Loading...
دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...
لباب
مستند مضامین و مقالات
لباب کی مستند علمی و تحقیقی تحریریں اب موبائل ایپ میں دستیاب ہیں۔
پلے اسٹور سے انسٹال کریں

10 محرم الحرام کے برکات|محمد سمیر احمد عطاری

10 محرم الحرام کے برکات
عنوان: 10 محرم الحرام کے برکات
تحریر: محمد سمیر احمد عطاری
منجانب: جامعہ المدینۃ فیضانِ عطار نیپال گنج

اسلامی سال کا آغاز اس بابرکت مہینے سے ہوتا ہے جسے محرم الحرام کے نام سے جانتے ہیں۔ اللہ پاک نے ہمیں اسلامی سال کے اس پہلے مہینے میں ہی خوب نیکیاں کرنے اور اجر و ثواب حاصل کرنے کے کثیر مواقع فراہم کیے ہیں۔ یوں تو ماہِ محرم الحرام مکمل ہی رحمتوں اور برکتوں بھرا ہے، مگر بالخصوص اس ماہ کا دسواں دن جسے "عاشورہ" کہتے ہیں، اس کی شان و عظمت کے کیا کہنے! یہ دن پچھلی امتوں میں بھی بڑا مکرم و محترم رہا ہے اور تاریخ اس دن کے اہم واقعات سے بھری ہوئی ہے۔ اس دن میں عبادت کرنے کے بے شمار فضائل و برکات ہیں، دعائیں قبول ہوتی ہیں، حاجت مندوں کی حاجتیں پوری ہوتی ہیں، تنگدستوں کی تنگدستیاں اور غمزدوں کی مصیبتیں دور ہوتی ہیں۔

عاشورہ کے روزے کے فضائل

عاشوراء کے دن کی ایک فضیلت یہ ہے کہ اس دن روزہ رکھنے کی بڑی برکتیں ہیں۔ خود ہمارے پیارے آقا، مدینے والے مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اِس دن روزہ رکھنے کی ترغیب ارشاد فرمائی ہے۔ آئیے! عاشوراء کے دن روزہ رکھنے کے فضائل پر تین فرامینِ مصطفےٰ سنتے ہیں:

  1. اللہ سبحانہ و تعالیٰ کے آخری نبی رسولِ ہاشمی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "عاشوراء کا روزہ رکھو، اس دن انبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام روزہ رکھتے تھے۔" [جامع صغیر، ص 312، حدیث: 5067]

  2. پیارے آقا مکی مدنی مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "یومِ عاشوراء کا روزہ رکھو اور اِس میں یہودیوں کی مخالفت کرو، اس سے پہلے یا بعد میں بھی ایک دن کا روزہ رکھو۔" [مسند امام احمد، 1/518، حدیث: 2154]
    یاد رکھیے! جب بھی عاشورے کا روزہ رکھیں تو ساتھ ہی نویں یا گیارہویں محرم الحرام کا روزہ بھی رکھ لینا بہتر ہے، اگر کسی نے صرف 10 محرم الحرام کا روزہ رکھا تب بھی جائز ہے۔

  3. رسولِ اکرم نورِ مجسم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "مجھے اللہ پاک پر گمان ہے کہ عاشوراء کا روزہ ایک سال پہلے کے گناہ مٹا دے گا۔" [مسلم، کتاب الصیام، حدیث: 2746]

10 محرم الحرام کی مبارک نسبتیں

یومِ عاشوراء کے فضائل میں سے ایک بات یہ بھی ہے کہ اِس دن اللہ پاک نے 13 انبیائے کرام علیہم السلام کو مختلف اعزازات و اکرامات سے نوازا تھا:

  1. اسی دن حضرت موسیٰ علیہ السلام کی مدد فرمائی گئی اور فرعون اور اس کے پیروکار ہلاک ہوئے۔
  2. اسی دن حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی "جودی پہاڑ" پر ٹھہری۔
  3. اسی دن حضرت یونس علیہ السلام کو مچھلی کے پیٹ سے نجات ملی۔
  4. اسی دن حضرت آدم علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی۔
  5. اسی دن حضرت یوسف علیہ السلام کنویں سے نکالے گئے۔
  6. اسی دن حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت ہوئی اور اسی دن آپ علیہ السلام کو آسمان پر اٹھایا گیا۔
  7. اسی دن حضرت داؤد علیہ السلام کی توبہ قبول ہوئی۔
  8. اسی دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ولادت ہوئی۔
  9. اسی دن حضرت یعقوب علیہ السلام کی بینائی کا ضعف دور ہوا۔
  10. اسی دن نبیِ اکرم، نورِ مجسم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو مغفرت کا مژدہ ملا۔
  11. اسی دن حضرت سیدنا ادریس علیہ السلام کو آسمان پر اٹھایا گیا۔
  12. اسی دن اللہ پاک نے حضرت سیدنا ایوب علیہ السلام کی آزمائش دور فرمائی۔
  13. اسی دن حضرت سیدنا سلیمان علیہ السلام کو بادشاہت عطا ہوئی۔

یقیناً عقل مندی کا تقاضا یہی ہے کہ جو چیز جتنی معزز ہو، اسے اتنی ہی اہمیت دی جائے۔ لہٰذا ہمیں بھی اسے غفلت میں نہیں گزارنا چاہیے، بلکہ اس دن خوب خوب نیک اعمال کرنے چاہئیں۔

یومِ عاشورہ کے اعمال

حضرت علامہ عبدالرحمٰن ابنِ جوزی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہِ فرماتے ہیں: "دس محرم بہت عظمت والا دن ہے، لہٰذا مناسب ہے کہ جس قدر ممکن ہو اچھے کام کیے جائیں۔ بھلائیوں کے اس موسم کو غنیمت جانو اور غفلت سے بچو۔"

  • یومِ عاشوراء کا روزہ رکھیے اور اس کے ساتھ نویں یا گیارہویں محرم کا روزہ بھی ملا لیجیے۔
  • حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کا فرمان ہے کہ جو اس دن ہزار مرتبہ سورۂ اخلاص پڑھے، تو اس کی طرف اللہ پاک نظرِ رحمت فرمائے گا اور اسے کبھی عذاب نہیں دے گا۔
  • اِس دن توبہ و استغفار کیجیے اور بارگاہِ الٰہی سے توبہ پر قائم رہنے کی بھیک طلب کیجیے۔
  • والدین کا اکرام کیجیے اور غصے پر قابو رکھیے؛ نوافل کی کثرت کیجیے۔
  • یومِ عاشوراء کو بالخصوص اِثْمِد سرمہ آنکھوں میں لگائیے، نبیِ رحمت صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا فرمان ہے کہ اس کی برکت سے آنکھیں کبھی نہیں دُکھیں گی۔
  • فضولیات سے بچیے، خوشبو لگائیے، اور روزہ داروں کو افطار کروائیے۔
  • رشتہ داروں اور اسلامی بھائیوں سے ملاقات کیجیے، تلاوتِ قرآن کیجیے اور ستر بار "سُبْحٰنَ اللہ" کا ورد کیجیے۔
  • یتیم کے سر پر شفقت سے ہاتھ پھیریے اور ناراض مسلمانوں میں صلح کروائیے۔
کاش لب پر مرے رہے جاری / ذِکر آٹھوں پہر تِرا یاربّ
چشمِ تر اور قلبِ مُضطر دے / اپنی اُلفت کی مے پِلا یا ربّ

ہمیں چاہیے کہ ان فضائل پر تن من دھن سے عمل کرنے کی سعی میں لگ جائیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں کہنے اور سننے سے زیادہ عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور دونوں جہان میں خیر کے ساتھ بھلائیاں عطا فرمائے۔ آمین بجاہِ خاتم النبیین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!