✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!
قارئین سے گزارش ہے کہ کسی بھی مضمون میں کسی بھی طرح کی شرعی غلطی پائیں تو واٹسپ آئیکن پر کلک کرکے ہمیں اطلاع کریں، جلد ہی اس کی اصلاح کردی جائے گی۔ جزاک اللہ خیرا کثیرا 🥰

بس میرا ماہی صل علی

عنوان: بس میرا ماہی صل علی
تحریر: مفتیہ نازیہ فاطمہ
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

ماہی فارسی زبان کا لفظ ہے۔ جس کا مطلب ہے محبوب، جانِ جاں اور ہمارے دل کے ماہی تو وہی ہے جن کا ذکر قران پاک میں ہے، جن پر رب کائنات درود بھیجتا ہے، جن کے ذکر سے ایمان تازہ ہوتا ہے۔ سیدنا محمد مصطفی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم۔

رب تبارک و تعالی قران پاک میں ارشاد فرماتا ہے:

اِنَّ اللّٰهَ وَ مَلٰٓىٕكَتَهٗ یُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِیِّؕ یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْهِ وَ سَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا (الاحزاب: 56)

ترجمۂ کنز الایمان: بیشک اللہ اور اس کے فرشتے درود بھیجتے ہیں اس غیب بتانے والے (نبی) پر اے ایمان والوان پر درود اور خوب سلام بھیجو۔

کیا ہمیں اس سے بڑی کوئی عزت چاہیے کہ ہم وہ کلمات ادا کریں جنہیں اللہ خود دہراتا ہے؟ کیا ہمیں اس سے بڑا کوئی ذکر چاہیے جو فرشتے بھی کرتے ہیں؟ کیا ہمیں اس سے زیادہ کسی عمل کی ضرورت ہے جو سیدھا دلِ مصطفیٰ ﷺ تک پہنچتا ہے؟

محبت کے آثار

جو شخص دعویٰ کرتا ہے کہ وہ نبی پاک ﷺ سے محبت کرتا ہے، اس کی زندگی میں وہ محبت جھلکنی چاہیے۔ وہ سنتوں کا پابند ہو، زبان نرم ہو، دل میں دردمندی ہو، معاملات میں سچائی ہو، اور ذکرِ مصطفیٰ ﷺ اس کے دل کی دھڑکن ہو۔

آج ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ زبان پر نعتیں، جلسوں میں نعرے، مگر عمل میں غفلت۔ اگر سچ مچ بس میرا ماہی ﷺ دل میں بیٹھ گیا، تو پھر ہم دنیا کو بدل ڈالیں گے۔

بس میرا ماہی صل علٰی یہ کوئی معمولی جملہ نہیں، یہ عاشق رسول کے دل کی پکار ہے، اس کی زندگی کا نچوڑ ہے، اس کا ایمان ہے، اس کی روح کی غذا ہے، یہ عاشق کے دل کی وہ صدا ہے جو ہر لمحہ بلند ہوتی ہے، یہ صدا محض زبان سے نہیں نکلتی یہ دل کی گہرائیوں سے اٹھتی ہے۔ روح کے دروازے کھٹکھٹاتی ہے۔ آنکھوں کو نم اور دل کو روشن کرتی ہے۔

یہ صدا گویا ہر سانس کے ساتھ گونجتی ہے: بس مجھے میرا نبی چاہیے، مجھے میرا ماہی چاہیے، ان کا ذکر، ان کی یاد، ان کی اطاعت، اور ان کی محبت چاہیے۔

جب دنیا کی ساری مصروفیات تھکا دیتی ہیں، جب دل بھٹکنے لگتا ہے، تب یہی صدا انسان کو اصل مقصد زندگی کی طرف واپس لاتی ہے۔ دنیا کے ہر محبت، ہر تعلق، ہر چاہت ایک دن ختم ہو جاتی ہے۔ لیکن ایک محبت ایسی ہے جو دل کو قرار بھی دیتی ہے، روح کو تسکین بھی بخشتی ہے، اور قیامت تک ساتھ نبھانے کا وعدہ رکھتی ہے۔ وہ ہے عشقِ رسول ﷺ۔

جب دل پر غم چھا جائے، دنیا بے وفا لگنے لگے، زندگی کے رنگ پھیکے پڑ جائیں تو ایک ہی نام ایسا ہے جو لبوں پر آتے ہی آنکھوں میں چمک، دل میں روشنی، اور روح میں تازگی بھر دیتا ہے۔ وہ ہے نام محمد ﷺ۔

آج اگر ہم اپنی زندگی کا کوئی مقصد بنائیں تو وہ یہی ہونا چاہیے کہ ہمیں اپنے نبی کے راستے پر چلنا ہے، ہمیں ان کے پیغام کو پھیلانا ہے، ہمیں ان کے نام پر جینا اور نام پر ہی مرنا ہے۔

دنیا والے کچھ بھی کہیں مگر ہمارا دل یہی کہتا ہے۔ دولت کی ہوس ہے، نہ شہرت کی طلب بس میرا ماہی صل علی صل علی صل علی

اللہ تبارک وتعالی سے دعا ہے وہ ہمیں عاشق رسول بنائیں، اپنے محبوب کی سنتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یارب العالمین

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

صراط لوگو
مستند فتاویٰ علماے اہل سنت
المفتی- کیـا فرمـاتے ہیں؟
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں