| عنوان: | سوشل میڈیا اور ہماری نئی نسل |
|---|---|
| تحریر: | محمد ثاقب نظامی |
اس ترقیاتی دور نے جہاں نئی نسل کو بہت کچھ دیا وہیں ان سے ان کی عظیم دولتیں بھی چھین لیں۔ سوشل میڈیا نے ہماری نئی نسل کو خوفناک حد تک متاثر کردیا ہے جس سے ہمارے نوجوانوں میں عدم برداشت، بداخلاقی اور بدکرداری کے آثار نظر آتے ہیں۔ زندگی کی اس دوڑ دھوپ اور اپنی خواہشات کی تکمیل میں نئی نسل بہت دور نکل چکی ہے اور اخوت، محبت، بھائی چارگی اور خیر سگالی ان سے بہت پیچھے رہ گئی ہیں۔
بے اصول طرزِ زندگی اور اس کے اثرات
صبح دیر سے جگنا، غسل و ناشتہ سے فارغ ہوکر اس روز کا بیشتر حصہ سوشل میڈیا اور لہو و لعب میں خرچ کرنا، شام دیر سے گھر لوٹنا اور پھر رات دیر تک جاگنا—نئی نسل نے اسے ہی زندگی سمجھ رکھا ہے، لیکن افسوس! یہ نہ زندگی بسر کرنے کا طریقہ ہے اور نہ ہی ایسی زندگی کو زندگی کہتے ہیں۔ اس بے اصول طرزِ زندگی کی وجہ سے اب یہ نسل نہ صرف اپنے والدین سے دور ہوچکی ہے بلکہ یہ اپنی معاشرتی ذمہ داریوں اور عبادات سے بھی پہلو تہی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
حل اور اصل ضابطۂ حیات
ان سب کو ایک ہی چیز واپس لا سکتی ہے اور وہ ہے اللہ کا بنایا ہوا نظام یعنی پنجگانہ نماز کے اوقات! اگر کوئی صبح فجر کی نماز کے لیے اٹھے تب اس کا پورا دن ترتیب سے گزرے گا، اور وہ رات میں بھی وقت پر سوئے گا۔ اس طرح ان کی صحت بھی سلامت رہے گی اور وہ مذہبی اور معاشرتی ذمہ داریوں کو بھی ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے ان شاء اللہ۔
فَبِأَيِّ آلاءِ رَبِّكُمَا تُكَذِّبَانِ
اور تم اللہ کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے؟
