دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...
مضمون نگار
موضوعات
کل مضامین
بولتے مضامین

نفس کسے کہتے ہیں؟

نفس کسے کہتے ہیں؟
عنوان: نفس کسے کہتے ہیں؟
تحریر: غوثیہ واسطی بنت لئیق نوری عفی عنہما

نفس کیا ہے؟ اس کی حقیقت کیا ہے؟ اولاً جان لیجیے نفس کا لغوی معنی "جان" ہے۔ اگر ہم علمِ تصوف میں اس کی اصطلاحی تعریف کریں تو وہ دو معانی پر منحصر ہے۔ اول تو یہ وہ معنی ہے جو غضب، شہوت اور انسان میں پائی جانے والی مذموم صفات کی قوت کا جامع ہے۔ حضور ﷺ کے اس فرمانِ پاک سے بھی یہی مراد ہے:

أَعْدَى عَدُوِّكَ نَفْسُكَ الَّتِي بَيْنَ جَنْبَيْكَ

ترجمہ: ”تیرا سب سے بڑا دشمن تیرا نفس ہے، جو تیرے پہلوؤں کے درمیان ہے۔“ [الزہد الکبیر للبیہقی، ص: 156] اسی نفسِ مذموم کے بارے میں رب فرماتا ہے کہ ان کے بعد وہ نالائق لوگ آئے جنہوں نے نمازوں کو ضائع کیا اور اپنی خواہشوں کی پیروی کی تو عنقریب وہ جہنم کی وادی غی سے جا ملیں گے۔ [مریم: 59] اسی نفس کے جہاد کے متعلق رسولِ اکرم ﷺ کا فرمان ہے: "ہم چھوٹے جہاد سے بڑے جہاد کی طرف پلٹے۔" معلوم ہوا نفس کا جہاد تلوار کے جہاد سے بڑا ہے۔

نفس کا معنی ثانی یہ ہے کہ یہ وہ ربانی لطیفہ ہے جو روح اور قلب کے معانی میں سے ایک ہے، اور یہی حقیقتِ انسان ہے جس کی وجہ سے وہ تمام حیوانات سے ممتاز ہے۔ جب یہ صفات اللہ کے ذکر سے مزین ہوں تو اسے "نفسِ مطمئنہ" کہا جاتا ہے۔ اس درجے سے پہلے اس کی دو حالتیں ہیں: "نفسِ لوامہ" جو گناہوں پر ملامت کرتا ہے، اور "نفسِ امارہ" جو برائی کا حکم دیتا ہے۔ نفسِ مطمئنہ بہترین نفس ہے اور لوامہ ان دونوں کے درمیان ہے۔ یاد رہے! جیسے کھیتی آبپاشی چاہتی ہے یونہی قلب و روح کی آبپاشی یادِ کبریا اور ذکرِ خدا میں ہے۔

ذہن نشین رکھیں جتنا آپ اپنے نفس کو ذلیل کریں گے اتنا ہی رب العزت آپ کی عزت افزائی فرمائے گا۔ نفسانی خواہشات کی پیروی صریح گمراہی ہے۔ اللہ پاک قرآن میں فرماتا ہے کہ بھلا دیکھو تو وہ جس نے اپنی خواہشات کو اپنا خدا ٹھہرا لیا اور اللہ نے اسے علم کے باوجود گمراہ کر دیا، تو اللہ کے بعد اسے کون راہ دکھائے؟ [الجاثیہ: 23] عربی شاعر محمود وراق نے کہا ہے کہ تم نے اپنے نفس کو گمراہی کا آرزو مند بنا دیا ہے اور ایسی امیدیں باندھ رکھی ہیں جو محض نفس کی تسکین کے لیے ہیں اور حق سے ہٹ کر ہیں۔

مَنَّيْتَ نَفْسَكَ ضَلَّةً أَبَحْتَهَا
طُرُقَ الرَّجَاءِ وَهُنَّ غَيْرُ قَوَاصِدِ

جو شخص اپنے نفس پر قابو پا جائے، وہی وہ عظیم مجاہد ہے جس کے سائے سے شیطان بھی گھبراتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے نفس کے شر سے محفوظ فرمائے۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!