دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

I love Muhammad صلی اللہ علیہ وسلم

I love Muhammad
عنوان: I love Muhammad
تحریر: مولانا عمران رضا عطاری مدنی بنارسی

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت ہر انسان کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اگر کسی کے دل میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت نہ ہو، تو وہ مسلمان نہیں ہو سکتا۔ جس ذات سے خود ربِ کائنات محبت فرمائے، بھلا امتی اس سے کیوں نہ محبت کرے؟ حضور سے محبت کا حکم قرآن و حدیث میں کئی مقامات پر موجود ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:

لَا يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ حَتَّى أَكُونَ أَحَبَّ إِلَيْهِ مِنْ وَالِدَيْهِ وَوَلَدِهِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ [صحیح البخاری، ج: ۱، ص: ۱۴، حدیث: ۱۵]

یعنی تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومنِ کامل نہیں ہو سکتا، جب تک کہ میں اس کے نزدیک اس کے والدین، اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔

یقیناً ایک مسلمان کو پیارے آقا، حبیبِ کبریا صلی اللہ علیہ وسلم سے ایسی ہی محبت ہونی چاہیے، کیونکہ یہی اس کی زندگی کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔

امیر المؤمنین حضرت سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم سے کسی نے سوال کیا کہ آپ لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کیسی محبت کرتے ہیں؟ تو آپ نے فرمایا:

كَانَ وَاللَّهِ أَحَبَّ إِلَيْنَا مِنْ أَمْوَالِنَا وَأَوْلَادِنَا وَآبَائِنَا وَأُمَّهَاتِنَا وَمِنَ الْمَاءِ الْبَارِدِ عَلَى الظَّمَإِ [الشفاء، ج: ۲، ص: ۲۲]

خدا کی قسم! حضور صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں اپنے اموال، اولاد، باپوں، ماؤں اور سخت پیاس کے وقت ٹھنڈے پانی سے بھی زیادہ محبوب ہیں۔

امام اہل سنت امام احمد رضا قادری رحمہ اللہ علیہ فرماتے ہیں: جسے دنیا جہان میں کوئی معزز، کوئی عزیز، کوئی مال، کوئی چیز، اللہ و رسول سے زیادہ محبوب ہو، وہ بارگاہِ الٰہی سے مردود ہے۔ اللہ اسے اپنی طرف راہ نہ دے گا، اسے عذابِ الٰہی کے انتظار میں رہنا چاہیے۔ [تمہید ایمان، ص: ۵۵]

میرے تو آپ ہی سب کچھ ہیں رحمتِ عالم
میں جی رہا ہوں زمانے میں آپ ہی کے لیے

ہمیں چاہیے کہ سب سے زیادہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کریں۔ دنیا کی کوئی بھی چیز، اور کسی کی بھی محبت حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت سے بڑھ کر نہ ہو۔ جو چیز اس کی آڑ بنے، اسے ٹھکرا دیں، اس سے تعلقات منقطع کر لیں۔

اقبال نے کہا تھا:

محمد ﷺ کی محبت دینِ حق کی شرطِ اول ہے
اسی میں ہو اگر خامی تو سب کچھ نامکمل ہے
محمد ﷺ کی غلامی ہے سند آزاد ہونے کی
خدا کے دامنِ توحید میں آباد ہونے کی
محمد ﷺ کی محبت خون کے رشتوں سے بالا ہے
یہ رشتہ دنیوی قانون کے رشتوں سے بالا ہے

آئیے اور اپنی محبت کا اظہار ان الفاظ میں کریں: I love Muhammad صلی اللہ علیہ وسلم

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں۔