| عنوان: | حدیث لکھنے میں محدثین کے احتیاطی اصول و ضوابط |
|---|---|
| تحریر: | عمران رضا عطاری مدنی (خادم الحدیث و علومہ) |
| پیش کش: | مجمع التصانیف |
حدیث لکھنے میں محدثین کے احتیاطی اصول و ضوابط
احادیثِ نبویہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم دینِ اسلام کا نہایت اہم ماخذ ہیں۔ اسی لیے محدثینِ کرام نے احادیث کی روایت، کتابت، نقل اور حفاظت کے معاملے میں غیر معمولی احتیاط سے کام لیا۔ ان کے نزدیک حدیث کی حفاظت صرف اسے یاد کرلینے یا زبانی روایت کردینے تک محدود نہ تھی، بلکہ حدیث کے الفاظ، راویوں کے نام، حرکات و اعراب، کتابت کی صحت، نسخوں کا باہمی مقابلہ، مختلف روایات کی تمیز اور سماع کی تفصیلات تک ہر چیز کی حفاظت ضروری تھی۔
محدثین نے اس مقصد کے لیے ایسے اصول و ضوابط مرتب کیے جن سے حدیث کے تحریری ذخیرے کو غلطی، تصحیف، تحریف، کمی بیشی اور باہمی اختلاط سے محفوظ رکھنے میں مدد ملی۔ ان اصولوں میں ان کی علمی بصیرت کے ساتھ حدیثِ رسول صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے ساتھ ان کی عظیم امانت و احتیاط بھی نمایاں ہوتی ہے جن کا تفصیلی بیان اصولِ حدیث کی کتب میں موجود ہے۔
راویوں کے ناموں کی درست کتابت
محدثین نے راویوں کے نام درست لکھنے پر خصوصی توجہ دی، خصوصاً ان ناموں پر جن میں اشتباہ کا امکان ہو۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ناموں میں محض قرینے یا معنی سے مدد لینا ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا۔ اس لیے طالبِ علم کے لیے ضروری قرار دیا گیا کہ وہ راوی کے نام کو پوری تحقیق اور وضاحت کے ساتھ لکھے، تاکہ بعد میں کسی دوسرے راوی کے ساتھ اشتباہ پیدا نہ ہو۔
مشتبہ الفاظ کی وضاحت
جن الفاظ میں اشتباہ کا امکان ہو، انہیں اصل متن میں درست حرکات کے ساتھ لکھنے کی تاکید کی، اور حاشیے میں بھی انہیں واضح اور مکمل اعراب کے ساتھ درج کرنے کا طریقہ اختیار کیا۔ اس سے کتاب پڑھنے والے کو لفظ کی صحیح ادائیگی اور پہچان میں سہولت حاصل ہوتی ہے۔ اسی طرح بے نقطہ والے حروف کو بھی مناسب علامات کے ذریعے واضح کرنے کے مختلف طریقے اہلِ علم نے بیان کیے، تاکہ کتابت میں تصحیف اور غلطی کا امکان کم سے کم ہو۔
صاف، واضح اور مناسب کتابت
محدثین نے کتابت کے حسن اور وضاحت کا بھی خیال رکھا۔ بہت زیادہ باریک اور چھوٹی تحریر کو ناپسند کیا، البتہ ضرورت کے وقت اس کی گنجائش رکھی گئی۔ اسی طرح خط صاف، واضح اور خوب صورت ہو، لیکن غیر ضروری بناوٹ اور پیچیدگی سے پاک ہو، اس کی بھی ترغیب دی۔
غیر معروف رموز سے احتیاط
