عنوان: | گرمیوں کا انمول تحفہ |
---|---|
تحریر: | محمد رضا، متعلم جامعۃ المدینہ، موڈاسا |
اللہ تعالیٰ نے ہمیں بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ ان نعمتوں میں پھلوں کو ایک خاص مقام حاصل ہے۔ ہر پھل کا اپنا ذائقہ، اپنی خوشبو اور اپنا الگ ہی فائدہ ہوتا ہے۔ ان میں آم (Mango) کو پھلوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔ گرمیوں کا خاص تحفہ، آم اپنے لذیذ ذائقے اور میٹھی خوشبو کی وجہ سے بچوں اور بڑوں سب میں یکساں مقبول ہے۔
آم اور گرمی کے موسم کا رشتہ بہت ہی خاص ہوتا ہے۔ جیسے ہی گرمی آتی ہے، ویسے ہی بازار، منڈیاں اور سڑکوں کے کنارے آموں سے بھر جاتے ہیں۔ چھوٹے بچے ہوں یا بڑے، یہاں تک کہ دادا دادی اور نانا نانی، سب کو اس خوشبودار میٹھے پھل کا بے صبری سے انتظار ہوتا ہے، اور چھوٹے ہوں یا بڑے، سب یک صف ہو کر کھڑے ہوتے ہیں۔
آم کھانے کا بہتر طریقہ:
آم کو دھو کر اور اس کی گوند وغیرہ کو اچھی طرح صاف کر کے کھائیں، کیونکہ اس کی گوند کھانے سے گلے میں خراش پیدا ہو سکتی ہے۔ آم کو تھوڑا ٹھنڈا کر کے کھانا چاہیے، ورنہ بدن پر پھوڑے پھنسیاں اور آنکھوں کی بیماریاں ہو سکتی ہیں۔ آم کو کاٹ کر کھانے کی بجائے اگر اسے چوس کر کھایا جائے تو یہ زیادہ لذیذ و مزیدار لگتا ہے۔
فوائد:
آم نہ صرف ذائقے دار پھل ہے بلکہ اللہ پاک نے اس نعمت (یعنی آم) میں بے شمار فوائد رکھے ہیں:
- آم جلد بوڑھا ہونے سے بچاتا ہے، نیا خون (Blood) بناتا ہے، اور آنتوں کو قوت دیتا ہے۔
- آم میں اللہ تعالیٰ نے یہ خاصیت بھی رکھی ہے کہ یہ پیاس کو بجھاتا ہے۔
- آم قبض اور تیزابیت (Acidity) کو دور کرتا ہے۔
- آم نزلہ زکام سے حفاظت کرتا ہے۔
- آم کا استعمال کینسر کے مریضوں اور دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے بے حد مفید ہے۔
- ایک تحقیق کے مطابق ایک پیالی آم میں تقریباً 60 ملی گرام وٹامن سی پایا جاتا ہے۔
ہر شہر، ہر علاقے میں آم کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔ آموں کو صرف جوس بنا کر یا مینگو شیک بنا کر ہی استعمال نہیں کیا جاتا، بلکہ اسے ہر شہر اور ہر علاقے میں الگ الگ طریقے سے استعمال کیا جاتا ہے۔ کہیں آم کی آئس کریم بنا کر کھاتے ہیں تو کہیں آم کا اچار بنایا جاتا ہے۔ کہیں اس کی مٹھائیاں بنا کر کھائی جاتی ہیں، تو کہیں آم کی لسی مشہور ہوتی ہے۔ اور کہیں تو آم کے جوس کو پوڑیوں کے ساتھ کھاتے ہیں، اور اس کا سالن بھی بنایا جاتا ہے۔ آپ بھی آم کھائیں اور تندرست رہیں۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی نعمتوں کی قدر کرنے اور ان کا شکر گزار بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین