✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!
قارئین سے گزارش ہے کہ کسی بھی مضمون میں کسی بھی طرح کی شرعی غلطی پائیں تو واٹسپ آئیکن پر کلک کرکے ہمیں اطلاع کریں، جلد ہی اس کی اصلاح کردی جائے گی۔ جزاک اللہ خیرا کثیرا 🥰

دنیا کی زندگی دھوکے کا سامان ہے

عنوان: دنیا کی زندگی دھوکے کا سامان ہے
تحریر: بنت اسلم برکاتی
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

رب تبارک و تعالیٰ قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے:

وَ مَا الْحَیٰوةُ الدُّنْیَاۤ اِلَّا مَتَاعُ الْغُرُوْرِ (اٰل عمران: 185)

ترجمہ کنزالایمان: اور دنیا کی زندگی تو یہی دھوکے کا مال ہے۔ یعنی دنیا کی لذتیں ،اس کی خواہشات اور رعنائیاں صرف دھوکے کا سامان ہیں، کیونکہ ان کا ظاہر تو بہت خوبصورت نظر آتا ہے، لیکن ان کا باطن فساد سے بھرپور ہے۔

اس آیت سے معلوم ہوا کہ دنیا کی عیش و عشرت اور زیب و زینت اگرچہ کتنی ہی زیادہ ہو، یہ دھوکے کے سامان کے علاوہ کچھ نہیں۔ لہٰذا ہر انسان کو چاہیے کہ وہ دنیا کی رنگینیوں سے ہر گز دھوکہ نہ کھائے، ذلیل دنیا کو حاصل کرنے کے لیے اپنی قیمتی ترین آخرت کو ہر گز تباہ نہ کرے۔ اسی کی ترغیب دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:

یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ اتَّقُوْا رَبَّكُمْ وَ اخْشَوْا یَوْمًا لَّا یَجْزِیْ وَالِدٌ عَنْ وَّلَدِهٖ٘-وَ لَا مَوْلُوْدٌ هُوَ جَازٍ عَنْ وَّالِدِهٖ شَیْــٴًـاؕ اِنَّ وَعْدَ اللّٰهِ حَقٌّ فَلَا تَغُرَّنَّكُمُ الْحَیٰوةُ الدُّنْیَاٙ-وَ لَا یَغُرَّنَّكُمْ بِاللّٰهِ الْغَرُوْرُ (لقمان: 33)

ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے لوگو! اپنے رب سے ڈرو اور اس دن کا خوف کرو جس میں کوئی باپ اپنی اولاد کے کام نہ آئے گا اور نہ کوئی بچہ اپنے باپ کو کچھ نفع دینے والا ہوگا۔ بے شک اللہ کا وعدہ سچا ہے، تو دنیا کی زندگی ہرگز تمہیں دھوکا نہ دے اور ہرگز بڑا دھوکہ دینے والا تمہیں اللہ کے علم پر دھوکے میں نہ ڈالے۔

اور حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے سید المرسلین صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص اپنی دنیا سے محبت کرتا ہے وہ اپنی آخرت کو نقصان پہنچا لیتا ہے، اور جو شخص اپنی آخرت سے محبت کرتا ہے تو اپنی دنیا کو نقصان پہنچاتا ہے۔ لہذا تم فنا ہونے والی دنیا پر باقی رہنے والی آخرت کو ترجیح دو۔ (مسند امام احمد: 81981)

امام محمد غزالی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ایک بزرگ کے حوالے سے لکھتے ہیں: اے لوگو! اس فرصت کے وقت میں نیک عمل کر لو اور اللہ سے ڈرتے رہو۔ امیدوں پر فولے مت سماؤ اور اپنی موت کو نہ بھولو۔ دنیا کی طرف مائل نہ ہو جاؤ۔ بے شک یہ دھوکے باز ہے اور دھوکے کے ساتھ بن ٹھن کر تمہارے سامنے آتی ہے اور اپنی خواہشات کے ذریعے تمہیں فتنے میں ڈال دیتی ہے۔

دنیا اپنی پیروی کرنے والوں کے لیے اس طرح سجتی سنورتی ہے جیسے دلہن سجتی ہے۔ دنیا نے اپنے کتنے ہی عاشقوں کو ہلاک کر دیا، اور جنہوں نے اس سے اطمینان حاصل کرنا چاہا انہیں ذلیل و رسوا کر دیا۔

لہذا اسے حقیقت کی نگاہ سے دیکھو کیونکہ مصیبتوں سے بھرپور مقام ہے۔ اس کے خالق نے اس کی مزمت کی۔ اس کا نیا، پرانا ہو جاتا ہے اور اسے چاہنے والا بھی مر جاتا ہے۔

اللہ تعالی تم پر رحم فرمائے، غفلت سے بیدار ہو جاؤ اور اس سے پہلے نیند سے آنکھیں کھول لو کہ یوں اعلان کیا جائے: فلاں شخص بیمار ہے اور اس کی بیماری نے شدت اختیار کر لی ہے۔ کیا کوئی دوا ہے؟ یا کسی ڈاکٹر تک جانے کی کوئی صورت ہے؟ اب تمہارے لیے حکیموں کو بلایا جاتا ہے، لیکن شفا کی امید ختم ہو جاتی ہے۔ پھر کہا جاتا ہے: فلاں نے وصیت کی اور اپنے مال کا حساب کیا ہے۔ پھر کہا جاتا ہے: اب اس کی زبان بھاری ہو گئی، اب وہ اپنے بھائیوں سے بات نہیں کرتا اور پڑوسیوں کو نہیں پہچانتا۔

اب تمہاری پیشانی پر پسینہ آ گیا۔ رونے کی آوازیں آنے لگیں اور تمہیں موت کا یقین ہو گیا۔ تمہاری پلکیں بند ہونے سے موت کا گمان یقین میں بدل گیا۔ زبان تھرتھرا رہی ہے۔ تیرے بہن بھائی رو رہے ہیں۔ تمہیں کہا جاتا ہے کہ تمہارا فلاں بیٹا ہے، یہ فلاں بھائی ہے۔ لیکن تو کلام کرنے سے روک دیا گیا۔ بس تو بول نہیں سکتا۔ تمہاری زبان پر مہر لگ گئی، جس کی وجہ سے آواز نہیں نکلتی۔

پھر تمہیں موت آگئی اور تیری روح اعضاء سے پوری طرح نکل گئی۔ پھر اسے آسمان کی طرف لے جایا گیا، اس وقت تمہارے بھائی جمع ہوتے ہیں۔ پھر تمہارا کفن لاتے ہیں اور تمہیں غسل دے کر کفن پہناتے ہیں۔ اب تمہاری عیادت کرنے والے خاموش ہو کر بیٹھ جاتے ہیں، اور تجھ سے حسد کرنے والے بھی آرام پاتے ہیں۔ گھر والے تمہارے مال کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں اور تمہارے اعمال گروی ہو جاتے ہیں۔ (احیاء علوم الدین: 260/3)

اللہ تعالیٰ ہمارے حال پر رحم فرمائے اور ہمیں دنیا کی حقیقت کو پہچاننے، اس کے دھوکے اور فریب سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین!

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

صراط لوگو
مستند فتاویٰ علماے اہل سنت
المفتی- کیـا فرمـاتے ہیں؟
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں