| عنوان: | زندگی کی تلخ حقیقت اور مخلص لوگوں کی پہچان |
|---|---|
| تحریر: | محمدثاقب نظامی |
مخلص لوگوں کی کمی اور محبت کا لبادہ
زندگی کی تلخیوں میں سے ایک تلخ اور ناقابلِ انکار حقیقت یہ بھی ہے کہ دنیا میں سچے اور مخلص لوگوں کی کمی ہے۔ بظاہر تو بہت سے لوگ محبت اور خلوص کا لبادہ اوڑھے ہمارے قریب آتے ہیں، مگر جب وقت کا امتحان آتا ہے، تو ان کی اصلیت واضح ہو جاتی ہے۔ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو دل کے آئینے کو محبت کی روشنی سے منور کرتے ہیں، ان کی صحبت سے دل کو سکون اور راحت ملتی ہے، اور وہ دل کے نہاں خانوں میں ہمیشہ کے لیے بستے ہیں۔ مگر بعض لوگ دل میں خوشیوں کا خواب دکھا کر اسے دکھ اور درد کے صحرا میں بدل دیتے ہیں۔
مکر و فریب اور چہروں کی پہچان
کچھ لوگ دل کے قریب آ کر اپنی چالاکی اور مکاری سے دل کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں، اور اپنے ذاتی مفادات کے لیے دل کو کھیل سمجھتے ہیں۔ ایسے لوگ دیکھنے میں تو بہت پیارے اور شفیق نظر آتے ہیں، مگر ان کے اندر چھپا ہوا مکر و فریب کا سیاہ سایہ دل کی خوشیوں کو چھین لیتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم ہر چہرے کے پیچھے چھپی حقیقت کو پرکھیں، ہر لبِ مسکاں کے پیچھے کے راز کو جانچیں، کیونکہ بعض اوقات یہ پیار اور محبت کا رنگین لبادہ ایک دھوکہ ہوتا ہے، اور ان کے دلوں میں خیر کی بجائے شر پوشیدہ ہوتا ہے۔
احتیاط کا تقاضا اور دل کی دنیا
زندگی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ اپنے دل کو ہر ایک کے لیے نہ کھولیں، بلکہ سوچ سمجھ کر کسی کو دل کی دنیا میں جگہ دیں۔
کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ کوئی اپنے بظاہر خوبصورت اور دلفریب رویے سے ہمیں فریب دے کر دل کے سکون کو چھین لے، اور ہمیں تاعمر افسوس کے دلدل میں دھکیل دے۔
