| عنوان: | مسجد بنانے کے فضائل |
|---|---|
| تحریر: | عمران رضا عطاری مدنی بنارسی |
مسجد کا لغوی معنی ہے سجدہ گاہ، جب کہ عام طور پر مسجد اسے کہا جاتا ہے جس جگہ کو اپنی ملک سے خارج کر کے نماز کے لیے خاص کر لیا جائے۔ مسجد بنانا یقیناً بہت بڑی نیکی ہے، کہ جب تک مسجد قائم رہے گی، اس میں سجدے ہوتے رہیں گے، تلاوتِ قرآن کا سلسلہ ہوگا، بنانے والے کے نامہ اعمال میں نیکیاں لکھی جاتی رہیں گی۔ ہاں! مسجد ثواب کے لیے بنائی ہو، محض ریاکاری اور دکھلاوے کے لیے مسجد بنانا کارِ ثواب نہیں، بلکہ نیت صرف اللہ کی رضا ہو۔
خداوند کریم قرآن میں فرماتا ہے:
اِنَّمَا یَعْمُرُ مَسٰجِدَ اللّٰهِ مَنْ اٰمَنَ بِاللّٰهِ وَ الْیَوْمِ الْاٰخِرِ [التوبة:18]
ترجمہ کنز العرفان: اللہ کی مسجدوں کو وہی آباد کرتے ہیں جو اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان لاتے ہیں۔
مشہور مفسرِ قرآن، حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمة الله عليه اس آیت کے تحت فرماتے ہیں:
معلوم ہوا مسجد بنانے، اسے آباد کرنے یا وہاں باجماعت نماز ادا کرنے کا شوق صحیح مؤمن ہونے کی علامت ہے، إِنْ شَاءَ اللَّهُ الْكَرِيمُ! ایسے لوگوں کا خاتمہ ایمان پر ہوگا۔ [تفسير نعيمي، الجزء العاشر، ص:204]
کثیر احادیث میں تعمیرِ مسجد کے فضائل موجود ہیں، اور یہ فضیلت اسے بھی حاصل ہوگی جو مسجد بنانے میں تھوڑا سا بھی حصہ ملائے۔ آئیے مسجد بنانے کے فضائل پر چند احادیث ملاحظہ فرمائیں:
- إِنَّ عُمَّارَ بُيُوتِ اللَّهِ هُمْ أَهْلُ اللَّهِ [مسند أبي يعلى، ج:3، ص:209، حدیث:3393]
بے شک اللہ کا گھر بنانے والے اللہ والے ہیں۔
- مَنْ بَنَى لِلَّهِ مَسْجِدًا بَنَى اللَّهُ لَهُ بَيْتًا فِي الْجَنَّةِ [المعجم الصغير، ج:1، ص:30]
جس نے اللہ کے لیے مسجد بنائی اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں گھر بنائے گا۔
- مَنْ بَنَى مَسْجِدًا لَا يُرِيدُ بِهِ رِيَاءً وَلَا سُمْعَةً بَنَى اللَّهُ لَهُ بَيْتًا فِي الْجَنَّةِ [المعجم الأوسط، ج:5، ص:184، حدیث:7005]
جو مسجد بنائے نہ ریا مقصد ہو نہ کسی کو سنانا، تو اللہ اس کے لیے جنت میں گھر بنائے گا۔
- مَنْ بَنَى لِلَّهِ مَسْجِدًا بَنَى اللَّهُ لَهُ قَصْرًا فِي الْجَنَّةِ مِنْ دُرٍّ وَيَاقُوتٍ وَزُبَرْجَدٍ [كنز العمال، الجزء السابع، ص:267، حدیث:20751]
جو اللہ کے لیے مسجد بنائے اللہ اس کے لیے جنت میں یاقوت اور زبرجد کے موتیوں کا گھر بنائے گا۔
- لَا يَبْنِي أَحَدٌ مَسْجِدًا لِلَّهِ إِلَّا بَنَى اللَّهُ لَهُ بَيْتًا فِي الْجَنَّةِ أَوْسَعَ مِنْهُ [المعجم الكبير، ج:8، ص:225، حدیث:7889]
جو شخص بھی اللہ کے لیے مسجد بنائے اللہ تعالیٰ اس کے لیے اس سے زیادہ وسیع و عریض جنت میں گھر بنائے گا۔
پیارے اسلامی بھائیو! جب بھی ہمارے اطراف میں مسجد کا قیام ہو، یا کسی دوسرے محلے یا شہر کے متعلق معلوم ہو کہ وہاں مسجد کا تعمیراتی کام جاری ہے، یا مسجد کے لیے جگہ خریدی جا رہی ہے، تو ہمیں چاہیے خلوصِ للہیت کے ساتھ اپنا کچھ نہ کچھ حصہ اس میں ضرور شامل کریں، إِنْ شَاءَ اللَّهُ الْكَرِيمُ دنیا و آخرت میں اس کی برکتیں نصیب ہوں گی۔ جب تک وہاں سجدے ہوتے رہیں گے ہمارے نامہ اعمال میں نیکیاں لکھی جاتی رہیں گی۔
