✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!
قارئین سے گزارش ہے کہ کسی بھی مضمون میں کسی بھی طرح کی شرعی غلطی پائیں تو واٹسپ آئیکن پر کلک کرکے ہمیں اطلاع کریں، جلد ہی اس کی اصلاح کردی جائے گی۔ جزاک اللہ خیرا کثیرا 🥰

خاموشی کے راز اور شکر کی برکت

عنوان: خاموشی کے راز اور شکر کی برکت
تحریر: مفتیہ نازیہ فاطمہ
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

زندگی میں ہر انسان کو کبھی نہ کبھی ایسے مسائل اور پریشانیوں کا سامنا ضرور ہوتا ہے جن کا حل بظاہر کہیں نظر نہیں آتا۔ ایسے حالات میں اکثر دل چاہتا ہے کہ کسی سے دل کا حال بیان کریں، آنسو بانٹیں، درد سنائیں۔ مگر وقت کے ساتھ یہ حقیقت کھل جاتی ہے کہ ہر مسئلہ اور ہر پریشانی راز ہوتے ہیں، اور راز سب کے سامنے نہیں کھولے جاتے۔

جو شخص اپنے دکھ سب پر ظاہر کرتا ہے، اور اپنے آنسو دوسروں کے دامن سے پونچھتا ہے، وہ دھیرے دھیرے اپنی قدر، اپنی وقعت کھو دیتا ہے۔ انسان کی شخصیت کی وقعت اسی میں ہے کہ وہ اپنے دکھوں کو صبر کی چادر میں لپیٹ کر اللہ کے سامنے پیش کرے، نہ کہ ہر راہ چلتے سے دل کا حال بیان کرے۔

میں نے اپنی زندگی میں کچھ ایسے انسان بھی دیکھے ہیں جن کی دنیا یک دم بدل گئی۔ حالات نے انہیں ایسے دوراہے پر لا پٹخا۔ جہاں کوئی حامی و مددگار نہ تھا، لیکن اُنہوں نے صبر کیا، اپنے اللہ تبارک وتعالی کو اپنا حامی و مددگار جانا۔ کبھی وہ مال و دولت کے مالک تھے، آج ہاتھ تنگ ہو گیا۔

کبھی دوستوں کی محفل میں رونق تھے، آج تنہائی ان کا مقدر بن گئی۔ مگر ان سب کے باوجود، ان کے لبوں پر شکایت کا ایک لفظ نہیں آیا۔ ان کی زبان پر ہمیشہ ایک ہی فقرہ رہتا: اللہ جو کرتا ہے وہ بہتر کرتا ہے۔ اللہ تیرا شکر ہے۔

یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو ظاہری اعتبار سے ٹوٹ جاتے ہیں، بکھر جاتے ہیں، مگر ان کا باطن مضبوط رہتا ہے۔ ایمان سلامت رہتا ہے۔ ان کی نگاہ اپنی محرومیوں پر نہیں، بلکہ رب کی حکمت پر ہوتی ہے۔ وہ جانتے ہیں کہ ہر تکلیف کے پیچھے کوئی مصلحت ہے، ہر آزمائش کے پیچھے رب کی تربیت ہے، اور ہر اندھیرے کے بعد روشنی کا وعدہ ہے۔

ایسے صابر اور شاکر بندوں کو اللہ کبھی تنہا نہیں چھوڑتا۔ وہ ان کی خاموشی کو سنتا ہے، ان کے آنسوؤں کو گنتا ہے، اور ان کے دل کے درد کو اپنی رحمت سے بھر دیتا ہے۔ ایک وقت آتا ہے کہ وہی لوگ، جو کل خالی ہاتھ تھے، آج اللہ کے فضل سے مالا مال ہو جاتے ہیں۔ اور ان کی سب سے بڑی دولت یہ ہوتی ہے کہ ان کا رب ان سے راضی ہو جاتا ہے۔

واقعی، جو دل شکر میں رچا ہو، اس پر آزمائشیں بھی رحمت بن کر نازل ہوتی ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

صراط لوگو
مستند فتاویٰ علماے اہل سنت
المفتی- کیـا فرمـاتے ہیں؟
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں