دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

عشقِ مصطفیٰ ﷺ کا ترجمان امام احمد رضا

عنوان: عشقِ مصطفیٰ ﷺ کا ترجمان امام احمد رضا
تحریر: شگفتہ فاطمہ
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

یہ مضمون ایک ایسے عاشقِ صادق، امامِ اہلِ سنت، اور مجددِ وقت کی سیرت و خدمات پر مبنی ہے جنہوں نے اپنے قلم و کردار سے عشقِ رسول ﷺ کی ایسی روشنی پھیلائی کہ جو آج بھی دلوں کو منور کر رہی ہے۔

ہر دور میں جب جہالت کے اندھیرے دنیا پر چھانے لگے، باطل نے سر اٹھایا، اور سنتِ مصطفیٰ ﷺ پر غفلت کی گرد جم گئی، تو ربِ کریم نے ایسے مجددینِ وقت کو پیدا فرمایا، جنہوں نے علم، بصیرت اور اخلاص کے ساتھ دینِ متین کا پرچم بلند کیا۔ انہوں نے سنتِ نبوی ﷺ کو زندہ کیا، گمراہ فرقوں کا رد فرمایا، اور امت کو صراطِ مستقیم کی طرف لوٹانے کا عظیم فریضہ انجام دیا۔

ایسے ہی مجددینِ دین میں ایک تابندہ اور روشن نام امام احمد رضا خان فاضل بریلوی رحمۃ اللہ علیہ کا ہے۔ آپ نہ صرف برصغیر ہند بلکہ عالمِ اسلام میں عشقِ رسول ﷺ، علمِ شریعت، اور ناموسِ رسالت ﷺ کے محافظ و ترجمان بن کر سامنے آئے۔ آپ نے ایسی تاریخ رقم کی جو آج بھی اہلِ سنت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

امام احمد رضا علیہ الرحمہ وقت کے جلیل القدر مفسر، محدث، فقیہ، نعت گو، عاشقِ رسول ﷺ اور سچے مجدد تھے۔ آپ نے صرف 13 برس کی عمر میں فتویٰ نویسی کا آغاز فرمایا، اور اپنی زندگی میں ایک لاکھ سے زائد فتاویٰ تحریر فرمائے جو آج فتاویٰ رضویہ کے نام سے موجود ہیں۔ آپ کے علم و فضل کا اعتراف صرف برصغیر کے علماء نے نہیں بلکہ عرب و عجم کے جلیل القدر علماء نے بھی کیا، اور آپ کو امامِ اہلِ سنت اور مجددِ ملت جیسے معزز القابات سے نوازا۔

آپ کی ساری زندگی عشقِ رسول ﷺ سے سرشار تھی۔ آپ نے کبھی بھی ناموس رسالت پر سودے بازی نہ کی۔ جب گمراہ فرقے حضور اکرم ﷺ کی شانِ اقدس میں گستاخی پر اتر آئے، تو آپ نے بے باکی، اور دلائل کے ساتھ ان کے باطل عقائد کا رد فرمایا۔ آپ نے امت کو یہ سکھایا کہ عشقِ مصطفیٰ ﷺ دین کی روح ہے، اور جو شخص اس جذبے سے خالی ہو، اس کا ایمان بے جان ہے۔ کمزور ہے۔

امام احمد رضا کا کلام، ان کی تحریریں، ان کے فتاویٰ، سب میں اتباعِ سنت، ادبِ رسالت، اور غیرتِ ایمانی جھلکتی ہے۔ آپ نے صرف قلمی خدمات ہی انجام نہیں دیں، بلکہ سلف صالحین کے طریقے پر چلتے ہوئے علم و عمل زہد و تقوى کے میدان میں بھی روشن مثال قائم کی۔

آپ کا نعتیہ کلام حدائقِ بخشش صرف اشعار نہیں بلکہ عشق رسول ﷺ کا ایسا آئینہ ہے، جس میں ایمان بھی جھلکتا ہے اور ادب بھی رقص کرتا ہے۔

آپ کا پیغام آج کے دور میں بھی اتنا ہی زندہ ہے جتنا اُس وقت تھا۔ جب آج کے فتنوں میں ایمان ڈگمگاتا دکھائی دے، تو امام احمد رضا کے افکار ہمیں استقامت کا راستہ دکھاتے ہیں۔ آپ نے دین کو تفرقے سے پاک کر کے محبتِ رسول ﷺ کو مرکزِ عقیدہ بنایا، اور یہ پیغام دیا کہ: محبتِ رسول ﷺ وہ چراغ ہے جو ہر اندھیرے میں روشنی دیتا ہے۔

لہٰذا آج کے دور میں امام احمد رضا کے تعلیمات کو اپنانا محض ایک عقیدت نہیں، بلکہ دین کی اصل روح سے جُڑنے کا راستہ ہے۔

الله عزوجل سے دعا ہے کہ ہمیں امام احمد رضا کی محبت، ادب اور علم سے فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ اور ان کی نقش قدم پر چلتے ہوئے دین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرماۓ آمین یارب العالمین

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

صراط لوگو
مستند فتاویٰ علماے اہل سنت
المفتی- کیـا فرمـاتے ہیں؟
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں