| عنوان: | عیدالاسلام علامہ عبدالسلام جبل پوری رحمۃ اللہ علیہ |
|---|---|
| تحریر: | مولانا محمد عطاءالنبی حسینی مصباحی |
| پیش کش: | زہرہ یاسمین |
| منجانب: | امجدی گلوبل اکیڈمی |
نام ونسب اور تاریخِ ولادت
اسم گرامی: حضرت مولانا مفتی شاہ محمد عبدالسلام جبل پوری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ۔
القاب: عیدالاسلام، جامع الفضائل، قطب وقت۔
سلسلہ نسب: عید الاسلام حضرت مولانا شاہ عبدالسلام جبل پوری بن شاہ مولانا محمد عبدالکریم قادری نقش بندی بن مولانا شاہ محمد عبدالرحمن بن مولانا شاہ محمد عبدالرحیم بن مولانا شاہ محمد عبد اللہ بن مولانا شاہ محمد فتح بن مولانا شاہ محمد ناصر بن مولانا شاہ محمد عبدالوہاب صدیقی طائفی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہم۔ آپ کا خاندانی تعلق حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ہے۔
تاریخِ ولادت: آپ کی ولادت باسعادت ۶ / جمادی الاولیٰ ۱۲۸۳ھ، مطابق ۱۹ / ستمبر ۱۸۶۶ء کو ”جبل پور“ میں ہوئی۔
تحصیلِ علم اور بیعت و خلافت
تحصیلِ علم: تین برس کی عمر میں والد ماجد کے ہمراہ جبل پور آئے، اولاً قرآن مجید حفظ کیا، پھر درسِ نظامی اول تا آخر والد ماجد سے پڑھی۔ بعدہ ایک عرصہ تک اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے یہاں حاضر رہے اور حجۃ الاسلام رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے ساتھ اعلیٰ حضرت سے اخذِ علوم کیا۔ ۳ / ذی قعدہ ۱۳۱۳ھ کو امام اہل سنت رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے اجازتِ مطلقہ کی سند تحریر کر کے عنایت فرمائی۔
بیعت و خلافت: چودہویں صدی کے مجدد امام اہل سنت اعلیٰ حضرت امام احمد رضا محدث بریلوی کے دستِ حق پرست پر ۳ / ذی قعدہ بروز جمعہ سلسلہ قادریہ برکاتیہ رضویہ میں بیعت ہوئے اور اسی دن بعد نماز عصر مجددِ اعظم نے آپ کو خلافت سے سرفراز فرمایا۔
وصال
وصال: حضرت عید الاسلام شاہ عبد السلام رضوی قادری ۱۴ / جمادی الاولیٰ ۱۳۵۴ھ / ۱۱ / فروری ۱۹۵۲ء کو چھ بج کر ۵۴ / منٹ پر اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔ بتاریخ ۱۶ / جمادی الاولیٰ / ۱۳ / فروری کو آستانہ عالیہ رضویہ سلامیہ پر ختمِ قرآن کا جلسہ ہوا۔
القاب و خطابات (امام اہل سنت کی زبانِ قلم سے)
حضرت علامہ عبدالسلام جبل پوری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ان خوش بختوں میں سے ہیں جن کے کاشانہ کو امام اہل سنت نے اپنے قدومِ میمنت لزوم سے کئی کئی بار سرفراز فرمایا اور مکاتیب میں عظیم القاب سے نوازا۔ آپ کے مشہور القاب و خطابات درج ذیل ہیں:
- عیدالاسلام: ۲۶ / جمادی الآخرہ ۱۳۳۷ھ (۲۹ / مارچ ۱۹۱۹ء) کو مدرسہ برہانیہ جبل پور میں جلسہ دستار فضیلت کے موقع پر امام احمد رضا نے تقریر فرماتے ہوئے اعلان کیا:
”اے جبل پور کے مسلمانو! مولانا عبدالسلام کی ذات ستودہ صفات صرف تمھارے لیے ہی نہیں بلکہ سارے ہندوستان کے لیے «عیدالاسلام» ہے اور میں آج سے مولانا عبدالسلام کے القاب میں خطاب «عیدالاسلام» کا اضافہ کرتا ہوں۔“ (اکرام امام احمد رضا، ص: ۳۶) - جامع الفضائل، قامع الرذائل، لامع الفواضل: اعلیٰ حضرت نے اپنے تعزیتی مکاتیب میں آپ کو ان جلیل القدر القاب سے یاد فرمایا ہے۔
- فضائل نصاب، فواضل مآب، حامی السنن، ماحی الفتن: تاریخِ رحلت کے قطعہ اور مکتوبات میں امام اہل سنت نے ان خطابات سے آپ کی شانِ علمی اور دینی خدمات کا اعتراف فرمایا ہے۔
- عمدۃ العلماء، زبدۃ الفضلاء، حسنۃ الزمن، زینۃ الایام: برہان ملت کے ایک رسالے پر تقریظ لکھتے ہوئے اعلیٰ حضرت نے آپ کے والدِ ماجد اور آپ کے بلند مقام کو ان کلمات سے سراہا ہے۔
