| عنوان: | مقصد حیات |
|---|---|
| تحریر: | مفتیہ نازیہ فاطمہ |
| پیش کش: | نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور |
انسانی زندگی محض کھانے، پینے، سونے اور جاگنے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک عظیم مقصد کے تحت تخلیق کی گئی ہے۔ جب ہم فطرت کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ کائنات کی ہر شے کسی نہ کسی مقصد کے لیے وجود میں آئی ہے۔
سورج روشنی اور حرارت مہیا کرتا ہے، چاند رات کی تاریکی میں اجالا کرتا ہے، دریا پیاس بجھاتے ہیں اور درخت ہمیں سایہ، پھل اور آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔ جب غیر ذی شعور مخلوق کا کوئی مقصد ہے، تو انسان جیسی اشرف المخلوقات کی زندگی بےمقصد کیسے ہو سکتی ہے؟
ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زندگی کے مقصد کو جانیں، سوچیں ہمیں کیوں پیدا کیا۔ آئیے اس بارے میں قرآن پاک سے رہنمائی لیتے ہیں۔ قرآنِ پاک میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ (الذاریات: 56)
ترجمہ کنز الایمان: "اور میں نے جنّات اور انسانوں کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے۔"
اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ انسان کی اصل تخلیق کا مقصد اللہ کی عبادت اور اس کی رضا کا حصول ہے۔ عبادت صرف نماز، روزہ اور حج تک محدود نہیں بلکہ زندگی کا ہر عمل جو اللہ کی رضا کے لیے ہو، عبادت کہلاتا ہے۔ کسی کی مدد کرنا، علم حاصل کرنا، رزقِ حلال کمانا، والدین کی خدمت کرنا۔ یہ سب اللہ کی رضا کے لیے ہو تو یہی انسان کا مقصدِ حیات بن جاتا ہے۔
اسلام ہمیں ایک متوازن زندگی گزارنے کا درس دیتا ہے۔ نہ صرف دین بلکہ دنیاوی ذمہ داریوں کو بھی اہمیت دیتا ہے۔ ایک مسلمان کا مقصدِ حیات یہ ہونا چاہیے کہ وہ اپنی زندگی کو اس طریقے سے گزارے جو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو پسند ہو۔
موجودہ دور میں جب بہت سے لوگ مقصدِ زندگی سے غافل ہو کر صرف دنیاوی فائدے اور لذتوں کے پیچھے بھاگ رہے ہیں، تو ایسے میں ہر باشعور انسان پر لازم ہے کہ وہ اپنی زندگی کا محاسبہ کرے، اور یہ سوچے کہ وہ کس لیے پیدا ہوا ہے، اور کس طرف جا رہا ہے۔
کیوں کہ اگر ہمارے پاس کوئی واضح مقصد نہ ہو، تو زندگی بے مقصد ہو کر گزرتی ہے اور ہم دنیا کی عارضی چیزوں میں الجھ جاتے ہیں۔ بے مقصد زندگی بغیر روح کے جسم کی طرح ہے۔
ایک بامقصد زندگی ہی انسان کو سکون، کامیابی اور نجات کا راستہ دکھاتی ہے۔ جب انسان اپنے مقصدِ حیات کو پہچان لیتا ہے، تو اس کی زندگی منظم، باوقار اور نتیجہ خیز ہو جاتی ہے۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے خالق کی رضا کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں اور اسی کی روشنی میں اپنی تمام سرگرمیاں سرانجام دیں۔
میری زندگی کا مقصد تیرے دیں کی سرفرازی میں اسی لیے مسلماں میں اسی لیے نمازی
اللہ تبارک وتعالی ہمیں اپنی زندگی کے اصل مقصد کو سمجھنے اور اس کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