محدثین نے ایسے ذاتی رموز اور علامتوں کے استعمال سے بھی احتیاط کی جو دوسروں کے لیے ناقابلِ فہم ہوں۔ مثلاً ہر راوی کے نام کے بجائے اپنی طرف سے ایک یا دو حروف مقرر کرکے انہیں مسلسل استعمال کرنا مناسب نہیں سمجھا گیا، الا یہ کہ ان رموز کی ابتدا یا انتہا میں وضاحت کردی جائے۔ بہتر یہی قرار دیا گیا کہ راوی کا نام مکمل یا معروف و مناسب اختصار کے ساتھ لکھا جائے۔
احادیث کو الگ الگ نمایاں کرنا
دو احادیث کے درمیان دائرہ بنانے کا طریقہ بھی محدثین سے منقول ہے، تاکہ ایک حدیث دوسری سے خلط نہ ہو۔ بعض ائمہ نے یہ بھی طریقہ اختیار کیا کہ کتاب کے مقابلے کے وقت ہر حدیث کی تصحیح کے بعد اگلے دائرے میں علامت لگا دی جائے، جس سے معلوم ہو کہ متعلقہ حدیث کا مقابلہ ہوچکا ہے۔
الفاظ کو سطروں کے درمیان توڑنے سے احتیاط
محدثین نے ایسے مقامات پر بھی خصوصی احتیاط کی جہاں ایک نام یا اہم جملہ سطر کے اختتام پر آتا ہو۔ مثلاً ”عبداللہ“ یا ”عبدالرحمن“ جیسے ناموں کو اس طرح تقسیم کرنا مناسب نہیں سمجھا گیا کہ ایک سطر کے آخر میں صرف ”عبد“ رہ جائے اور اگلی سطر ”اللہ“ یا ”الرحمن“ سے شروع ہو۔ اسی طرح ”قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم“ کو بھی نامناسب انداز سے دو سطروں میں تقسیم کرنے سے بچنے کی ہدایت کی۔
درود و سلام اور دعائیہ کلمات کا اہتمام
محدثین حدیث لکھتے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے ذکر کے ساتھ درود و سلام لکھنے کا خصوصی اہتمام کرتے اور اسے محض کتابت کا حصہ نہیں بلکہ ایک عظیم سعادت اور دعا سمجھتے تھے۔ اسی لیے ”صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم“ کو مختصر علامت یا چند حروف سے ظاہر کرنے کے بجائے مکمل لکھنے کی تاکید فرمائی۔ اسی طرح ”صلی اللہ علیہ“ لکھ کر ”وسلم“ چھوڑ دینے یا صرف ”علیہ السلام“ پر اکتفا کرنے کو بھی معنوی کمی قرار دیا۔ اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کے کلمات اور صحابۂ کرام، علما اور صالحین کے لیے دعائیہ کلمات بھی مکمل طور پر لکھنے کا اہتمام کیا۔
اصل نسخے سے مقابلہ اور تصحیح
حدیث کی کتابت میں سب سے اہم احتیاط یہ تھی کہ طالبِ علم اپنی کتاب کو اس اصل نسخے سے ملائے جس سے اس نے حدیث سنی ہو۔ بہترین صورت یہ قرار دی گئی کہ شیخ اپنی اصل کتاب سامنے رکھے اور طالبِ علم اپنی کتاب کے ساتھ اس کا مقابلہ کرے۔ اس سے نقل کی صحت اور کتاب کی مضبوطی زیادہ یقینی ہوجاتی ہے۔ اگر طالبِ علم خود مقابلہ نہ کرسکے تو کسی قابلِ اعتماد شخص کے ذریعے بھی اصل نسخے سے مقابلہ کرایا جاسکتا ہے، یا ایسی نقل سے بھی مقابلہ کیا جاسکتا ہے جو پہلے اصل نسخے سے درست طور پر ملائی جاچکی ہو۔ اصل مقصد یہ ہے کہ طالبِ علم کی کتاب اس نسخے کے مطابق ہوجائے جس سے اس نے حدیث سنی ہے۔
چھوٹی ہوئی عبارت کے اندراج کا باقاعدہ طریقہ
