عنوان: | دل و جان حضور ﷺ کے لیے |
---|---|
تحریر: | بنت محمد یونس |
پیش کش: | مجلس القلم الماتریدی انٹرنیشنل اکیڈمی، مرادآباد |
رب کریم نے دل کو اپنی محبت اور اپنے محبوب حضور تاجدارِ ختمِ نبوت ﷺ کی محبت کے لیے بنایا ہے۔ جب دل میں حضور ﷺ کی محبت ہوگی تو دل سکون میں رہے گا، اس لیے کہ کریم آقا ﷺ کا ذکر، ان کی یاد، ان کی محبت ہی بے چین دلوں کا چین ہے۔
جیسا کہ حضور اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی عرض کرتے ہیں:
پھر کے گلی گلی تباہ ٹھوکریں سب کی کھائیں کیوں
دل کو جو عقل دے خدا تیری گلی سے جائیں کیوں
زندگی بھی ایک بار ہی ملی ہے، تو کیوں نہ اپنی جان دین کے لیے قربان کر کے جائیں۔ جیسا کہ ہمارے آقا کریم ﷺ کے پیارے صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے اندر تڑپ و جستجو رہا کرتی تھی کہ دین کی راہ میں شہید ہو جائیں۔ ہر وقت شہادت کے طلب گار رہا کرتے تھے۔ رب سے دعائیں کرتے تھے، کیونکہ وہ جانتے تھے کہ دنیا فانی ہے، جو باقی رہنے والی زندگی ہے وہ آخرت ہے۔ اس لیے اپنی جانوں کو، یہاں تک کہ اپنا سب کچھ دین کی راہ میں قربان کر دیا کرتے تھے۔
حضور اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
کروں تیرے نام پہ جاں فدا
نہ بس ایک جاں دو جہاں فدا
دو جہاں سے بھی نہیں جی بھرا
کروں کیا کروڑوں جہاں نہیں
قارئینِ کرام! آج ہم نے اپنے دل کو دنیا کی محبت اور دنیا کے لوگوں کی محبت میں لگا رکھا ہے۔ اور یہ ایسی محبت ہے جس سے ہمیں بہت زیادہ تکلیفیں بھی پہنچتی ہیں، جس سے ہمارا دل بے چین، بے سکون رہتا ہے۔ حبِ دنیا کی وجہ سے کہاں سے ہمارا دل سکون پائے گا؟ گویا کہ دل تو اللہ نے محبوب کریم ﷺ کی محبت کے لیے بنایا ہے۔ ان سے محبت کرنا اصل ایمان ہے، اور ان کی محبت میں ہی جینا مرنا ہے۔
حضور اعلیٰ حضرت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
جان ہے عشقِ مصطفیٰ، روز فزوں کرے خدا
جس کو ہو درد کا مزا، ناز دوا اٹھائے کیوں
قارئینِ کرام! ہمیں تو اپنی جانوں کو تاجدارِ انبیاء ﷺ پر قربان کرنا چاہیے تھا، دین کی راہ میں قربان کرنا چاہیے تھا۔ لیکن ہم لوگوں کی محبت میں، دنیا کو حاصل کرنے میں برباد رہے ہیں۔
خدارا۔۔۔!! اپنے اوپر ایسا ظلم نہ کریں۔ جان بہت قیمتی ہے، اس کو دنیا کی پریشانیوں اور کسی کی محبت کی وجہ سے ضائع نہ کریں۔ موت تو آنی ہی ہے، کیوں نہ اس دنیا سے اپنی جان کو رسول پاک ﷺ پر قربان کر کے جائیں؟ اپنا سب کچھ جانِ عالم ﷺ پر قربان کر کے جائیں۔
حضور مصطفیٰ رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
یہ ایک جان کیا ہے اگر ہوں کروڑوں
یا رسول اللہ! تیرے نام پر سب کو وارا کروں میں
فِـــدَاڪَ اَبِــیْ وَ اُمّـِـیْ وَ قَـــلْــبِــیْ وَ رُوْحِــیْ یَــاسَیّـِـدِیْ یَــارَسُـــولَﷺ
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ مولیٰ تعالیٰ! ہمیں اپنے دل میں صرف اور صرف نبی پاک ﷺ کی محبت کو بسانے، اور ان کی محبت میں اپنا سب کچھ، جان، مال قربان کرنے کی توفیق عطا فرما۔ آمین! صدقے یا رسول اللہ ﷺ