عنوان: | غزہ کی گلیوں سے ایمان کا پیغام |
---|---|
تحریر: | بنت اسلم برکاتی |
پیش کش: | نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور |
ہم نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی قربانیوں کو نہیں دیکھا، اُن کی ایمانی قوت، دین کی خاطر جد و جہد، ہجرتیں، اللہ پر توکل، جنگوں میں تلاوتِ قرآن اور کفار کے درمیان نماز اور روزے کی پابندی کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا۔
لیکن آج ہم اپنی آنکھوں سے اہل فلسطین اور غزہ والوں کی قربانیاں دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے ان کی ایمانی قوت، مسجد اقصیٰ کی خاطر جہد مسلسل، ان کہ ہجرتیں، اللہ پر کامل یقین، بم دھماکوں کے درمیان تلاوتِ قرآن اور سب کچھ ختم ہو جانے کے باوجود صوم و صلوٰۃ کی پابندی کو دیکھا ہے۔
ایسے تکلیف دہ حالات میں بھی وہ فرائض و واجبات کی ادائیگی میں ذرہ برابر بھی کوتاہی نہیں کر رہے ہیں۔۔ اور ایک ہم ہیں کہ نمازیں ہم سے ادا نہیں ہوتیں، روزے ہم سے نہیں رکھے جاتے، پردہ ہم سے نہیں کیا جاتا اور قرآن مجید کی تلاوت تو دور؛ مخارج اور تجوید سے ہی نا آشنا ہیں۔ اتنا سب کچھ دیکھنے کے بعد اگر ہمارا دل نہ بدلے۔
اللہ ایمان والوں کی نشانیوں کو ہر دور میں ظاہر کرتا ہے۔۔۔۔ کبھی بدر و اُحد کے میدان میں، اور کبھی غزہ کی گلیوں میں۔۔۔۔۔ یہ وقت ہے کہ ہم صرف دیکھنے والے نہ رہیں، بلکہ عمل کرنے والے بنیں اور کچھ کر گزرنے والے بنیں۔
اللہ کریم ہمیں سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے اور نیک اعمال کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے۔ آمین اللہم آمین یارب العالمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم!