عنوان: | اے بہن اپنا ایمان نہ بیچ |
---|---|
تحریر: | غلمہ فاطمہ بصری |
پیش کش: | نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور |
اے میری بہن! اسلام نے ہمیں عزت دی مقام دیا حیاء عطا کی غیرت دی اور ہمیں جنت کا وارث بنایا ہمیں ماں بیوی بہن بیٹی کے روپ میں شان بخشی مگر افسوس آج کی کچھ مسلمان بہنیں اپنے رب کو بھلا کر اپنا ایمان بیچ رہی ہیں اپنے دین کو چھوڑ کر کفر کو اختیار کر رہی ہیں اور وہ نورانی راستہ جو جنت کی طرف جاتا ہے اسے چھوڑ کر جہنم کی طرف بڑھ رہی ہیں۔
اے بہن! کیا تُو جانتی ہے مرتد ہونا کیا ہے یہ اللہ سے بغاوت ہے رسول پاک ﷺ کی گستاخی ہے قرآن سے انکار ہے یہ ایمان کو اپنے ہاتھوں سے دفن کرنا ہے یہ دنیا و آخرت کی تباہی کا راستہ ہے۔
اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے
وَ مَنْ یَّرْتَدِدْ مِنْكُمْ عَنْ دِیْنِهٖ فَیَمُتْ وَ هُوَ كَافِرٌ فَاُولٰٓىٕكَ حَبِطَتْ اَعْمَالُهُمْ فِی الدُّنْیَا وَ الْاٰخِرَةِۚ (بقرہ:217)
ترجمہ: اور تم میں جو کوئی اپنے دین سے پھرے پھر کافر ہوکر مرے تو ان لوگوں کا کیا اکارت گیا دنیا میں اور آخرت میں۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
مَنْ بَدَّلَ دِينَهُ فَاقْتُلُوهُ (بخاری:3017)
ترجمہ: جو شخص اپنا دین تبدیل کر دے اسے قتل کر دو۔
یہ سزا صرف اسلامی حکومت کا حق ہے ہم پر صرف نصیحت فرض ہے۔ اے بہن! اگر تُو دین چھوڑ دے گی تو تیرا نکاح ٹوٹ جائے گا تیری نماز روزے عبادتیں سب ضائع ہو جائیں گی تُو جنت سے محروم ہو جائے گی تجھے مسلمانوں کے قبرستان میں دفن نہ کیا جائے گا قیامت کے دن تُو کافروں کے ساتھ کھڑی ہو گی اور سب سے دردناک بات تیرا رب تجھ سے ناراض ہو جائے گا۔
اے بہن! تُو ایسا کیوں کر رہی ہے کیا کسی غیر مسلم لڑکے کی جھوٹی محبت نے تجھے بہکا دیا کیا سوشل میڈیا کی پوسٹس نے تیرے دل سے ایمان چھین لیا کیا فلموں ڈراموں نے تیری شرم و حیاء کو ختم کر دیا کیا تیری تربیت میں دین شامل ہی نہ تھا کیا ماں باپ نے تجھے صرف دنیا کی تعلیم دی اور دین بھول گئے۔
اے ماؤں! اگر تم اپنی بیٹیوں کو صرف فیشن سکھاؤ گیاگر قرآن و حدیث نہ پڑھاؤ گی اگر ان کےموبائل دوستیوں معمولات پر نگاہ نہ رکھو گی تو وہ غیر مسلموں کے جال میں پھنس جائیں گی پھر ناجائز تعلقات جھوٹے وعدے نکاح کی باتیں اور پھر ایمان کا سودا ہوگا اور وہ دین چھوڑ کر کفر کی طرف جا پڑیں گی۔
اے بہن! یاد رکھ یہ دنیا فانی ہے محبت وقتی ہے یہ مرد دھوکہ دے سکتے ہیں لیکن تیرا رب نہ دھوکہ دیتا ہے نہ بے وفا ہے اسی نے تجھے پیدا کیا عزت دی ایمان دیا اور وعدہ کیا جو مجھ سے وفا کرے گا میں اُسے جنت دوں گا۔ بہن غیر مسلم سے محبت کرنا حرام ہے اس سے نکاح ناجائز ہے اس کے لیے دین چھوڑنا کفر ہے
کیا تُو اتنی بڑی قیمت پر اپنا ایمان بیچے گی اسلام میں عورت کا مقام کتنا بلند ہے تُو ماں ہے تو تیرے قدموں تلے جنت ہے تُو بیوی ہے تو شوہر کی رضا میں جنت ہے تُو بہن ہے تو بھائی کے لیے باعث رحمت ہے۔ تُو بیٹی ہے تو والدین کی نجات کا ذریعہ ہے پھر تُو یہ سب کچھ چھوڑ کر جہنم کیوں خرید رہی ہے۔
اے بہن! سنبھل جا پلٹ آ توبہ کر قرآن کو تھام لے نبی کی سنت کو اپنا لے حیاء کو اپنا لباس بنا پردہ کر نماز قائم کر اپنے رب سے سچا تعلق جوڑ ایمان کو اپنا زیور بنا اور جنت کو اپنی منزل بنا۔
اے مسلم قوم! اپنی بیٹیوں کی دینی تربیت کرو عقیدہ توحید رسالت آخرت کا شعور دو ان کے دلوں میں اللہ کا خوف اور محبت پیدا کرو تاکہ وہ دنیا کی چمک دمک کے بدلے اپنا دین نہ بیچیں۔
اے بہن! اگر تُو ایمان پر مر گئی تو جنت کے دروازے تیرے لیے کھلیں گے فرشتے خوشبوئیں لے کر آئیں گے اور تُو جنت الفردوس کی ملکہ بنے گی لیکن اگر تُو مرتد ہو گئی تو قبر تنگ ہو جائے گی جہنم کی آگ تجھے گھیر لے گی نہ ماں ہو گی نہ باپ نہ دوست بس عذاب ہو گا اور حسرتیں۔
آج بھی وقت ہے پلٹ آ توبہ کر رب سے معافی مانگ اللہ بڑا معاف کرنے والا ہےاور تُو دنیا و آخرت کی کامیاب ترین بہن بن جائے گی۔ اے اللہ ہماری بہنوں کو دین پر استقامت عطا فرما انہیں ہر فتنہ ہر گمراہی ہر شیطان سے محفوظ رکھ اور ہمیں ان کی سچی دینی تربیت کی توفیق عطا فرما۔ آمین یا رب العالمین