محرم الحرام کی اسلامی تاریخ میں اہمیت | اے۔ایس۔رضویہ

محرم الحرام کی اسلامی تاریخ میں اہمیت
عنوان: محرم الحرام کی اسلامی تاریخ میں اہمیت
تحریر: اے۔ایس۔رضویہ

اسلامی سال کا آغاز محرم الحرام سے ہوتا ہے، جو عظمت و حرمت والا اور بے شمار فضائل و برکات سے مزین مبارک مہینہ ہے۔ یہ عظمت والا مہینہ مسلمانوں کے دلوں میں تقویٰ، صبر، استقامت اور حق کی سربلندی کے لیے قربانی کا جذبہ پیدا کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی کامل اطاعت کی تعلیم دیتا ہے۔

محرم حرمت والے مہینوں میں سے ہے

محرم الحرام ان چار حرمت والے مہینوں میں سے ایک ہے، جن کا ذکر قرآنِ کریم میں نہایت عظمت اور احترام کے ساتھ کیا گیا ہے۔ اللہ رب العزت قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے:

إِنَّ عِدَّةَ الشُّهُوْرِ عِنْدَ اللّٰهِ اثْنَا عَشَرَ شَهْرًا فِيْ كِتَابِ اللّٰهِ يَوْمَ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ مِنْهَا أَرْبَعَةٌ حُرُمٌ [سورۃ التوبۃ: 36]

ترجمۂ کنز الایمان: بیشک مہینوں کی گنتی اللہ کے نزدیک بارہ مہینے ہیں اللہ کی کتاب میں جب سے اس نے آسمان و زمین بنائے ان میں سے چار حرمت والے ہیں۔

مفسرینِ کرام فرماتے ہیں کہ یہ چار حرمت والے مہینے ذوالقعدہ، ذوالحجہ، محرم الحرام اور رجب ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ان مہینوں کو خاص عزت و حرمت عطا فرمائی ہے، اس لیے ان میں گناہوں سے بچنے، نیک اعمال زیادہ کرنے اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت و عبادت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تاکید فرمائی گئی ہے۔

احادیث کی روشنی میں محرم الحرام کے فضائل

ایک شخص پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوا اور عرض کی: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے علاوہ میں کس مہینے میں روزے رکھوں؟

حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اگر تم نے رمضان کے بعد کسی مہینے کے روزے رکھنے ہوں تو محرم کے روزے رکھو کہ یہ اللہ پاک کا مہینا ہے، اس مہینے میں ایک دن ہے جس میں اللہ عزوجل نے ایک قوم کی توبہ قبول فرمائی اور دوسروں کی توبہ بھی قبول فرمائے گا۔ [مسند امام احمد، ج: 5، ص: 327، حدیث: 1334، دار الفکر، بیروت]

اس حدیثِ مبارکہ سے واضح ہوتا ہے کہ محرم الحرام اللہ تعالیٰ کی عبادت، ذکر اور نفلی روزوں کے ذریعے اس کا قرب حاصل کرنے کا نہایت بابرکت مہینہ ہے۔

اسلامی تاریخ میں یومِ عاشورا کی فضیلت و اہمیت

یومِ عاشورا یعنی محرم الحرام کی دسویں تاریخ، اسلام میں ایک نہایت بابرکت اور عظمت والا دن ہے۔ یہ دن رب العالمین کی رحمتوں، برکتوں اور خصوصی نعمتوں سے بھرپور ہے۔ اسی لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دن کی اہمیت کو بیان فرمایا اور مسلمانوں کو اس دن روزہ رکھنے کی ترغیب دی، تاکہ وہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور اجرِ عظیم حاصل کر سکیں۔

یومِ عاشورا کے متعلق اہم تاریخی واقعات

اس مبارک دن سے متعلق متعدد اہم واقعات منقول ہیں، جن میں سے چند درج ذیل ہیں:

  1. اسی دن حضرت موسیٰ علیہ السلام کو فرعون پر فتح ملی۔

  2. حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی جودی پہاڑ پر ٹھہری۔

  3. حضرت یونس علیہ السلام کو مچھلی کے پیٹ سے نجات ملی۔

  4. حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی۔

  5. حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت ہوئی اور آپ آسمان پر اٹھائے گئے۔

  6. حضرت داؤد علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی۔

  7. حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ولادت ہوئی۔

  8. حضرت یعقوب علیہ السلام کی بینائی لوٹ آئی۔

  9. حضرت ادریس علیہ السلام آسمان پر اٹھائے گئے۔

  10. حضرت ایوب علیہ السلام کی آزمائش دور ہوئی۔

  11. حضرت سلیمان علیہ السلام کو بادشاہت عطا ہوئی۔

  12. حضرت یوسف علیہ السلام کنویں سے نکالے گئے۔ [عمدۃ القاری، ج: 8، ص: 233، دار الفکر، بیروت]

یومِ عاشورا کی یہ مبارک نسبتیں اس کی عظمت کو واضح کرتی ہیں، اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اس دن کے روزے کی فضیلت بیان فرما کر امت کو اس کی ترغیب عطا فرمائی ہے۔

عاشورا کے روزے کی فضیلت

محرم کے ایک دن کے روزے کا ثواب

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: محرم الحرام کے ہر دن کا روزہ ایک ماہ کے روزوں کے برابر ہے۔ [معجم صغیر، ج: 2، ص: 71]

ایک سال کے گناہ مٹ جائیں

حضرت سیدنا ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسولِ اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے اللہ تعالیٰ پر گمان ہے کہ عاشورا کا روزہ ایک سال پہلے کے گناہ مٹا دیتا ہے۔ [مسلم، ص: 454، حدیث: 2746]

ان احادیثِ مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ محرم الحرام، خصوصاً یومِ عاشورا کا روزہ، بہت بڑی فضیلت اور اجر و ثواب کا باعث ہے۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ یومِ عاشورا کے روزے کا اہتمام کریں اور اس مبارک دن کی برکتوں اور فضیلتوں سے بھرپور فائدہ حاصل کریں۔

کربلا کا ایک عظیم پیغام

اسلامی تاریخ کا سب سے عظیم اور دردناک واقعہ واقعۂ کربلا ہے۔ اسی واقعے میں نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیارے نواسے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنے اہلِ خانہ اور وفادار ساتھیوں کے ساتھ دینِ اسلام کی سربلندی، حق کی حمایت اور باطل کی مخالفت میں عظیم قربانی پیش کی۔

اہلِ سنت والجماعت حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں، اور آپ کو جنتی نوجوانوں کے سردار مانتے ہیں۔ آپ کی شہادت ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ مسلمان کو ہر حال میں حق پر قائم رہنا چاہیے، دین کی خاطر قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے اور باطل کے سامنے کبھی سر نہیں جھکانا چاہیے۔

جدید تر اس سے پرانی
Advertisement
Advertisement
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!