عنوان: | میں حسینی ہوں |
---|---|
تحریر: | المیرا قادریہ رضویہ |
پیش کش: | نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور |
الحمدللہ عزوجل، عنوان سے یہ بات صاف ظاہر ہو رہی ہے کہ یہ تحریر/ مضمون اُن کے لیے ہے جو امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے عاشق ہیں، جن کے دلوں میں حسنین کریمین، اہلِ بیتِ اطہار اور شہدائے کربلا کی عقیدت خون کی طرح دوڑ رہی ہے۔ رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین۔
اللہ کے فضل و کرم سے ہم (اہلِ سنت والجماعت) ہی اصلی حسینی ہیں۔ حسینی ہونے کا دعویٰ کرنے والے لاکھ صحیح، مگر سچا وہی ہے جو اُن کے طریقے پر ہے۔ اور اہلِ سنت کا معنی ہی یہ ہوتا ہے کہ حضور ﷺ اور اُن کے صحابہ رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کے طریقے پر چلنے والے۔ الحمدللہ ثم الحمدللہ، اللہ تعالی کا عظیم فضل و کرم ہے کہ ہم اس پاک گروہ (اہلِ سنت) میں آتے ہیں، جو حقیقی حسینی ہیں۔ اور ہمارے اسی حسینی رنگ کو مزید نکھارنے اور پکا بنانے کے لیے، زیرِ نگرانی محترمہ "سلمیٰ شاہین امجدی (کردارِ فاطمی)"، پیش کش "نوائے قلم" کے تحت 10 قسطوں پر مشتمل ایک خوب صورت سلسلے کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں ایک سچے حسینی میں کیا خوبیاں ہوتی ہیں، ان کا ذکر کیا جائے گا، جس سے ہم اپنے حسینی ہونے کے دعوے کو مزید مضبوط بنا سکیں گے۔
حسین ایک علامت ہے زندگی کے لیے
حسین عزمِ سفر ہے مسافری کے لیے
فطرت کی مصلحت کا اشارہ حسین ہے
قربان یوں کی آنکھ کا تارا حسین ہے۔
وہ اس لیے لڑے کہ ستم کو مٹا سکیں
پھر کیوں نہ ہم کہیں کہ ہمارا حسین ہے۔
ساتھ ہی ان 10 قسطوں میں میدانِ کربلا میں امام حسین کے قافلے کا حال، ان کے فضائل، وہاں حسینی قافلے کی خواتین کے پردے کا حال، حسینی قافلے کی زبانوں پر کون سے نغمات تھے، ان کے صبر اور رضائے خدا میں راضی رہنے کا کیا درجہ تھا، حسنین کریمین کا اپنے والدین کے ساتھ ادب کا کیسا تعلق تھا، ان کے قافلے والوں نے کس طرح اپنے وقت کا حقیقی فائدہ اٹھایا، دشمنوں سے کس قدر خیر خواہی کا اظہار کیا، ان کی سخاوت اور صدقہ کرنے کا جذبہ کس قدر عظیم تھا، کس طرح انہوں نے حق کا علم بلند کیا، ان کا دینِ حق کو بچانے اور پھیلانے کا جذبہ، راہِ خدا میں خود کو قربان کرنے کا شوق، اور بھی بہت کچھ بیان کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان شاءاللہ عزوجل۔
ان 10 قسطوں میں ایک حسینی کی کون سی خصوصیات بتائی جائیں گی؟
-
ایک حسینی کی نگاہوں کی حیا اور لباس کیسا ہوتا ہے۔
-
ایک حسینی کی زبان کس قدر نرم اور حسنِ کلام سے پُر ہوتی ہے۔
-
جب مصیبت، پریشانی یا کوئی غم پہنچتا ہے، تو ایک حسینی کے دل کا حال کیا ہوتا ہے؟ کس انداز میں صبر کرتا ہے؟
-
ایک حسینی کا اپنے والدین کے ساتھ کیسا سلوک ہوتا ہے۔
-
ایک حسینی اپنے وقت کا استعمال کیسے کرتا ہے۔
-
ایک حسینی نفرت کا بدلہ کس طرح دیتا ہے۔
-
ایک حسینی بھلائی اور صدقات کے ذریعہ کس طرح مقبولیت حاصل کرتا ہے۔
-
ایک حسینی بات کرتا ہے تو اس کی بات میں حق و سچ ہوتا ہے یا جھوٹ و منافقت؟
-
ایک حسینی اپنے دین کی خدمت و ترقی کے لیے کیا کرتا ہے۔
- ایک حسینی کس طرح اللہ کی رضا کے سامنے سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ رکھتا ہے اور وقت آنے پر کر دکھاتا ہے۔
اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا ہے کہ اس کوشش کو قبول فرمائے اور امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے ذکرِ خیر کے صدقہ ہماری سیاہیوں کو حسینی رنگ میں تبدیل فرما دے اور ہمیشہ ان کے غلاموں میں ہمارا نام شامل رکھے۔ آمین یا رب العالمین بجاہ النبی الامین ﷺ