✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!
اب آپ مضامین کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ 🎧 سن🎧 بھی سکتے ہیں۔ سننے کے لیے بولتے مضامین والے آپشن پر کلک کریں۔

صحبت کا اثر

عنوان: صحبت کا اثر
تحریر: مفتیہ نازیہ فاطمہ
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

انسان کے اخلاق کا اندازہ اس کے عمل سے ہوتا ہے، اور عمل کی قوت صحبت پر منحصر ہے۔ جیسی صحبت ہوگی، ویسے اعمال اور اخلاق و رویے ہوں گے۔ جیسے ایک درخت کی خوبی اس کی شاخوں اور پھل سے معلوم ہوتی ہے۔

انسان سب سے زیادہ اپنے دوستوں کا اثر قبول کرتا ہے۔ جس طرح ہوا پھولوں سے گزرتی ہے تو اپنے ساتھ خوش بو لے آتی ہے، اسی طرح جب گندگی کے ڈھیر سے گزرتی ہے تو اپنے ساتھ بدبو لے آتی ہے۔

امام غزالی رحمۃُ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ برے دوست کی سنگت اور صحبت انسان کے لیے شیطان سے زیادہ نقصان دہ ہے، اس لیے کہ شیطان انسان کے اندر صرف وسوسے ڈالتا ہے، لیکن دوست انسان کو برائی کرنے پر مجبور کرتا ہے۔

ہم دیکھتے ہیں کہ نشہ کرنے والوں کی صحبت میں رہنے والے بچے بھی نشہ کرنے لگتے ہیں۔ اسی طرح چور کی سنگت بچوں میں چوری کی عادت پیدا کرے گی۔ ناچنے، گانے اور بجانے والوں کی صحبت میں رہ کر بچے بھی وہی کرنے لگتے ہیں۔ جب کہ نیک اور اچھے لوگوں کی صحبت میں بچے اچھے اخلاق و اطوار سیکھتے ہیں۔ عالم فاضل کی صحبت میں علم، ہنرمند بچوں کی صحبت میں ہنر سیکھتے ہیں۔ بہرحال، بچے اپنے دوستوں سے پہچانے جاتے ہیں۔

قرآن و سنت میں بار بار تاکید کے ساتھ صالحین کی صحبت اختیار کرنے، مجالسِ خیر میں بیٹھنے اور بری صحبت سے گریز کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

یَا أَیُّهَا الَّذِینَ آمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِینَ (التوبہ:۱۱۹)

ترجمہ کنزالایمان: اے ایمان والو! اللہ سے ڈرتے رہو اور سچے لوگوں کی صحبت اختیار کرو۔

ایک موقع پر آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

لَا تُصَاحِبْ إِلَّا مُؤْمِنًا، وَلَا یَأْکُلْ طَعَامَکَ إِلَّا تَقِیٌّ۔ (ابوداؤ:۴۸۳۲)

مومن کے سوا کسی کو دوست نہ بناؤ، اور تمہارا کھانا صرف پرہیزگار ہی کھائے۔

محبت و دوستی

دوستوں کے عقائد و اعمال اور افکار و نظریات انسان پر بہت گہرا اثر ڈالتے ہیں؛ اس لیے دوست کے انتخاب سے پہلے بہت غور و فکر کی ضرورت ہے۔

پیارے حبیب، سرکارِ مصطفیٰ ﷺ نے ارشاد فرمایا:

الْمَرْءُ عَلٰی دِیْنِ خَلِیْلِه، فَلْیَنْظُرْ أَحَدُكُمْ مَنْ یُخَالِلُ۔ (الترمذی: ۲۳۷۸)

انسان اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے، اس لیے تم میں سے ہر شخص کو دیکھنا چاہیے کہ وہ کس سے دوستی کر رہا ہے۔

جس طرح اہلِ صدق و اہلِ تقویٰ کی صحبت انسان کی زندگی پر مثبت اثر ڈالتی ہے، اسی طرح برے لوگوں کی صحبت اور ہم نشینی کے منفی اثرات بھی زندگی پر پڑتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے ایک مثال کے ذریعے اس کی وضاحت فرمائی۔ آپ ﷺ نے فرمایا:

برے ہم نشین اور اچھے ساتھی کی مثال عطار اور لوہار کی سی ہے۔ اچھا ساتھی عطر فروش کی طرح ہے، کہ یا تو وہ تمہیں عطر تحفہ دے گا یا تم اس سے عطر خرید لوگے، یا کم از کم تم اس کے پاس سے اس کی خوشبو لے کر آؤ گے۔ برا ساتھی بھٹی میں دھونکنے والے کی طرح ہے، جو یا تو تمہارے بدن اور کپڑے کو جلا دے گا یا تم اس کی بدبو پاؤ گے۔"

بروں کی صحبت دین و ایمان کو تباہ کر دیتی ہے اور انسان کو راہِ حق سے پھیر دیتی ہے۔ بروں کو دوست رکھنے والا قیامت میں پشیمان اور شرمندہ ہوگا۔

قرآن فرماتا ہے کہ وہ کہے گا:

یَا وَیْلَتَىٰ لَیْتَنِی لَمْ أَتَّخِذْ فُلَانًا خَلِیْلًا۔ (الفرقان:۲۸)

ہائے افسوس! کاش میں فلاں کو اپنا دوست نہ بناتا۔ اس کے برخلاف نیکوں کی صحبت بگڑے ہوؤں کو سنوار دیتی ہے، ان کی نگاہ کا فیض مسِ خام کو کندن بنا دیتا ہے۔ قتل و غارت گری کے خوگر اور انسانیت کے دشمن جب ان کی صحبت میں بیٹھتے ہیں تو امن کے سفیر اور حق کے پرستار بن کر نکلتے ہیں۔

نبی کریم ﷺ کے فیضِ صحبت نے حضراتِ صحابہ کو آسمانِ ہدایت کا درخشندہ ستارا بنا دیا۔ یہ آپ ﷺ کی صحبت کا فیض تھا کہ ذرے آفتاب و ماہتاب بن گئے، جو گم کردہ راہ تھے وہ اوروں کے ہادی بن گئے۔

موجودہ دور فتنوں کی طغیانی کا ہے۔ سوشل میڈیا بے حیائی کا دور ہے۔ ایسے وقت میں بری صحبت اور برے ماحول سے خود بھی بچا جائے اور دوسروں کو بھی اس سے بچنے کی تلقین کی جائے۔

اپنے بچوں کو نیک لوگوں کی صحبت میں بیٹھنے کی تلقین کریں، انہیں بُرے دوستوں سے دور رکھیں، اُن کی حرکات و سکنات پر نظر رکھیں: وہ کہاں جاتے ہیں؟ کس کے پاس بیٹھتے ہیں؟ کیسے بچوں کے ساتھ کھیلتے ہیں؟ وغیرہ۔

اللّٰہ تعالیٰ ہمیں بُرے لوگوں سے دوستی رکھنے اور ان کی صحبت اختیار کرنے سے محفوظ فرمائے، اور نیک و پرہیزگار لوگوں سے میل جول رکھنے اور ان کی صحبت اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

صراط لوگو
مستند فتاویٰ علماے اہل سنت
المفتی- کیـا فرمـاتے ہیں؟
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں