علما و طلبہ کو کم سے کم بلا ضرورت “وغیرہ” کہنے سے بچنا چاہیے|محمد عارف رضا قادری امجدی

علما و طلبہ کو کم سے کم بلا ضرورت “وغیرہ” کہنے سے بچنا چاہیے
عنوان: علما و طلبہ کو کم سے کم بلا ضرورت “وغیرہ” کہنے سے بچنا چاہیے
تحریر: محمد عارف رضا قادری امجدی
پیش کش: جامعہ امجدیہ رضویہ، گھوسی

کئی روز قبل حضور سراج الفقہا محقق مسائل جدیدہ مفتی محمد نظام الدین رضوی مصباحی دامت برکاتہم العالیہ البرکات، علی گڑھ میں مشق فتویٰ نویسی کی تربیت کی غرض سے تشریف فرما تھے۔

تمام طلبہ کے فتاوے چیک کرنے اور ضروری ہدایات جاری فرمانے کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوا جس میں مختلف قسم کے سوالات ہوئے اور مفتی صاحب نے نہایت سنجیدگی اور متانت سے سب کے تشفی بخش جوابات عطا فرمائے جس میں ایک صاحب نے سوال کیا کہ جس شخص کا بایاں ہاتھ چلتا ہو وہ اگر بائیں ہاتھ سے ذبح وغیرہ کرے تو کیا اس کو وہ اجر و ثواب ملے گا جو دائیں ہاتھ کے متعلق وارد ہوئے ہیں؟

تو مفتی صاحب نے جواب دینے سے پہلے فرمایا کہ ذبح کا وغیرہ کیا ہے بتاؤ؟ کیا اس کا گلا دبائے گا؟ اور فرمایا کہ بلا ضرورت “وغیرہ” کے استعمال سے کم سے کم علما و مفتیان کرام کو تو بچنا چاہیے۔

یوں ہی اسی مجلس میں طلاق سے متعلق ایک سوال ہوا جس میں سائل نے کہا تھا: “ایک عورت ہے، عرصے سے شوہر سے الگ ہے، اسے طلاق بھی نہیں ہوئی تھی، اس نے کئی بار شوہر کو طلاق طلب کرنے کے لیے خط بھیجا، لیکن شوہر نے ایک بار بھی جواب نہ دیا، کسی قاضی سے اس عورت نے مسئلہ پوچھا تو قاضی صاحب نے بتا دیا کہ طلاق ہو گئی ہے، اب اس عورت نے دوسرے سے نکاح کر لیا بعد میں پتا چلا کہ طلاق نہیں ہوئی ہے، لیکن اس وقت تک شوہر اول وفات پا چکا تھا، تو وہ کیا کرے گی توبہ وغیرہ کرے گی؟”

مفتی صاحب نے فرمایا کہ یہاں پر توبہ کا جو وغیرہ ہے وہ کر سکتے ہو؟ یعنی اس کے علاوہ جو سزائیں ہیں وہ دے سکتے ہو؟

اس کے بعد فرمایا کہ بلا ضرورت “وغیرہ” کے استعمال سے بچو۔

سوال و جواب کا یہ سلسلہ ایک گھنٹے تک چلا جو نہایت بابرکت رہا، اور اس طرح کے بہت سے علمی نکات سیکھنے کو ملے، مذکورہ بالا نکتہ کو خصوصیت کے ساتھ اس لیے ذکر کیا؛ کہ یہ لفظ عموماً علما و طلبہ دانستہ یا نادانستہ طور پر کثرت سے بولتے رہتے ہیں۔

امید ہے علمی حلقہ آپ کو پسند آئے گا۔

دعا ہے کہ اللہ رب العزت، مفتی صاحب کو اور ان جیسی دیگر شخصیات کو صحت و سلامتی کے ساتھ عمر خضر عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔ اللہ رب العزت ہمیں شریعت مطہرہ کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔

جدید تر اس سے پرانی
Advertisement
Advertisement
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!