عنوان: | محنت کی برکت |
---|---|
تحریر: | عالمہ ام الورع ایوبی |
پیش کش: | نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور |
خدا نے آج تک اُس قوم کی حالت نہیں بدلی نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا
انسانی تاریخ گواہ ہے کہ محنت کرنے والے لوگ کبھی ناکام نہیں ہوتے۔ وہی اقوام دنیا میں ترقی کرتی ہیں جو کام کو عبادت سمجھتی ہیں، اور محنت کو زندگی کا لازمی جزو بناتی ہیں۔ محنت انسان کو عزت، مقام اور کامیابی کی بلندیوں تک لے جاتی ہے۔
محنت ایک ایسی کنجی ہے جو بند قسمتوں کو بھی کھول دیتی ہے۔ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں، بلکہ یہ صرف مسلسل جدوجہد، استقامت اور قربانی سے ہی حاصل ہوتی ہے۔ جیسے پھول کھلنے سے پہلے کانٹوں کا سامنا کرتے ہیں، ویسے ہی کامیابی بھی محنت کے بعد ہی میسر آتی ہے۔
محنت سے گھبرا کر کبھی پیچھے نہ ہٹو کیوں کانٹے وہی چنتے ہیں جو پھولوں کو چننے کی چاہ رکھتے ہیں تحصیلِ علم کے لیے محنت سب سے زیادہ ضروری ہے۔ جو طالب علم سستی چھوڑ کر دلجمعی سے پڑھتا ہے، وہی ایک دن ڈاکٹر، انجینئر، عالم، مفتی یا لیڈر بنتا ہے۔ یہی وہ محنت ہے جو معمولی انسان کو غیر معمولی بنا دیتی ہے۔
جو تھک کے بیٹھ گئے منزل کے پاس آ کر وہ کیا سمجھیں گے مزہ کامرانی کا
قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
وَأَنْ لَيْسَ لِلْإِنسَانِ إِلَّا مَا سَعَىٰ (النجم:39)
ترجمہ: اور یہ کہ انسان کو وہی کچھ ملے گا جس کی اُس نے کوشش کی۔
یہ آیت اس بات کا ثبوت ہے کہ اللہ تعالیٰ خود محنت کی قدر فرماتا ہے، اور بندے کی کوشش رائیگاں نہیں جاتی۔ اسی طرح، انسان کی فطری کمزوری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا:
وَكَانَ ٱلْإِنسَـٰنُ عَجُولًۭا (الاسراء:11)
ترجمہ: اور انسان بڑا ہی جلد باز ہے۔
لہٰذا ہمیں جلد بازی کی بجائے صبر، ثابت قدمی اور محنت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے اگر ایک چھوٹی سی چیونٹی مسلسل گر کر اُٹھتی ہے، اور بالآخر اپنی غذا کو منزل تک لے جاتی ہے، تو ہم کیوں ہار مانیں؟ ہم تو اشرف المخلوقات ہیں، ہمیں اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر کامیابی کی طرف بڑھنا چاہیے۔
یہی قانونِ فطرت ہے، یہی پیغامِ ہستی ہے جو گر کے پھر سنبھل جائے، وہی انساں کی ہستی ہے آخر میں یہی کہوں گی کہ محنت کامیابی کی سیڑھی ہے۔ دنیا میں وہی لوگ عزت پاتے ہیں جو دن رات محنت کرتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زندگی کا مقصد طے کریں، سستی اور کاہلی سے بچیں، اور ہر میدان میں محنت کو اپنا ہتھیار بنائیں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو زیادہ سے زیادہ محنت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین، بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم