کی بات ہے کہ چند لوگوں کی وجہ سے آج کئی اسکولوں سے اردو زبان کو سرے سے ختم کر دیا گیا، جو کہ ہماری آنے والی نسلوں کے لیے کافی نقصان دہ بات ہے۔ دورِ حاضر میں اگر کوئی طالب علم اردو پڑھنا بھی چاہتا ہے تو اسے پڑھانے کے لیے اساتذہ دستیاب نہیں، اور جہاں پڑھانے والے موجود ہیں، وہاں پڑھنے والے نہیں ہیں۔ مقامِ غور ہے کہ اگر اردو زبان سے بھی ہم ناواقف رہیں تو ہم اپنے ضروری مسائل سے آگاہی کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔ ابھی کے یہ حالات ہیں تو آنے والے دور میں کیا حالات ہو سکتے ہیں، اس بارے میں سوچ کر ہی ڈر لگتا ہے۔

ایک خوشی کی بات یہ بھی ہے کہ ہماری زبان اردو برصغیر کے بعد پوری دنیا میں بھی اتنی زیادہ مشہور ہو گئی ہے کہ حرم پاک کے سائن بورڈز پر یہ استعمال ہو رہی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ کئی عربیوں، انگریزوں کو اردو زبان میں بات چیت کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔ نیز عربی نعت خواں حضرات آج اردو زبان میں بھی نعتیں پڑھ رہے ہیں۔ ثم الحمد لله۔

الحاصل، اگر ہم بین الاقوامی زبان عربی پر مکمل عبور حاصل نہیں کر سکتے تو کم از کم ہماری مادری زبان اردو پر مکمل دسترس حاصل کر لیں، جس کے ذریعے اس کا تحفظ بھی ہو جائے گا اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے یہ بڑا مفید ثابت ہوگا۔

ساتھ رہی ہے، ساتھ رہے گی، جان ہماری اردو ہے
اردو کی پہچان ہیں ہم، پہچان ہماری اردو ہے

علم وفن، تہذیب وتمدن، نظم وغزل، اشعار لیے
ملک میں امن ومحبت کا عنوان ہماری اردو ہے

٢٦ شوال المکرم ١٤٤٦ھ بمطابق ٢٥ اپریل ٢٠٢٥ء

1 تبصرے

  1. ماشاء اللہ ماشاء اللہ
    لباب ویب سائٹ پر آڈیو فیچر کا اضافہ واقعی قابلِ ستائش ہے۔ اب مضامین کو سن کر بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، جو وقت کی کمی کے شکار لوگوں، اور جو پڑھنا نہیں جانتے اُن کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔
    ویب سائٹ ٹیم کی یہ کاوش لائقِ تحسین ہے۔💐💐💐

    اللہ پاک اس کاوش کو قبول فرمائے، مزید برکتیں عطا فرمائے، اور مقبول خاص و عام کرے۔ آمین

    جواب دیںحذف کریں
جدید تر اس سے پرانی
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں