دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

امام حسین اور انکارِ باطل

عنوان: امام حسین اور انکارِ باطل
تحریر: مفتیہ نازیہ فاطمہ
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

اسلام ایک ایسا دین ہے جو حق کے قیام، عدل کے نفاذ اور ظلم کے انکار کی بنیاد پر قائم ہوا۔ نبی اکرم ﷺ کی سیرت اور صحابہ کرام رضي اللہ تعالٰی عنہم کی زندگیاں اس عظیم پیغام کی جیتی جاگتی تصویر تھیں۔ انہی روشن چہروں میں سے ایک درخشندہ ستارہ، سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالٰی عنہ ہیں، جنہوں نے باطل قوت کے سامنے جھکنے کے بجائے، سر کٹانا پسند کیا مگر حق پر سمجھوتا نہیں کیا۔

سن 60 ہجری میں جب یزید بن معاویہ نے خلافت کو موروثی بادشاہت میں بدلنے کی کوشش کی، تو یہ اسلام کی بنیادی روح کے خلاف ایک زبردست حملہ تھا۔ یزید کا کردار، اس کا طرزِ حکومت، اور اس کی نیتیں اہلِ حق پر عیاں تھیں۔

امام حسین رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اس عمل کو صرف سیاسی تبدیلی نہیں سمجھا بلکہ اسلامی خلافت کی اصل روح پر وار تصور کیا، اور اس کے انکار کو دینی فرض جانا

انکار کا مطلب صرف زبان سے اختلاف نہیں، بلکہ باطل کے سامنے عملاً کھڑے ہونا، اس کا بائیکاٹ کرنا، اور ظلم کے خلاف مزاحمت کرنا بھی ہے۔

امام حسین کا انکار:

باطل قیادت سے بیعت سے انکار اسلامی اصولوں پر ڈٹ جانے کا اعلان مدینہ سے نکل کر مکہ، پھر کربلا تک حق کا سفر یہ سب اس انکارِ باطل کی عملی شکلیں تھیں۔

کربلا صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ ایک ہمیشہ کے لیے زندہ پیغام ہے جس وقت سرزمینِ کربلا پر 72 جانثارانِ حق ایک بے سروسامانی میں باطل کی ایک پوری فوج کے سامنے کھڑے تھے، وہ صرف جنگ نہیں لڑ رہے تھے، بلکہ دین کو بچا رہے تھے۔

امام حسین نے فرمایا:

مجھ جیسا شخص، یزید جیسے شخص کی بیعت نہیں کر سکتا! یہ جملہ قیامت تک کے لیے باطل کے انکار کی دلیل بن گیا۔

امام حسین کی قربانی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ: باطل کا انکار صرف زبان سے کافی نہیں عمل، کردار، اور قربانی چاہیے۔ اکثریت کی بنیاد پر حق کا تعین نہیں ہوتا۔ 72 افراد نے ہزاروں کے مقابل سچائی کا علم بلند رکھا۔ دین کی سربلندی کے لیے جان دینا، عار نہیں، فخر ہے۔

خاموشی کے بجائے جرأتِ انکار ضروری ہے۔ کربلا کی سرزمین پر بہنے والا ہر قطرۂ خون ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ اگر امام حسین جیسا مردِ حق انکار نہ کرتا، تو شاید دین صرف نام کا رہ جاتا۔

امام حسین نے سر کٹوا کر اسلام کو زندہ کیا، اور دنیا کو سکھایا کہ انکارِ باطل ہی اصل عزت ہے۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں۔