Loading...
دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...
لباب
مستند مضامین و مقالات
لباب کی مستند علمی و تحقیقی تحریریں اب موبائل ایپ میں دستیاب ہیں۔
پلے اسٹور سے انسٹال کریں

جمعہ مبارک کی فضیلت|محمد عارف رضا قادری امجدی

جمعہ مبارک کی فضیلت
عنوان: جمعہ مبارک کی فضیلت
تحریر: محمد عارف رضا قادری امجدی
پیش کش: جامعہ امجدیہ رضویہ گھوسی

جمعہ کا دن اسلام میں نہایت عظمت، برکت اور فضیلت والا دن ہے۔ احادیثِ مبارکہ میں جمعہ کو "سید الایام" یعنی دنوں کا سردار قرار دیا گیا ہے۔

حدیثِ شریف

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"خیرُ یومٍ طلعت علیہ الشمس یومُ الجمعۃ۔"
ترجمہ: سورج جن دنوں میں طلوع ہوتا ہے ان میں سب سے بہترین دن جمعہ کا دن ہے۔ [مسلم شریف]

جمعہ کے دن کی چند اہم فضیلتیں

  • حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق جمعہ کے دن ہوئی۔
  • جمعہ ہی کے دن آپ علیہ السلام جنت میں داخل کیے گئے۔
  • جمعہ ہی کے دن آپ علیہ السلام جنت سے زمین پر تشریف لائے۔
  • قیامت بھی جمعہ کے دن قائم ہوگی۔
  • اس دن ایک ایسی گھڑی آتی ہے کہ جس میں مسلمان جو جائز دعا مانگے، اللہ تعالیٰ اسے قبول فرماتا ہے۔
  • جمعہ کی نماز مسلمانوں کے لیے ہفتہ وار عظیم اجتماع اور عبادت ہے۔

اللہ رب العزت ہمیں جمعہ کے دن کی برکتیں نصیب فرمائے، درودِ پاک کی کثرت کی توفیق عطا فرمائے اور ہماری جائز دعاؤں کو قبول فرمائے۔ آمین۔ ہم سب کو چاہیے کہ اس دن زیادہ سے زیادہ درود شریف کی کثرت کریں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے:

إِنَّ اللَّهَ وَمَلَائِكَتَهُ يُصَلُّونَ عَلَى النَّبِيِّ يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا صَلُّوا عَلَيْهِ وَسَلَّمُوا تَسْلِيمًا [سورہ الاحزاب: 56]

ترجمہ: بیشک اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں، اے ایمان والو تم بھی ان پر درود و سلام بھیجا کرو۔

احادیثِ مبارکہ میں درودِ پاک کی فضیلت

  • رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "مَنْ صَلَّى عَلَيَّ صَلَاةً وَاحِدَةً صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ بِهَا عَشْرًا" یعنی جو مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے۔ [مسلم شریف]

  • رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "أَقْرَبُكُمْ مِنِّي يَوْمَ الْقِيَامَةِ أَكْثَرُكُمْ عَلَيَّ صَلَاةٌ" یعنی قیامت کے دن مجھ سے سب سے زیادہ قریب وہ ہوگا جو مجھ پر سب سے زیادہ درود بھیجنے والا ہو گا۔ [ترمذی شریف]

درودِ پاک کے فوائد

  • اللہ تبارک و تعالیٰ کی رحمت حاصل ہوتی ہے۔
  • گناہوں کی معافی کا سبب بنتا ہے۔
  • درجات بلند ہوتے ہیں۔
  • دعاؤں کی قبولیت کا ذریعہ ہے۔
  • دل کو سکون اور روح کو تازگی ملتی ہے۔
  • حضور نبی کریم ﷺ کی قربت نصیب ہوتی ہے۔

جمعہ کے دیگر فضائل و احکام

سرکارِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ یہ تمام دنوں کا سردار ہے۔ جمعہ کے روز مرنے والے سے قبر میں سوالات نہیں کیے جاتے اور اس دن ایک ایسا وقت ہے جس میں دعا رد نہیں کی جاتی۔ جمعہ کے دن ایک نیکی کا ثواب ستر (70) گنا زیادہ ملتا ہے، جبکہ اور دنوں میں ایک نیکی کرنے پر صرف دس (10) نیکیاں ملتی ہیں۔ مزید یہ کہ جمعہ کے دن ہر گھنٹے میں چھ لاکھ مسلمانوں کو عذابِ نار سے نجات دی جاتی ہے جن پر جہنم واجب ہو چکی ہوتی ہے۔ اس لیے ہمیں اس دن کی قدر کرنی چاہیے اور غفلت میں ہرگز نہیں گزارنا چاہیے۔

ناخن کاٹنے کی فضیلت اور احکام

جمعہ کے دن ناخن کاٹنے پر فرمانِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے، جسے بہارِ شریعت میں صدر الشریعہ رحمۃ اللہ علیہ نے نقل فرمایا ہے: "جو جمعہ کے روز ناخن ترشوائے، اللہ پاک اس کو دوسرے جمعے تک بلاؤں سے محفوظ رکھے گا اور تین دن زائد یعنی دس دن تک۔" ایک روایت میں یہ بھی ہے کہ رحمت آئے گی اور گناہ جائیں گے۔

لہٰذا ہر مسلمان کو جمعہ کے دن ناخن تراشنے کی عادت ڈالنی چاہیے، لیکن اگر ناخن زیادہ بڑے ہو گئے ہوں اور چالیس (40) دن ہونے والے ہوں تو جمعہ کا انتظار نہ کرے، کیونکہ ناخنوں کا بڑا ہونا تنگیِ رزق کا سبب ہے۔

عمامہ اور غریبوں کا حج

حدیثِ پاک میں ہے: "بیشک اللہ پاک اور اس کے فرشتے جمعہ کے دن عمامہ باندھنے والوں پر درود بھیجتے ہیں۔" [مجمع الزوائد]

پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: "بلاشبہ تمہارے لیے ہر جمعہ کے دن میں ایک حج اور ایک عمرہ موجود ہے، لہٰذا جمعہ کی نماز کے لیے جلدی نکلنا حج ہے اور جمعہ کی نماز کے بعد عصر کی نماز کے لیے انتظار کرنا عمرہ ہے۔" [السنن الکبریٰ للبیہقی]

حضرت سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ سرکارِ نامدار ﷺ نے ارشاد فرمایا: "اَلْجُمُعَةُ حَجُّ الْمَسَاكِيْنِ" یعنی جمعہ کی نماز مساکین کا حج ہے، اور دوسری روایت میں ہے کہ "اَلْجُمُعَةُ حَجُّ الْفُقَرَاءِ" یعنی جمعہ کی نماز غریبوں کا حج ہے۔ [جمع الجوامع للسیوطی]

اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہم سب کو جمعہ کے دن کی فضیلت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس مبارک دن کی قدر کرنے، احادیث پر عمل کرنے اور نمازِ جمعہ کو کماحقہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!