دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

محرم اور دعا

عنوان: محرم اور دعا
تحریر: شاھین فاطمہ امجدی
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

محرم الحرام اسلامی کا پہلا مہینہ ہے۔ اور جب محرم کا چاند طلوع ہوتا ہے۔ تو آسمان غمگین ہو جاتا ہے، زمین اداس ہو جاتی ہے، اور دلوں میں ایک درد سا جاگ اٹھتا ہے۔ یہ صرف کیلنڈر کا نیا مہینہ یا تقویم کی ابتدا نہیں ہے بلکہ روحانی بیداری کا پیغام ہے۔ محرم الحرام کا مہینہ قربانی صبر کی لازوال داستاں لیے ہوئے ہے۔ اور یہ مقدس مہینہ اللّٰه تعالیٰ سے جڑنے کا درس دیتا ہے اس کی رحمت و مغفرت اور دعا کی قبولیت کا مہینہ بھی ہے۔ محرم وہ مہینہ ہے جسے اللّٰه تبارک و تعالیٰ نے قرآن مقدس میں حرمت والا مہینہ قرار دیا ہے اور ارشاد فرمایا کہ:

إِنَّ عِدَّةَ الشُّهُورِ عِندَ اللّٰهِ اثْنَا عَشَرَ شَهْرًا فِي كِتَابِ اللّٰهِ يَوْمَ خَلَقَ السَّمَوَاتِ وَالْأَرْض مِنْهَا أَرْبَعَةٌ حُرُمٌ (التوبہ، ۳۶)

ترجمہ کنزالایمان بے شک مہینوں کی گنتی اللّٰه کے نزدیک بارہ مہینے ہے الله کی کتاب میں جس دن اس نے زمین اور آسمان بنایا اور اس میں چار حرمت والے مہینے ہیں۔

اور نبی کریم ﷺ نے اس مہینہ کو فضیلت والے مہینوں میں شمار فرمایا اور ارشاد فرمایا:

افضل الصیام بعد رمضان شھر اللّٰه المحرم (مسلم:۲۷۵۵)

ترجمہ: رمضان کے بعد افضل الصیام اللّٰه کے مہینے محرم کے ہیں۔

اس حدیث میں حضورﷺ نے محرم الحرام کو شھر اللّٰه ( اللّٰه کا مہینہ) فرمایا جو اسکی عظمت و حرمت کو ظاہر کرتا ہے۔ اور ایسے عظیم مہینے میں مانگی گئی دعا خاص مقام رکھتی ہے۔

جب دنیا تنگ ہو جاتی ہے، اور وفادار ساتھ چھوڑ جاتے، جب صبر کا پیمانہ لبریز ہو جاتا ، تب صرف دعا باقی رہتی ہے، اور وہی سب کچھ بن جاتی ہے۔ کیوں کہ دعا مؤمن کا ہتھیار ہے انسان کو رب سے قریب کرتی ہے اور مشکلات میں مدد کا ذریعہ بنتی ہے دعا بلاؤں کو ٹال دیتی ہے۔

اور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا:

الدعاء مخ العبادت۔ (ترمذی:۳۳۷۱)

ترجمہ: دعا عبادت کا مغز۔

چوں کہ محرم میں دعا کی قبولیت کے مواقع زیادہ ہوتے ہیں۔ اور محرم کا مہینہ روحانی کیفیات سے بھر پور ہوتا ہے۔

کربلا کے تپتے ہوئے ریگزار میں جب ہر طرف پیاس، ظلم، اور تنہائی کا عالم تھا، تب بھی امام حسین رضی اللّٰه تعالیٰ عنہ نے دعا کا دامن نہ چھوڑا۔ ان کی راتیں نماز، مناجات اور سجدوں سے مزین تھیں۔ آخری وقت میں بھی اُن کی زبان پر یہی تھا: اے میرے رب! میں تجھ پر راضی ہوں، تجھ سے مدد مانگتا ہوں، اور تجھ پر توکل کرتا ہوں۔

دعا کا موسم( یوم عاشورہ )

10 محرم، یومِ عاشورہ، تاریخ کا وہ دن ہے جو مظلوم کی آہ، عاشق کی قربانی، اور رب کی رضا کا حسین امتزاج ہے۔ اس دن کو صرف غم کا دن نہ سمجھیں، بلکہ مغفرت، رجوع، اور قبولیتِ دعا کا دن جانیں۔

اسی مبارک دن اللّٰه تعالی نے حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول فرمائی۔ اور حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی طوفان کے بعد جود پہاڑی پر ٹھہری۔ اورحضرت ابراہیم علیہ السلام کو نمرود کی آگ سے نجات حاصل ہوئی۔ اور موسیٰ علیہ السلام کی دعا سے دریا پھٹ گیا- فرعون ہلاک ہوگیا۔ اور حضرت یونس علیہ السلام کو سمجھ لی کے پیٹ سے نجات ملی۔ اور حضرت ایوب علیہ السلام کو طویل بیماری سے شفا عطا ہوئی۔ حضرت یوسف علیہ السلام کو رہائی اور بادشاہیت عطا ہوئی۔ اسی مبارک دن حسین رضی اللّٰه تعالیٰ عنہ کی دعا سے صبر کی نئی تاریخ قائم ہوئی حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثاروں کا کربلا میں عظیم قربانی دینا۔

یہ دن صبر، استقامت، حق پر ڈٹے رہنے، اور اللہ کی رضا کی خاطر قربانی کا عظیم پیغام دیتا ہے۔ تو آپ کی دعا سے کیوں نہیں حالات بدل سکتے؟

محرم میں دعا کیسے کریں

سجدے میں گر کر امام حسین رضی اللّٰه عنہ کے صبر کو یاد کر کے دعا مانگیں: اے اللّٰه! ہمیں بھی وہی استقامت دے جو کربلا والوں کو عطا فرمائی۔ دعا کریں کہ اے اللّٰه! ہمارے دلوں سے دنیا کی محبت ختم فرما کر دین کی محبتس سے اس دل کو معمور فرما دے دعا مانگیں کہ ہمیں ایسا بنا دے کہ ہم بھی لبیک یا رب! کہہ سکیں۔

محرم ماتم کا دن نہیں، مقامِ مناجات ہے۔ محرم صرف کربلا کی یاد نہیں، رب کی یاد بھی ہے۔ محرم صرف قربانی کی تاریخ نہیں، قربِ الٰہی کی راہ بھی ہے۔ تو آئیے! اس محرم میں ہم صرف آنکھوں کو نہیں، دل کو بھی نم کریں،سجدے میں گِر کر، آنسو بہا کر، اور اپنے رب سے دعا کریں کہ:

اے اللہ! اے رحمان! اے رحیم! اے دلوں کو پھیرنے والے! ہمارے دل کو اپنے دین پر ثابت قدم رکھ۔ اے ہمارے رب! ہم نے اپنی جانوں پر ظلم کیا، اگر تو ہمیں نہ بخشے اور ہم پر رحم نہ فرمائے تو ہم خسارہ پانے والوں میں سے ہو جائیں گے۔ اے اللّٰه ہمیں کربلا کی مقدس ماؤں جتنا صبر عطا فرما۔ آمین یا رب العالمین

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں۔