دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

دس محرم کی رات اور دن کی مقدس عبادتیں

عنوان: دس محرم کی رات اور دن کی مقدس عبادتیں
تحریر: سفینہ الحفیظ
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

محرم الحرام اللہ تعالیٰ کا عظمت والا مہینہ ہے۔ اس کی دسویں تاریخ یعنی یوم عاشورہ کو اللہ تعالیٰ نے بےشمار فضیلتیں، برکتیں اور رحمتیں عطا فرمائی ہے۔ اس دن اور رات میں عبادت، توبہ، دعا اور خیرات کی خاص تاکید کی گئی ہے۔ عاشورہ کی سنتیں اور مستحب اعمال بندے کے گناہوں کی معافی اور رزق میں کشادگی کا سبب بنتے ہیں۔ یہی دن تاریخِ انبیاء و اولیاء میں عظیم واقعات کا دن ہے۔ آئیے اس سلسلے میں چند احادیث اور ارشاداتِ بزرگان دین پڑھتے ہیں۔

عاشورہ کی رات کی عبادتیں

نفل نماز حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جو شخص عاشورہ کی رات چار رکعت نفل نماز اس طرح پڑھے کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد پچاس مرتبہ قل ھو اللہ احد پڑھے، اللہ تعالیٰ اس کے پچاس سال کے پچھلے اور پچاس سال کے اگلے گناہ معاف فرما دیتا ہے اور جنت میں ہزار محل عطا کرتا ہے۔ (ما ثبت من السنۃ:ص 16)

قبر کی روشنی کے لیے نماز

جو شخص عاشورہ کی رات دو رکعت نفل نماز اس نیت سے پڑھے کہ اس کی قبر روشن ہو، ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد تین مرتبہ قل ہو اللہ احد پڑھے، اللہ تعالیٰ اس کی قبر کو قیامت تک نور سے بھر دیتا ہے۔

عاشورہ کے دن کی عبادتیں

عاشورہ کا روزہ

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:

أَفْضَلُ الصِّيَامِ بَعْدَ رَمَضَانَ، شَهْرُ اللَّهِ الْمُحَرَّمُ۔ (المسلم: ص 171)

ترجمہ: رمضان کے بعد سب سے افضل روزہ اللہ تعالیٰ کے مہینے محرم کا ہے۔

غسل کرنا حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

مَنْ اغْتَسَلَ يَوْمَ عَاشُورَاءَ لَمْ يَمْرَضْ اِلَّا مَرَضَ الْمَوْتِ۔ (غنیتہ الطالبین: ص53)

ترجمہ: جو عاشورہ کے دن غسل کرے وہ پورے سال کسی بیماری میں مبتلا نہ ہوگا سوائے مرضِ موت کے۔

یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرنا

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے:

مَنْ مَسَحَ بِيَدَه عَلَى رَأْسِ يَتِيمٍ يَوْمَ عَاشُورَاءَ، رَفَعَ اللَّهُ لَهُ بِكُلِّ شَعْرَةٍ دَرَجَةً فِي الْجَنَّةِ۔ (ما ثبت من السنۃ، ص 23)

ترجمہ: جو عاشورہ کے دن کسی یتیم کے سر پر محبت سے ہاتھ پھیرے اللہ تعالیٰ اس کے ہر بال کے بدلے جنت میں ایک درجہ بلند فرماتا ہے۔

یتیم کو کھانا کھلانا حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ عاشورہ کے دن یتیم کو کھانا کھلانا اور محبت و شفقت کرنا بہت فضیلت کی بات ہے۔ اس سے اللہ تعالیٰ کی رحمت اور برکت حاصل ہوتی ہے اور مصیبتیں دور ہوتی ہیں۔

یہ چند فضیلتیں اور اعمال عاشورہ کے دن اور رات کی عظمت کو ظاہر کرتی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ اس مبارک دن کی قدر کریں، توبہ اور عبادت کا اہتمام کریں، صدقہ و خیرات میں حصہ لیں اور خاص طور پر یتیموں اور محتاجوں پر شفقت و مہربانی کریں۔ یہی طریقہ انبیاء کرام اور بزرگانِ دین کی تعلیمات کا نچوڑ ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں عاشورہ کے ان مبارک دنوں میں عبادت، توبہ، یتیموں پر شفقت اور خیرات کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں۔