مہمانِ رسول ﷺ کی عزت، صحابیٔ رسول ﷺ سے سیکھیں!

مہمانِ رسول ﷺ کی عزت، صحابیٔ رسول ﷺ سے سیکھیں!
عنوان: مہمانِ رسول ﷺ کی عزت، صحابیٔ رسول ﷺ سے سیکھیں!
تحریر: محمد ارمان علی القادری العلیمی
پیش کش: دار العلوم گلشن قادری انوارِ رضا، جالنہ مہاراشٹرا

مہمانِ رسول ﷺ کی عزت، صحابیٔ رسول ﷺ سے سیکھیں!

حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں کہ رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی خدمت میں ایک شخص حاضر ہوا اور عرض کی: یا رسول اللّٰہ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، مجھے بھوک لگی ہوئی ہے۔ آپ نے ازواجِ مُطَہّرات رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُنَّ کے پاس کسی کو بھیج کر معلوم کیا، لیکن کھانے کی کوئی چیز نہ ملی، حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جو شخص آج رات اسے مہمان بنائے گا، اللّٰہ تعالیٰ اس پر رحم فرمائے۔‘‘

انصار میں سے ایک شخص کھڑے ہوئے اور عرض کی: یا رسول اللّٰہ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، میں حاضر ہوں۔ چنانچہ وہ اس آدمی کو اپنے گھر لے گئے اور اپنی زوجہ سے کہا: رسول اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا مہمان آیا ہے، لہٰذا تم نے اس سے کوئی چیز بچا کر نہیں رکھنی۔ انہوں نے عرض کی: "ہمارے پاس تو بچوں کی خوراک کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں ہے۔" فرمایا: "جب عشاء کا وقت ہو جائے، تو تم بچوں کو بہلا پھسلا کر سُلا دینا، پھر جب ہم کھانا کھانے بیٹھیں تو تم چراغ درست کرنے کے بہانے آ کر اسے بجھا دینا، اگر آج رات ہم بھوکے رہیں تو کیا ہو گا۔"

چنانچہ یہی کچھ کیا گیا اور جب صبح کے وقت وہ شخص نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی بارگاہ میں حاضر ہوئے تو آپ نے ارشاد فرمایا: ’’اللّٰہ تعالیٰ نے تمہاری کار گزاری کو بہت پسند فرمایا ہے۔‘‘ ان پیارے صحابیٔ رسول ﷺ کا نامِ نامی اسمِ گرامی "حضرت ابو طلحہ انصاری" رضی اللہ عنہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کو آپ کی یہ ادا اتنی پسند آئی کہ قرآن کریم میں آیتِ کریمہ نازل فرما دی:

وَيُؤْثِرُونَ عَلٰۤى اَنْفُسِهِمْ وَلَوْ كَانَ بِهِمْ خَصَاصَةٌ

ترجمہ: "اور وہ اپنی جانوں پر ترجیح دیتے ہیں، اگرچہ انہیں خود حاجت ہو۔" (الحشر: ۹)

سبحان اللہ تعالیٰ! کتنی پیاری ادا ہے صحابیِ رسول کی، آج ہمیں بھی ان کی اس ادا پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ صرف نام لینے سے کوئی صحابیٔ رسول کا عاشق نہیں ہوگا، بلکہ ان کی باتوں پر عمل کرنے سے ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں صحیح سمجھ عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!

جدید تر اس سے پرانی
Advertisement
Advertisement
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!