| عنوان: | حیات اعلی حضرت کے چند گوشے (ماہ و سال کے آئینہ میں) |
|---|---|
| تحریر: | محمد ارمان علی قادری علیمی |
اعلی حضرت کی ولادت باسعادت 10 شوال 1272ھ مطابق 14 جون 1856ء کو محلہ جسولی، بریلی شریف میں ہوئی۔ آپ کا پیدائشی نام محمد تھا اور دادا جان نے آپ کا نام “احمد رضا” رکھا۔ آپ کے جد امجد کا نام علامہ رضا علی خان تھا اور والد محترم کا نام علامہ نقی علی خان تھا۔ علیہما الرحمہ
آپ 13 سال 10 مہینے کی عمر شریف میں تمام درسیات سے فارغ ہو چکے تھے۔
اعلی حضرت تین بھائی تھے:
-
اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ
-
استاد زمن علامہ حسن رضا خان علیہ الرحمہ
-
علامہ محمد رضا خان علیہ الرحمہ
آپ کی شادی 1291ھ میں ارشاد بیگم صاحبہ سے ہوئی۔ آپ کی سات اولاد تھی: 5 بیٹیاں اور 2 صاحبزادے۔ صاحبزادگان کے نام یہ ہیں: حجة الاسلام علامہ حامد رضا خان اور مفتی اعظم علامہ مصطفیٰ رضا خان۔ علیہما الرحمہ
1295ھ میں اپنے والد محترم کے ساتھ مارہرہ مطہرہ حاضر ہو کر سیدنا شاہ آل رسول احمدی علیہ الرحمہ سے بیعت ہوئے اور تمام سلاسل حقہ کی خلافت حاصل کی۔ 1295ھ مطابق 1878ء میں پہلی مرتبہ زیارت حرمین شریفین سے مشرف ہوئے۔ 1323ھ مطابق 1906ء میں دوبارہ زیارت حرمین شریفین کے لیے گئے اور نعمت عظمیٰ یعنی زیارت حضرت اقدس مراد المشتاقین صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی بلا واسطہ مشرف ہوئے۔
آپ نے اپنی پوری زندگی دفاع دین متین اور اس کی نشر و اشاعت کے لیے وقف کر دی تھی۔ چنانچہ پوری زندگی کتابیں لکھتے رہے اور دین اسلام پر اٹھنے والے سوالات کا بھرپور جواب دیتے رہے۔ آپ نے اپنی زندگی میں کم و بیش 1300 کتابیں تحریر فرمائیں، جن میں سے چند کے اسماء یہ ہیں:
-
كَنْزُ الْإِيمَانِ فِي تَرْجَمَةِ الْقُرْآنِ
-
الْعَطَايَا النَّبَوِيَّةُ فِي الْفَتَاوَى الرَّضَوِيَّةِ
-
حدائق بخشش
-
الدَّوْلَةُ الْمَكَّيَّةُ بِالْمَادَّةِ الْغَيْبِيَّةِ
-
احکام شریعت
-
فتاویٰ افریقیا
آپ کے تبحر علمی کا عالم یہ تھا کہ آپ نے جس موضوع پر بھی قلم اٹھایا، اسے حق ادا کر دیا۔
13 سال کی عمر میں پہلا فتویٰ لکھا اور زندگی کے آخری ایام تک لکھتے رہے۔ 8 سال کی عمر میں “ہدایة النحو” کی عربی شرح لکھی، 10 سال کی عمر میں “مسلم الثبوت” کی شرح لکھی۔ 1318ھ مطابق 1900ء میں پٹنہ کے ایک عظیم الشان اجلاس میں سینکڑوں علماء و مشائخ عظام کی موجودگی میں “مجدد مائة حاضرہ” کے خطاب سے سرفراز ہوئے۔ 1324ھ مطابق 1906ء میں حرمین شریفین و دیگر ممالک کے علماء و مشائخ نے آپ کی مجددیت کا اعتراف کیا۔
قمری مہینے کے اعتبار سے 67 سال کی عمر پا کر 25 صفر المظفر 1340ھ مطابق 28 اکتوبر 1921ء کو اس دار فانی سے دار آخرت کی طرف رحلت فرمائی۔ [ماخوذ از: حیات اعلی حضرت، ج: 1، و سوانح اعلی حضرت ملخصاً]
