مضمون کا نام: میلاد مصطفی صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم (قسط سوم)

میلاد مصطفی صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم (قسط سوم)
عنوان: میلاد مصطفی صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم (قسط سوم)
تحریر: افروز قادری چڑیاکوٹی

فتحِ مکہ سے عظمتِ کعبہ میں اضافہ

رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے امتی خانہ کعبہ کی عزت و توقیر میں کوئی کمی نہیں کرتے اور اس کا بھرپور احترام بجا لاتے ہیں۔ فتحِ مکہ کے موقع پر جب ایک شخص نے کہا کہ "آج کعبہ حلال ہو گیا"، تو آپ ﷺ نے اس کا رد فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا: "نہیں، بلکہ آج کعبہ کی عظمت مزید بڑھ گئی ہے۔"

زمانہٴ جاہلیت میں لوگوں نے حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام کے دین میں تبدیلیاں کر دی تھیں، شرک کی ابتداء کر دی تھی اور مناسکِ حج میں تحریف کر ڈالی تھی۔ اسی لیے پروردگارِ عالم نے سیدِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کی امت کو مکہ معظمہ پر قابض و وارث کر دیا تا کہ مکہ کو بتوں سے پاک و صاف کر کے دینِ ابراہیمی کو اس کی اصل حالت پر بحال کیا جائے۔

دعائے ابراہیم و اسماعیل علیہما السلام کی حسنِ قبولیت

حضرت ابراہیم اور ان کے صاحبزادے حضرت اسماعیل علیہما السلام نے خانہ کعبہ کی تعمیر کے فوراً بعد بارگاہِ الٰہی میں دعا مانگی تھی کہ: "اے ہمارے پروردگار! ان میں انہی میں سے ایسا رسول بھیج، جو ان کو تیری آیات تلاوت کر کے سنائے اور ان کا تزکیہ کر کے انہیں کتاب و حکمت کے انوار سے مزین کر دے۔"

چنانچہ وہ دعا بارگاہِ الٰہی میں شرفِ قبولیت سے ہمکنار ہوئی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی اولاد میں سے تمام اوصافِ حمیدہ و خصائلِ پسندیدہ سے مزین رسولِ عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مبعوث فرمایا گیا۔ آپ ﷺ نے خانہ کعبہ اور اس کے گرد و نواح کو شرک کی تمام آلودگیوں سے پاک و صاف فرما کر دین کو ملتِ ابراہیمی حنیف کی طرف لوٹا دیا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَإِذْ بَوَّأْنَا لِإِبْرَاهِيمَ مَكَانَ الْبَيْتِ أَن لَّا تُشْرِكْ بِي شَيْئًا وَطَهِّرْ بَيْتِيَ لِلطَّائِفِينَ وَالْقَائِمِينَ وَالرُّكَّعِ السُّجُودِ

ترجمہ: "اور (وہ وقت یاد کیجیے) جب ہم نے ابراہیم کے لیے بیت اللہ (یعنی خانہ کعبہ) کی جگہ کا تعین کر دیا (اور حکم فرمایا) کہ میرے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ ٹھہرانا اور میرے گھر کو طواف کرنے والوں، قیام کرنے والوں اور رکوع و سجود کرنے والوں کے لیے پاک و صاف رکھنا۔" (سورۃ الحج: ۲۶)

جدید تر اس سے پرانی
Advertisement
Advertisement
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!