| عنوان: | مسلم عورتوں میں ایک تباہ کن ٹریڈ |
|---|---|
| تحریر: | مریدہ مفتی اعظم کَچھ (بنت عثمان ہنگورہ) |
| پیش کش: | نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور |
کچھ دنوں سے ایک نیا ٹرینڈ شروع ہوا ہے جس میں ولوگر (vlogger) بھولی مسلمان جوان باپردہ عورتوں کو بیوٹی رویل (reveal beauty) کا نام دے کر تباہی کی راہ پر لے جا رہے ہیں۔
ولوگر (vlogger) کسی باپردہ عورت سے ملتی ہے اور اسے یوں بہکاتی ہے کہ تم نے برقع و چادر سے اپنے جسم کو ڈھانپ رکھا ہے سب کو ایسا لگے گا کہ تم حسین و خوب صورت نہیں ہو یا تمہیں سجنا سنورنا نہیں آتا وغیرہ باتیں بنا بنا کر اس بیچاری کا دل چھوٹا کر دیتی ہے۔
پھر اسے دعوت دیتی ہے کے چلو تمہاری خوب صورتی رویل (reveal/ ظاہر) کرتے ہیں۔ تم فیشنیبل لباس پہنو اور خوب تیار ہو جاؤ پھر ہم تمہارا ویڈیو/ریل اور ولوگ بنا کر پوسٹ کریں گے جس میں تمہارے چہرے کو کٹ کر دیں گے۔ یعنی تمہارے چہرے کے حصہ پر ایموجی ڈال دیں گے باقی جسم بے حیاء شورٹ لباس میں لوگ دیکھیں گے۔
فیشن کے نام پر اسے خوب بے حیاء شورٹ کپڑے پہنائے جاتے ہیں۔ چادر ہٹا کر اس کے جسم کا تماشا کیا جاتا ہے اور یہ کہہ کر بے غیرت تصاویر اور ویڈیوز کھلے عام سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردیں جاتی ہیں کہ اس سے دنیا کو پتا چلے گا کہ مسلم عورتوں کو بھی فیشن اور سجنا سنورنا آتا ہے وہ بدصورت نہیں۔
پہلے ایک وڈیو بنتی ہے پھر 10، بے غیرتی کا ناچ نچا کر مسلمان عورتوں کے دلوں سے حیاء و پردے کو پامال کرنے کی شازشیں کی جا رہی ہیں۔
بہت سی بھولی نوجوان لڑکیوں نے ان کے جھانسے میں آکر اپنے پردے کا جنازہ نکال دیا ہے۔ ہوش میں آؤ ملت کی شہزادیو! کیا یہی تمہارا سٹیٹس اور اوقات ہے کے تمہارے جسم کو ہر کوئی ایرا غیرا جب چاہے جیسی نظر سے چاہے دیکھ لے؟
نہیں بالکل نہیں تم پریشیس (precious) ڈائمنڈ ہو۔ اسلام نے تمہیں ایک اعلی مقام دیا ہے۔ تو خدارا اسی مقام پر رہو تاکہ تمہاری قدر کی جائے۔ اسلام نے تمہیں ذلت سے نکال کر شہزادی بنایا اور تم جسم کا تماشا بنا کر پھر مجرا والی بن رہی ہو۔ تمہیں پتا بھی ہے بے غیرت لوگ کس کس نظر سے تمہارے وڈیو اور تصویروں کو دیکھتے ہیں۔ ولوگر (vlogger) تمہیں یہ کونسیپٹ (concept) دیتا ہے کہ صرف چہرا چھپانے سے تمہارا پردہ ہو جائے گا۔ معاذاللہ اللہ اکبر کبیرہ !
ہرگز ہرگز اس گمان میں مت رہنا، سر کے بال سے لے کر پاؤ، بدن کا ہر ہر حصہ پردے کے حکم میں شامل ہے۔ بلکہ وہ تو اپنے بہکاوے میں لا کر شریعت کے احکام میں بھی تمہیں غلط تصور دے رہا ہے۔
عورت کا ستر کیا ہے؟ عضو: چہرے کی ٹکلی، دونوں ہتھیلیاں اور دونوں پاؤں کے تلوے۔ (بعض علماء کے نذدیک ہتھیلیوں اور تلوں کی پشت بھی شامل ہے) ان کے علاوہ عورت کا پورا بدن ستر یعنی چھپانے کے حکم میں شامل ہے۔ (بہار شریعت: ج 1: ص 485)
اور چہرا کھولنا نا جائز ہے: عورت کا چہرہ اگرچہ ستر میں شامل نہیں، مگر بوجہ فتنہ غیر محرم کے سامنے مونھ کھولنا منع ہے۔ یوں ہی اس کی طرف نظر کرنا، غیر محرم کے لیے جائز نہیں اور چھونا تو اور زیادہ منع ہے۔ (بہار شریعت: ج 1: ص 488)
اب تمہیں معلوم ہو چکا کہ کس طرح شیطان کے چیلے تمہاری تباہی کی شازش رچ رہے ہیں، وہ تو یہی چہاتے ہیں کے تم دنیا کی رنگینیوں میں بھٹک کر ذلت سے مر جاؤ اور ذلت کے ساتھ ہی قیامت کے دن اٹھو۔ لیکن کیا تم گوارہ کرتی ہو کہ سب تو حضور ﷺ کے ہمراہ فردوس کے مکین ہو جائیں اور تم انہیں حسرت سے دیکھتی رہ جاؤ اور جہنم کے داروغہ تمہیں الٹے منھ گھسیٹ کر لے جائیں۔
نہیں چاہتی نا، تو آج ہی اپنی حالت پر غور کرو اور جان لو کیوں مسلم عورتیں ان کی باتوں میں آجاتی ہیں؟ کیوں کہ انہیں سب سکھایا گیا لیکن دین کی حسین تعلیم سے محروم رکھا گیا۔ اگر وہ یہ جانتی ہوتی کہ میرے اسلام نے مجھے کیا منصب دیا ہے اگر وہ قرآن و شریعت کے احکامات سے آشنا ہوتی تو کبھی غیروں کی باتوں میں نہ آتی۔
لہذا اگر تم سلامتی چاہتی ہو تو خود بھی سیکھو اور اپنے معاشرے کی بیٹیوں کو بھی دین کی تعلیم دو۔ ایک عورت کے ہاتھ میں پوری نسل کو سدھارنے یا بگاڑنے کی طاقت ہوتی ہے۔ ان ماں باپ کو بھی میں دعوت فکر دیتی ہوں جو دنیا کی تعلیم کے لیے لاکھوں کروڑں خرچ کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن دین کے معاملے میں آزاد چھوڑ رکھا ہے۔ ایسے ہی فری مائنڈ (free mind) لوگوں کی اولادیں قیامت کے دن ان کے جہنم میں داخلہ کی وجہ بن جائیں گی۔
تنبیہ: اسی طرح بہت سے بیوٹیشن میکپ آرٹسٹ بھی یہ طریقہ اپناتی ہیں کے اگر کوئی باپردہ عورت ہے تو اسے تیار کر کے تصویر نکال کر صرف چہرے پر ایموجی رکھ کر پوسٹ کرتی ہیں، اور بعض عورتیں تو خود بھی بناؤ سنگھار کر کے تصویر نکال کر سٹیٹس وغیرہ پر رکھتی ہیں جس میں بس چہرا آدھا ڈھکا ہوتا ہے یہ سب بھی احکام پردہ کے خلاف ہی ہے جس کی تفصیل ہم پہلے بیان کر چکے۔ لہذا ان سب خرافات سے بھی بچنا لازم ہے۔
اللہ تعالی سیدہ پاک خاتون جنت رضی اللہ تعالی عنہا کی چادر تطہیر کا صدقہ ہمیں عطاء فرمائے۔ ہر طرح کے فتنوں سے ہماری حفاظت فرمائے اور با ایمان با عزت موت دے۔ آمین یا رب العالمین بجاہ النبی الامین ﷺ۔