اگر کتابت کے دوران کوئی لفظ یا عبارت رہ جائے تو اسے بے ترتیب انداز سے درمیان میں داخل کرنے کے بجائے حاشیے میں ”لَحَق“ کے مخصوص طریقے سے درج کیا جاتا تھا۔ اس کے لیے متن میں ایک مخصوص لکیر کے ذریعے حاشیے میں موجود عبارت کی طرف رہنمائی کی جاتی، تاکہ پڑھنے والے کو معلوم رہے کہ یہ عبارت اصل متن میں اسی مقام پر رہ گئی تھی۔ لاحق کے اختتام پر ”صح“ وغیرہ کی علامت بھی استعمال کی جاتی تھی۔ یہ احتیاط اس قدر تھی کہ حاشیے میں لکھی ہوئی ہر عبارت کو لاحق نہیں سمجھا جاتا تھا؛ شرح، مختلف روایت یا کسی وضاحت کو اصل متن کا حصہ سمجھ لیے جانے سے بچانے کے لیے اس کے لیے الگ انداز اختیار کرنے کی ہدایت کی۔
تصحیح اور تضبیب
محدثین نے کتابوں میں صحیح، مشتبہ، ناقص یا کمزور مقامات کی نشاندہی کے لیے مخصوص علامات مقرر کیں۔ صحیح مقام پر ”صح“ لکھا جاتا، جب کہ ایسے مقام پر جہاں روایت تو منقول ہو لیکن الفاظ یا معنی میں خرابی، ضعف یا نقص ہو، ”تضبیب“ یا ”تمریض“ کی علامت استعمال کی جاتی۔ سند میں ارسال اور انقطاع جیسے نقائص کی بھی علامت کے ذریعے نشاندہی کی جاتی تھی۔ محدثین صرف صحیح عبارت کو محفوظ نہیں کرتے تھے بلکہ روایت کے اندر موجود کمزوری یا اشکال کو بھی واضح کرکے محفوظ رکھتے تھے، تاکہ بعد میں پڑھنے والا اسے بلا تحقیق صحیح نہ سمجھ بیٹھے۔
زائد اور غیر اصل عبارت کی وضاحت
اگر کسی کتاب میں ایسی عبارت آگئی جو اصل کتاب کا حصہ نہ تھی تو اسے واضح طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی گئی، لیکن اس انداز سے کہ اصل حروف پڑھے جاسکیں۔ اس مقصد کے لیے خط کھینچنے کو بہتر سمجھا گیا، کیوں کہ ممکن تھا کہ وہ عبارت کسی دوسری روایت میں درست ہو۔ ساتھ ہی عبارت کو کھرچنے یا چھری وغیرہ سے کاٹنے کو ناپسند کیا گیا، کیوں کہ اس سے کتابت میں تبدیلی یا خیانت کا شبہ پیدا ہوسکتا تھا۔
مختلف روایات میں فرق کی حفاظت
اگر ایک ہی حدیث کی مختلف روایات میں الفاظ کا فرق ہو تو محدثین انہیں آپس میں خلط ملط نہیں ہونے دیتے تھے۔ ایک روایت کو اصل متن میں لکھ کر دوسری روایت کے زائد الفاظ حاشیے میں درج کیے جاتے، اور جہاں کسی روایت میں کمی ہوتی وہاں بھی اس کی نشاندہی کی جاتی۔ اس طرح ہر روایت کی اپنی شناخت باقی رہتی۔ اس سے محدثین کی علمی دیانت کا اندازہ ہوتا ہے کہ وہ مختلف الفاظ کو اپنی طرف سے یکجا کرکے ایک عبارت نہیں بناتے تھے، بلکہ ہر روایت کی خصوصیت کو الگ محفوظ رکھتے تھے۔
متعدد اسانید کو الگ رکھنے کا اہتمام
ایک حدیث کی متعدد سندیں ہوں تو ایک سند سے دوسری سند کی طرف منتقل ہونے کے لیے ”ح“ کی علامت استعمال کی جاتی، تاکہ پڑھنے والا پہلی اور دوسری سند کو ایک ہی سند نہ سمجھ لے اور نہ یہ گمان کرے کہ پہلی سند کا کوئی حصہ رہ گیا ہے۔
سماع کی مکمل تفصیلات کا اندراج
