حضور ملت سید شاہ شریف الدین نیر قادری کا تعارف و خدمات

تعارف حضور ملت الحاج سید شاہ شریف الدین نیر قادری علیہ الرحمہ
عنوان: تعارف حضور ملت الحاج سید شاہ شریف الدین نیر قادری علیہ الرحمہ
تحریر: محمد مشرف علی قادری مجددی تیغی

اسمِ گرامی و خاندانی پس منظر

آپ کا اسمِ گرامی سید شاہ شریف الدین، لقب حضورِ ملت اور تخلص نیرؔ ہے۔ آپ حضرت الحاج سید شاہ جلال الدین ابدال قادری علیہ الرحمۃ والرضوان کے صاحبزادے اور خانقاہِ قادریہ محمدیہ امجھر شریف کے ۱۴ ویں سجادہ نشین ہیں۔ (تذکرۃ الواصلین، ص: ۱۶۰)

تعلیم و تربیت

آپ نے ابتدائی تعلیم امجھر شریف میں اپنے والدِ بزرگوار سے حاصل کی، بعد ازاں مدرسہ فاروقیہ بنارس سے حفظ و قرأت کی تعلیم مکمل کر کے فراغت حاصل کی۔ نیز مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ سے مولوی کی سند حاصل کی۔ علومِ ظاہری کی تحصیل کے بعد اپنے والدِ مرشد کی تربیت میں علومِ باطنی میں مشغول ہو گئے اور ذکر و فکر، ریاضت و مجاہدہ، صبر و شکر اور قناعت و توکل کی منزلیں طے کر کے مقامِ آسودگی حاصل کیا۔ (تذکرۃ الواصلین، ص: ۱۶۰)

بیعت و خلافت و سجادگی

آپ کے والدِ بزرگوار حضرت الحاج سید شاہ جلال الدین ابدال قادری علیہ الرحمہ نے ۱۹۹۳ء میں آپ کو سندِ خلافت اور اجازتِ رشد و ہدایت سے نوازا۔ ۴ جون ۲۰۰۰ء کو آپ خانقاہِ عالیہ کی مسندِ سجادگی پر جلوہ افروز ہوئے۔ (تذکرۃ الواصلین، ص: ۱۶۰)

دینی و ملی خدمات

مسندِ سجادگی پر جلوہ افروز ہونے کے چالیس دن کے اندر ہی آپ کو حضرت سرکار سید الہند رضی اللہ عنہ کی جانب سے خواب میں بشارت ملی اور ان کے روضۂ مبارک کی تعمیر کی ذمہ داری تفویض کی گئی۔ تقریباً پانچ صدیوں سے جو کام کسی سے ممکن نہ ہو سکا تھا، آپ کی سرپرستی میں اس کا آغاز ہوا اور روضۂ مبارک کے گنبد و مینار کا کام تکمیل کو پہنچا۔

آپ کی دیگر نمایاں خدمات درج ذیل ہیں:
ادارہ سید الہند کا قیام: بزرگانِ قادریہ کی حیات و خدمات کو منظرِ عام پر لانے اور قوم کے نونہالوں کو دینی و عصری تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے "ادارہ سید الہند" قائم فرمایا۔
اشاعتِ سلسلہ: سلسلہ عالیہ قادریہ محمدیہ کے فروغ اور اصلاحِ عقائد کے لیے پچیس سے تیس علمائے کرام و حفاظ کو خلافت و اجازت سے نوازا جو پورے ہندوستان میں رشد و ہدایت کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
تصنیفی سرپرستی: آپ ہی کی خواہش پر آپ کے برادرِ عزیز حضرت سید شاہ جمال الدین عابد قادری مدظلہ العالی نے "بغداد سے امجھر" نامی تاریخی کتاب تالیف فرمائی۔ (تذکرۃ الواصلین، ص: ۱۶۰-۱۶۱)

وصالِ باکمال

آہ! خانقاہِ قادریہ محمدیہ کا یہ عظیم روحانی آفتاب ۶ ذی القعدہ ۱۴۴۷ھ بمطابق ۲۴ اپریل ۲۰۲۶ء بروز جمعہ کو ہمیشہ کے لیے غروب ہو گیا۔

إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

آپ کو حضرت سیدنا پاک رضی اللہ عنہ کے مزارِ شریف کے احاطے میں سپردِ خاک کیا گیا۔

ابرِ رحمت ان کے مرقد پہ گہر باری کرے
حشر تک شانِ کریمی ناز برداری کرے

جدید تر اس سے پرانی
Advertisement
Advertisement
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!