دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

اعلیٰ حضرت کی ذات عشقِ رسول ﷺ کی آئینہ دار

عنوان: اعلیٰ حضرت کی ذات عشقِ رسول ﷺ کی آئینہ دار
تحریر: مفتیہ رضیؔ امجدی غفر لھا
پیش کش: ادارہ لباب

تاریخ شاہد ہے کہ عشق نے جو کارنامے سرانجام دیے وہ تیروں اور تلواروں کی نوک سے رقم نہیں ہوئے، اور وہ داستانیں جو ازل تک باقی رہیں گی وہ عشق کی لافانی صداقت سے رقم کردہ ہیں۔

سیدی اعلی حضرت رحمہ اللہ القوی کا نظریہ بھی یہی تھا کہ ایمان کی بنیاد عشقِ رسول ﷺ کے مضبوط ستونوں پر استوار ہے۔ عشق ہی سے قومیں زندہ رہتی ہیں، عشق ہی زندگی کو پائندگی بخشنے کا ضامن ہے، عشق ہی قوموں کو عروج و وقار بخشتا ہے، عشق ہی حق و باطل میں تمیز سکھاتا ہے۔

دلوں میں عشق کے ولولے جس قدر شدید ہوں گے ایمان کی جڑیں اتنی مستحکم ہوں گی۔ یہ ان کے سینے میں پھوٹنے والے عشق ہی کے انوار تھے جنہوں نے انہیں تمام علوم و فنون میں ماہر بنادیا۔ ان کے سینے میں موجزن علومِ بے بہا کا یہ حیرت افزا بحرِ زخّار فی الواقع عشقِ رسول ﷺ ہی کا تصدق ہے؛ اسی عشق کی عطا ہے، اسی کی دین، اسی کا انعام، اور اسی عشق کا فیضان ہے۔

اعلی حضرت نے نہ صرف جادۂ حق کی راہ دکھائی ہے بلکہ انگلی پکڑ کر چلنا بھی سکھایا ہے، اور ہمیں عشق کے حقائق سے بھی روشناس کرایا ہے۔ ہمارے سینوں میں عشقِ خدا و عشقِ رسول ﷺ کی ایک نہ بجھنے والی شمع روشن کی ہے۔ اسی لیے تو ہم فخریہ کہتے ہیں: ہماری پہچان، ہمارا تشخص، ہماری شان، اور ہمارا وقار اعلی حضرت ہیں!

اور آج جو اس دنیا میں مسلکِ اعلی حضرت کا بول بالا ہے، اور سیدی اعلی حضرت کے فدائیوں سے کائنات معمور اور بزمِ جہاں آباد ہے، یہ اسی والہانہ اور وارفتہ عشق کا اعجاز ہے جو آپ کے دل میں حضور تاجدارِ کائنات، فخرِ موجودات، روحِ رواں کائنات ﷺ کی ذاتِ اطہر کے لیے پرشکوہ رفتار میں متموّج تھا۔

یہ اسی عشق سے پھوٹنے والی شعاعوں کے انوار ہیں، یہ اسی دریائے محبت کے قطرے ہیں، یہ اسی عشق کی تجلیوں کی ضیاء پاشیاں ہیں، یہ اسی کے جلوے ہیں، یہ اسی کا ثمر ہے، یہ اسی کی رونقیں، اور اسی عشق کی تابانیاں ہیں۔

سیدی اعلیٰ حضرت رحمہ اللہ القوی بلاشبہ وہ شیرِ اہلِ سنت ہیں جن کی گرج نے باطل کے ایوانوں میں ایسا زلزلہ بپا کیا کہ آج بھی اس کی بازگشت محسوس کی جاتی ہے۔ ان کی علمی و فکری للکار ہر بدعتی اور گستاخِ رسول کے دل میں لرزہ پیدا کرتی ہے۔

ان کا اسمِ گرامی آج بھی حق و باطل کے درمیان ایک واضح لکیر کھینچتا ہے، بلکہ ہمیشہ کھینچتا رہے گا۔ ان کے علمی استدلالات وہ صاعقۂ حق ہیں جو کسی بھی ذی شعور کو اپنے موقف سے ہم آہنگ کرنے کی قوت رکھتے ہیں۔

وہ صرف ایک ذات نہیں بلکہ ایک عہد ہیں، ایک تحریک ہیں، ایک زمانہ ہیں، اور ایک ایسا روشن مینار ہیں جس کی ضیاء قیامت تک اہلِ حق کی رہنمائی کرتی رہے گی، اِن شاء اللہ العزیز۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں۔