عنوان: | پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبیﷺ پر درود پاک پڑھنے کا خصوصی اہتمام |
---|---|
تحریر: | بنت اصغر علی |
پیش کش: | مجلس القلم الماتریدی انٹرنیشنل اکیڈمی، مرادآباد |
درود شریف میری زندگی ہے، درود شریف میری روح کو تازگی بخشتی ہے، درود شریف عشق رسول کریم ﷺ کا ایک ہم حصہ ہے، درود شریف محبت رسول کریم ﷺ کی دلیل ہے، درود شریف مدینہ شریف کی حاضری کا سبب ہے، فنا فی الرسولﷺ کے راستہ کا چراغ ہے الغرض! درود شریف تمام رحمتوں وبرکتوں کا مجموعہ ہے۔
الحمد للہ! ہمارے پیارے آقا کریمﷺ کی ولادت باسعادت کا مہینہ عنقریب آنے والا ہے اور پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبیﷺ کی آمد آمد ہے۔ آج سے لے کر بارہ ربیع النور تک تقریبا چالیس دن ہے آج ہی سے اس تعداد میں درود پاک پڑھنا شروع کریں۔
تین ہزار ایک سو پچیس(3125) مرتبہ پڑھیں، جب مکمل چالیس روز بلا ناغہ اس تعداد میں درود پاک پڑھیں گے بارہ ربیع النور آنے سے ایک دو روز پہلے الحمد للہ سوا لاکھ درود شریف مکمل ہوجاے گا۔
اور یہ ہمارے لیے بڑی خوش نصیبی کی بات ہے اللہ نے ہمیں درود پاک کے لیے چن لیا لیکن نیت خالص ہو اللہ و رسول اللہﷺ کی رضا کے لیے پڑھیں جب ہم مخلص ہو کر پڑھیں گےتو یقینا بغیر مانگے ہماری حاجتیں بھی پوری ہوں گی۔
صَلَّى اللهُ عَلَىٰ مُحَمَّد ﷺ، صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ یہ درود پاک پڑھیں بہت ایک آدھا گھنٹہ صرف ہوگا، اگر پورے چوبیس گھنٹہ میں صرف ایک گھنٹہ ہم پیارے آقا ﷺ پر درود پاک پڑھنے کے لیے نہیں نکال سکتے یہ ہمارے لیے بڑی بدبختی کی بات ہوگی۔
ہمیں چاہیے کہ ہم اتنا وقت ضرور نکالیں اور بارگاہ رسالت مآبﷺ میں درود پاک بھیجیں سنن و واجبات کے بعد سب سے زیادہ درود پاک کی کثرت کرنی چاہیے۔ اور ادب کا خیال رکھیں باوضو ہوکر درود پاک پڑھیں، مدینہ شریف کی طرف رخ کرکے پڑھیں، خوشبو کا استعمال کریں، دل کو حاضر رکھ کر درود پڑھیں۔ آج ہمیں جو درود کی برکتیں حاصل نہیں ہوتی ہے اس کی وجہ یہی ہے ہم توجہ کے ساتھ نہیں پڑھتے ہیں جب درود پڑھیں کوشش کریں دل کو حاضر رکھ کر پوری توجہ کے ساتھ درود پڑھیں۔
درود شریف پڑھنے کی بہت فضیلتیں ہیں۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جو اللہ کی رحمت اور برکت کا ذریعہ ہے۔ درود شریف پڑھنے سے گناہ معاف ہوتے ہیں، درجات بلند ہوتے ہیں اور پیارے آقاﷺ کی شفاعت کی امید ہے۔
اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے۔
اِنَّ اللّٰهَ وَ مَلٰٓىٕكَتَهٗ یُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِیِّؕ-یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَیْهِ وَ سَلِّمُوْا تَسْلِیْمًا (سورہ: احزاب، 56)
ترجمہ: کنزالعرفان بیشک اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں۔ اے ایمان والو! ان پر درود اور خوب سلام بھیجو۔
حدیث شریف میں ہے۔
عٙنْ عٙبْدٙ اللّٰہ بْنِ مٙسْعُوْدِِ اٙنّٙ رٙسُوْلٙ اللّٰہﷺ قٙالٙ اٙوْلیٰ النّٙاسِ بِیْ یٙوْمٙ الْقِیٙامٙةِ اٙکْثٙرُھُمْ عٙلٙیّٙ صٙلٙاةٙٙ۔ (ترمذی، 484)
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،حضور پُر نور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: قیامت کے دن مجھ سے سب لوگوں میں زیادہ قریب وہ ہوگا، جس نے سب سے زیادہ مجھ پر درود بھیجا ہے۔
سیدی مرشدی حضور اعلیٰ رضی اللہ تعالی عنہ انتہائ عقیدت ومحبت سے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں درود پاک پیش کرتے ہیں۔
کعبہ کے بدر الدجیٰ تم پہ کروڑوں درود
طیبہ کے شمس الضحیٰ تم پہ کروڑوں درود
مصطفیٰ جانِ رحمت پہ لاکھوں سلام
شمع بزم ہدایت پہ لاکھوں سلام
اس تعداد میں جب درود پاک پڑھیں گے پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقعہ پر سوا لاکھ درود شریف کا ہدیہ اِس بارہ ربیع النور کو پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیۃً وتحفۃً پیش کریں اور پیارے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا قرب حاصل کریں۔
اور اب سے عہد کریں ان شاء اللہ تاحیات اِسی تعداد میں ہر روز درود شریف پڑھیں گے اور ہر چالیس دن میں سوالاکھ درود پاک کا ہدیہ پیارے آقاﷺ کی بارگاہ میں پیش کریں گے اور جیسے جیسے پیارے آقا ﷺ کی بارگاہ میں اپنے دردو پاک کو پیش کرتے رہیں گے اتنی ہی نگاہ کرم ہم پر ہوگی اور پھر ہم رسول اللہﷺ کاقرب حاصل کرلیں گے یہ ہمارے لیے بڑی سعادت کی بات ہوگی ان شاء اللہ تعالی عزوجل
امام بوصیری رحمتہ اللہ علیہ دربار رسالت ﷺ میں یوں درود پاک پیش کرتے ہیں:
مولای صل وسلم دائما ابدا
علی حبیبك خیر خلق کلھم
اللہ تبارک و تعالی سے دعا ہےکہ ہمیں کثرت سے درود پاک پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے آمین یارب العالمین بجاہ سید النبی الکریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم