دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

غم پریشانی اور صبر

عنوان: غم پریشانی اور صبر
تحریر: مفتیہ نازیہ فاطمہ
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

زندگی ایک ازمائش ہے۔ انسان کو کبھی خوشی،کبھی غم کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔ بعض دفعہ دکھ، پریشانیاں اور مصائب انسان کی ہمت کو چور کر دیتے ہیں۔ ایسے میں مایوسی انسان کے دل میں گھر کرنے لگتی ہے۔ انسان طرح طرح کے خیالات میں الجھ جاتا ہے۔ ذہن مفلوج ہو جاتا ہے۔ لیکن ایک مومن کا طرز عمل ان تمام حالات میں بھی صبر اللہ پر بھروسہ اور امید ہوتا ہے۔ کیوں کہ اسے معلوم ہوتا ہے ہر اندھیری رات کے بعد روشن صبح ضرور ہوتی ہے۔

اللہ تبارک و تعالی نے کئی مرتبہ قران پاک میں صبر، امید، اور اس کے انعامات کا ذکر فرمایا ہے۔ اللہ تبارک و تعالی کا فرمان:

فَاِنَّ مَعَ الْعُسْرِ یُسْرًاۙ اِنَّ مَعَ الْعُسْرِ یُسْرًا (الم نشرح: 5/6)

ترجمۂ کنز الایمان: تو بیشک دشواری کے ساتھ اور آسانی ہے بیشک دشواری کے ساتھ آسانی ہے.

اس آیت کو دوبارہ ذکر کرنے سے معلوم ہواکہ ایک تنگی کے بعد دو سہولتیں اور آسانیاں ہیں۔ حضرت حسن رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں ’’ایک دن نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ (اپنے کاشانۂ اقدس سے) خوشی اور سُرُور کی حالت میں مسکراتے ہوئے باہر تشریف لائے اور ارشاد فرمایا ’’ایک تنگی دو آسانیوں پر ہر گز غالب نہیں آئے گی، تو بیشک دشواری کے ساتھ آسانی ہے۔ بیشک دشواری کے ساتھ آسانی ہے۔

وَ لَنَبْلُوَنَّكُمْ بِشَیْءٍ مِّنَ الْخَوْفِ وَ الْجُوْعِ وَ نَقْصٍ مِّنَ الْاَمْوَالِ وَ الْاَنْفُسِ وَ الثَّمَرٰتِؕ-وَ بَشِّرِ الصّٰبِرِیْنَۙ (البقرہ: 155)

ترجمۂ کنز الایمان: اور ضرور ہم تمہیں آزمائیں گے کچھ ڈر اور بھوک سے اور کچھ مالوں اور جانوں اور پھلوں کی کمی سے اور خوشخبری سنا ان صبر والوں کو۔

یاد رہے کہ زندگی میں قدم قدم پر آزمائشیں ہیں ، اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو کبھی مرض سے، کبھی جان و مال کی کمی سے، کبھی دشمن کے ڈر خوف سے، کبھی کسی نقصان سے، کبھی آفات و بَلِیّات سے اور کبھی نت نئے فتنوں سے آزماتا ہے اور راہِ دین اور تبلیغِ دین تو خصوصاً وہ راستہ ہے جس میں قدم قدم پر آزمائشیں ہیں ، اسی سے فرمانبردار و نافرمان، محبت میں سچے اور محبت کے صرف دعوے کرنے والوں کے درمیان فرق ہوتا ہے۔

آزمائشیں زندگی کا حصہ ہیں، لیکن ان پر صبر کرنے والے ہی اصل کامیاب لوگ ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے زندگی کے غم، پریشانی اور صبر کے بارے میں بہت سی احادیث ارشاد فرمائیں:

ما يُصيبُ المسلمَ من نصبٍ، ولا وصبٍ، ولا همٍّ، ولا حزنٍ، ولا أذًى، ولا غمٍّ، حتّى الشوكةِ يُشاكُها، إلّا كفّرَ اللهُ بها من خطاياهُ. (البخاری: 5641)

ترجمہ: مسلمان کو جو بھی تھکن، بیماری، پریشانی، غم، تکلیف یا رنج پہنچتا ہے، حتیٰ کہ اگر اسے ایک کانٹا بھی چبھتا ہے، تو اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ اس کے گناہ مٹا دیتا ہے۔

یہ حدیث ہمیں بتاتی ہے کہ مسلمان کو پہنچنے والی ہر تکلیف، خواہ وہ کتنی ہی چھوٹی کیوں نہ ہو، اللہ تعالیٰ کے نزدیک بےمعنی نہیں۔ بلکہ: ہر دکھ، بیماری، تھکن، غم ایک کانٹے کا چبھنا بھی—اللہ تعالیٰ کی طرف سے گناہوں کی معافی کا سبب بنتا ہے۔

مایوسی حرام ہے۔ اللہ کی رحمت سے ناامیدی، ایمان کے منافی عمل ہے۔ اللہ تبارک وتعالی کا فرمان:

وَ لَا تَایْــٴَـسُوْا مِنْ رَّوْحِ اللّٰهِؕ اِنَّهٗ لَا یَایْــٴَـسُ مِنْ رَّوْحِ اللّٰهِ اِلَّا الْقَوْمُ الْكٰفِرُوْنَ (الیوسف: 87)

ترجمۂ کنز الایمان: اور اللہ کی رحمت سے نا امید نہ ہو بے شک اللہ کی رحمت سے نا امید نہیں ہوتے مگر کافر لوگ۔

اس سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالی کی رحمت سے ناامید ہونا مومن کا شیوہ نہیں۔ زندگی میں پے در پے آنے والی مصیبتوں ،مشکلوں اور دشواریوں کی وجہ سے اللّٰہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہئے کیونکہ حقیقی طور پر دنیا و آخرت کی تمام مشکلات کو دور کرنے والا اور تنگی کے بعد آسانیاں عطا کرنے والا اس کے سوا اور کوئی نہیں ۔ اس لیے ہمیشہ سے صبر کرے اللہ تعالیٰ نے صبر کرنے والوں کے لیے کئی عظیم انعامات کا وعدہ فرمایا:

إِنَّمَا يُوَفَّى الصَّابِرُونَ أَجْرَهُم بِغَيْرِ حِسَابٍ (الزمر: 10)

ترجمہ کنز الایمان: بے شک صبر کرنے والوں کو ان کا اجر بے حساب دیا جائے گا۔

صبر کرنے والے صرف اجر ہی نہیں پاتے، بلکہ ان کے گناہ بھی معاف کیے جاتے ہیں۔ اس لیے ہر مصیبت زدہ کو چاہیے نماز اور دعا سے مدد حاصل کریں: اللہ سے بہتر امید رکھیں: مشکل وقت میں اللہ سے قریب ہو جائیں: غم کے وقت دعا، ذکر، استغفار اور قرآن کی تلاوت سے دل کو سکون حاصل ہوتا ہے۔

یاد رکھیے! دنیا کی ہر رات کو صبح ہے، ہر غم کی ایک حد ہے، ہر شام کا ایک سورج ہوتا ہے۔ مایوسی کفر کے قریب ہے، اور امید ایمان کی علامت۔ کبھی پریشانی آئے تو مایوس نہ ہوا کریں۔ کیونکہ وقت کیسا بھی ہو، گزر ہی جاتا ہے۔ لمبی ہے غم کی شام مگر شام ہی تو ہے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں ہر مشکل و مصیبت پر صبر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یارب العالمین۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں۔