محدثین کے ہاں حدیث سننے کی مجلس کی تفصیلات محفوظ کرنا بھی اہم تھا۔ شیخ کا نام، کنیت، نسب، سماع میں شریک افراد اور تاریخِ سماع درج کرنے کا اہتمام کیا جاتا تھا، تاکہ بعد میں تحقیق کرنے والا آسانی سے معلوم کرسکے کہ کتاب کس شیخ سے، کس مجلس میں اور کب سنی گئی تھی۔ سماع لکھنے والے کے لیے بھی ضروری قرار دیا گیا کہ وہ شیخ، کتاب اور سامعین کے نام واضح اور غیر مبہم انداز میں لکھے اور کسی قسم کی لاپروائی نہ کرے۔
نئی نقل تیار کرتے وقت دوبارہ مقابلہ
اگر کسی طالبِ علم نے اپنی سنی ہوئی کتاب سے نئی نقل تیار کی تو اسے اپنی سماعت نئی نقل میں منتقل کرنے سے پہلے اصل کتاب کے ساتھ اچھی طرح مقابلہ کرنا چاہیے۔ اگر کسی وجہ سے بغیر مقابلے کے سماعت منتقل کردی جائے تو یہ بات واضح طور پر درج کی جائے کہ یہ نسخہ ابھی اصل کے ساتھ مقابلہ شدہ نہیں ہے۔
محدثین کی احتیاط
ان تمام اصولوں کو سامنے رکھا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ محدثین نے حدیث کی حفاظت کو صرف روایت اور حفظ تک محدود نہیں رکھا، بلکہ کتابت کے ہر مرحلے کو اصول و ضوابط کا پابند بنایا۔ راوی کا نام غلط نہ ہو، مشتبہ لفظ کی صحیح قراءت محفوظ رہے، حروف میں تصحیف نہ ہو، احادیث باہم خلط نہ ہوں، مختلف روایات الگ الگ رہیں، زائد اور ساقط عبارت کی نشاندہی ہو، صحیح اور ناقص مقامات واضح ہوں، اسانید میں فرق باقی رہے، اور ہر نسخہ اپنے اصل ماخذ سے حتی الامکان مقابلہ شدہ ہو—ان تمام امور کے لیے محدثین نے باقاعدہ طریقے اختیار کیے۔
یہ اصول اس حقیقت کی روشن دلیل ہیں کہ محدثین نے احادیثِ نبویہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی حفاظت میں غیر معمولی علمی امانت، دقتِ نظر اور احتیاط کا مظاہرہ کیا۔ ان کے نزدیک حدیث کے ایک لفظ، ایک راوی کے نام، ایک حرکت، ایک حاشیے اور ایک نسخے کی صحت بھی معمولی معاملہ نہ تھی۔ یہی غیر معمولی احتیاط تھی جس نے حدیث کے تحریری ذخیرے کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں اور آنے والی نسلوں تک اسے تحقیق و تمییز کے ساتھ منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
لہٰذا حدیث کی حفاظت کی تاریخ صرف بے شمار کتابوں کی تصنیف و تالیف کی تاریخ نہیں، بلکہ یہ ایک ایسے منظم علمی نظام کی تاریخ بھی ہے جس میں روایت کے ساتھ کتابت، مقابلہ، تصحیح، علامات، حواشی، مختلف نسخوں اور سماع کی تفصیلات تک ہر مرحلے میں احتیاط کو ملحوظ رکھا گیا۔ محدثین کی یہی بے مثال محنت اور حدیثِ رسول صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی حفاظت و صیانت کی ایک روشن مثال ہے۔ واللہ أعلم۔
(مضمون میں جو کچھ کتابت کے اصول بیان کیے گئے، یہ تمام امام یحییٰ بن شرف نووی شافعی کی کتاب ارشاد طلاب الحقائق سے ماخوذ ہیں)
