دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

ماں کی خاموش دعا

عنوان: ماں کی خاموش دعا
تحریر: شگفتہ فاطمہ
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

ماں کی دعا ایسی چھاؤں ہے جو تپتی دھوپ میں ٹھنڈی ہوا بن کر میری روح کو سکون دیتی ہے۔ اس دعا کی نہ کوئی آواز ہوتی ہے، نہ کوئی دکھاوا۔ بس دل سے نکلی ہوئی ایک فریاد ہوتی ہے جو خاموشی سے آسمانوں تک پہنچ جاتی ہے۔ میری ہر کامیابی کے پیچھے میری ماں کی دعا ہے۔

جب کبھی مجھے دُکھ پہنچتا یا دل اداس ہوتا، تو امی کی آنکھیں بھیگ جاتیں اور وہ خاموشی سے ہاتھ اُٹھا کر میرے لیے دعا کرتیں۔ اُن کی وہ دعا میری مشکلیں آسان کر دیتی، میرا بوجھ ہلکا ہو جاتا اور دل کو سکون ملتا۔

مجھے آج بھی وہ رات یاد ہے جب میں سخت بخار سے تڑپ رہی تھی۔ نہ دوا اثر کر رہی تھی نہ نیند آ رہی تھی۔ امی پوری رات میرے سرہانے بیٹھی رہیں۔ ایک ہاتھ میرے ماتھے پر تھا اور دوسرا آسمان کی طرف بلند—وہ خاموشی سے میرے لیے دعا مانگتی رہیں۔ صبح ہوئی تو طبیعت بہتر ہو چکی تھی۔ یہ کسی دوا کا نہیں، ماں کی آنکھوں سے نکلی ہوئی دعا کا اثر تھا۔

ماں کی دعا ایسی ڈھال ہے جو نظر تو نہیں آتی لیکن ہر مصیبت کو روک لیتی ہے۔ یہ نہ صرف زندگی سنوارتی ہے بلکہ دنیا و آخرت میں بھی کامیابی کا ذريعہ ہے۔

الله عزوجل نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا:

اخْفِضْ لَهُمَا جَنَاحَ الذُّلِّ مِنَ الرَّحْمَةِ وَ قُلْ رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّیٰنِیْ صَغِیْرًا (الإسراء،: 24)

ترجمۂ کنزالایمان: اور ان دونوں کے لیے عاجزی کا بازو بچھاؤ رحمت کے ساتھ اور عرض کرو: اے میرے رب! اُن دونوں پر رحم فرما، جیسا اُنہوں نے مجھے بچپن میں پالا تھا۔

ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے والدین کے لیے دعا کو اپنے روزانہ کے معمولات کا شامل حصہ بنائیں۔ اور ان کی صحت و تندرستی ایمان و عافیت کی دعائیں کرتے رہیں۔

حدیثِ مبارکہ میں ہے کہ ایک شخص نے عرض کیا: “یا رسولَ اللہ! میرے حسنِ سلوک کا سب سے زیادہ حق دار کون ہے؟” آپ ﷺ نے فرمایا: تمہاری ماں۔ اس نے پوچھا: پھر کون؟ فرمایا: تمہاری ماں۔ اس نے پھر پوچھا: پھر کون؟ فرمایا: تمہاری ماں۔ چوتھی بار پوچھنے پر فرمایا: تمہارا باپ۔ (البخاری: ۵۹۷۱)

جن کے پاس ماں کا سایہ موجود ہے، وہ خوش نصیب ہیں۔ ان کی قدر کریں، ان سے محبت کا اظہار کریں، ان کے ساتھ وقت گزاریں۔ کیونکہ جب ماں چلی جاتی ہے تو صرف یادیں اور دعائیں باقی رہ جاتی ہیں۔

یا اللہ! ہمارے والدین کو سلامت رکھ، ان پر اپنی خاص رحمت نازل فرما، اور ہمیں اُن کی قدر اور خدمت کی توفیق عطا فرما۔ آمین یا ربَّ العالمین۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں۔