حقیقی کامیابی کا راستہ|سائرہ الطاف امجدی

حقیقی کامیابی کا راستہ
عنوان: حقیقی کامیابی کا راستہ
تحریر: سائرہ الطاف امجدی
پیش کش: لباب اکیڈمی

آج اس پرفتن دور میں کامیاب شخص اسے سمجھا جاتا ہے جو بولنا جانتا ہو، چار باتیں سن کر چار سنا سکتا ہو، اپنی گفتگو سے دوسروں کو لاجواب کر سکتا ہو، لوگوں کی برائیاں بیان کر کے خوش ہوتا ہو اور دوسروں کو نیچا دکھا کر خود کو بلند سمجھتا ہو۔ جسے اپنے عروج پر یہ گمان ہونے لگے کہ شاید اس سے زیادہ کامیاب کوئی نہیں۔

مگر کیا واقعی کامیابی یہی ہے؟ کیا دوسروں کو گرا کر خود بلند ہونا اور لوگوں کی نظروں میں بڑا بن جانا ہی کامیابی کی علامت ہے؟ حقیقت تو یہ ہے کہ ہم حقیقی کامیابی کو بھول کر دنیاوی کامیابی کے پیچھے بھاگ رہے ہیں، جہاں ہر شخص دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں اپنی ذات اور اپنے مقصد کو بھولتا جا رہا ہے۔

ہم چند لمحوں کی واہ واہی اور لوگوں کی نظروں میں بڑا بننے کے لیے اپنے اخلاق، رشتے اور سکون تک قربان کر دیتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ ہم جیت رہے ہیں، حالانکہ دوسروں کو ہرانے کی کوشش میں کبھی کبھی ہم خود اپنی ذات سے ہار جاتے ہیں۔ ایسی کامیابی وقتی خوشی تو دے سکتی ہے، مگر دل کا سکون اور آخرت کی کامیابی نہیں۔

یاد رکھیے! حقیقی کامیابی دوسروں کو شکست دینے میں نہیں، بلکہ اپنے نفس کی برائیوں پر قابو پانے میں ہے۔ اصل بلندی یہ نہیں کہ لوگ آپ سے مرعوب ہوں، بلکہ یہ ہے کہ آپ کے کردار سے لوگ سیکھیں اور آپ کے اخلاق سے متاثر ہوں۔

اپنی زندگی کا مقصد صرف دنیا میں نام بنانا نہ رکھیے، بلکہ ایسی کامیابی کے لیے کوشش کیجیے جس میں اللہ تعالیٰ کی رضا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی پیروی شامل ہو۔ اپنی صلاحیتوں کو پہچانیے، اپنے اندر چھپے ہنر کو نکھاریے اور دوسروں کی ترقی دیکھ کر یہ مت سوچیے کہ کاش! میں بھی ان جیسا بن جاؤں۔ بلکہ خود کو پہچان کر اپنی الگ پہچان بنانے کی کوشش کیجیے۔

لوگ کیا کہتے ہیں، کون آپ سے آگے نکل گیا اور کس نے کتنی ترقی کر لی، ان باتوں میں الجھنے کے بجائے اپنی منزل پر توجہ دیجیے۔ آپ کی کامیابی کسی دوسرے کی ناکامی کی محتاج نہیں ہونی چاہیے۔ اپنی اڑان خود طے کیجیے، محنت کو اپنا ساتھی بنائیے اور اپنے مقصد کی طرف مسلسل بڑھتے رہیے۔

کیونکہ اصل کامیابی وہ نہیں جس میں دنیا آپ کو بڑا مان لے، بلکہ وہ ہے جس میں آپ کا رب آپ سے راضی ہو۔ دنیا کی کامیابی چند روزہ ہے، مگر آخرت کی کامیابی ہمیشہ باقی رہنے والی ہے۔

اپنے اندر کے ہنر کو پہچانیے، اپنی پرواز پر یقین رکھیے اور دوسروں کی نقل کرنے کے بجائے اپنی ایک الگ دنیا بنائیے۔ کیونکہ!!

کوشش کے پروں سے ہی پرواز ترقی ہے
اڑتے ہیں فضاؤں میں ہر آن لگن والے

جدید تر اس سے پرانی
Advertisement
Advertisement
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!