✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!
قارئین سے گزارش ہے کہ کسی بھی مضمون میں کسی بھی طرح کی شرعی غلطی پائیں تو واٹسپ آئیکن پر کلک کرکے ہمیں اطلاع کریں، جلد ہی اس کی اصلاح کردی جائے گی۔ جزاک اللہ خیرا کثیرا 🥰

کتاب کی اہمیت اور اقسام و اثرات

عنوان: کتاب کی اہمیت اور اقسام و اثرات
تحریر: محمد رضا اشرفی باسنوی
پیش کش: دار العلوم فیضان اشرف باسنی، راجستھان

کتاب وہ شے ہے جو صرف کاغذ اور صفحات پر مشتمل نہیں ہوتی بلکہ کاتبین کے مافی الضمیر کا آئینہ ہوتی ہے اور کتاب ہی وہ چیز ہے جس نے کتنے ہی ایسے لوگوں کو وہ بلند مقامات عطا کیے جو دنیا کی نظر عین میں حقیر و ذلیل اور کمتر جانے اور پہچانے جاتے تھے کیونکہ کتاب ایک ایسی رفیق صادق ہے جو اپنے قارئین کو رفیع درجہ پر فائز دیکھنا چاہتی ہے۔

کتاب ہی وہ بہترین دوست ہے جو فرحت کے وقت بھی ہمارے ساتھ ہوتی ہے اور حزن کے وقت بھی سایۂ شجر کی طرح ہمارے ساتھ قائم رہتی ہے اور چراغ راہ بن کر ہمیں کامیابی کی سمت لے جاتی ہے اور یہ کتاب تو اہل قلم کا جزو حیات ہوتی ہے اور اسی نے ان قلم کاروں کو دنیا میں شہرت عطا کی اور اسی کی ذریعہ سے ان کا نام دنیا میں گونجنے لگا۔

کتاب کا تعارف: کتاب کاغذوں سے جڑی ہوئی ایسی چیز کو کہتے ہیں جس میں علم، تجربہ، تحقیق اور خیالات محفوظ کیے جاتے ہیں اور یہ کسی ایک موضوع یا کئی موضوعات پر مبنی ہو سکتی ہے۔

کتاب کے اقسام:

کتابیں بھی بہت طرح کی ہوتی ہیں، جیسے:

  • دینی کتابیں (جیسے قرآن مجید ، حدیث اور فقہ کی کتب)
  • سائنسی کتابیں
  • ادبی اور اخلاقی کتابیں
  • تاریخی کتابیں (جیسے سیرت مصطفی ﷺ)
  • نصابی کتابیں(جو اسکول اور مدارس میں پڑھائی جاتی ہیں)

کتاب کے چند فوائد

  • کتاب خوانی سے ذہن تیز ہوتا ہے اور وہ اپنے قارئین کو سنوارتی ہے اور ان کو جاہل لوگوں سے ممتاز کرتی ہے۔
  • کتاب بینی سے آدمی کی عقل و شعور میں اضافہ ہوتا ہے۔
  • مطالعۂ کتب اور اس پر عمل کرنا انسان کو مقصد حیات سے آشنا کرتا ہے اور ان کو ایک باوقار آدمی بناتا ہے۔
  • قاری کتاب اس کتاب ہی کے ذریعے اپنی اصلاح بھی کرتا ہے اور یہ کتاب ہی اس کے باطن میں تصوف کی روشنی بھی جگاتی ہے۔
  • کتاب کا مطالعہ کرنا تحصیل علم کا سب سے مؤثر اور بنیادی وسیلہ ہے۔
  • کتاب اپنے پڑھنے والے کو فوقیت کے اس اعلی مقام پر فائز کرتی ہے جس کو وہ خوابوں میں تصور کیا کرتا تھا۔

فحش کتب سے پرہیز

یہاں ایک بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ ابھی جو کتب بینی کے فوائد آپ کے پیش نظر تھے یہ اسی وقت حاصل ہو سکتے ہیں جبکہ وہ کتاب دینی، اخلاق سے پر اور لبریز، ادب آموز اور سود مند اور اس میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے فرامین اور ان کی رضا شامل ہو تب وہ کتاب نفع بخش ہے۔ اور اگر وہ فحش و فضول باتوں کی حامل ہو اور اس میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے ارشادات کو پامال کیا جا رہا ہو اور اس میں دین اسلام کے خلاف مواد تحریر کیا جارہا ہو تو ہرگز ہرگز ایسی کتاب کار آمد ہو ہی نہیں سکتی اور اس کو اپنے لیے باعث خیر سمجھنا محض جہالت اور سراسر نادانی پر مبنی ہے۔ایسی کتاب پڑھنے سے مفاد اور نفع تو نہیں مل سکتا مگر یہ ضرور ہے کہ وہ کتاب اس کو گمراہی کے عینک ضرور پہنا دے گی اور دنیا و آخرت میں سواۓ نقصان اور خسارے کے اس کو اور کچھ بھی دستیاب نہیں ہو سکتا۔

قارئین کرام! کتاب ہی انسان کی وقت فراغ کی ساتھی ہے اور جس نے اس سے دوستی کرلی تو پھر وہ تنہا نہیں رہتا بلکہ وہ روحانی طور پر مصنفین کے رفاقت میں وقت گزارتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم بھی اپنے اندر کتاب خوانی کا جذبہ اور شوق پیدا کریں اور منافع کتب بینی سے اپنے آپ کو مالا مال کریں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں نفع بخش کتابیں پڑھنے اور سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق خیر عطا فرمائے۔ آمین۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

صراط لوگو
مستند فتاویٰ علماے اہل سنت
المفتی- کیـا فرمـاتے ہیں؟
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں