✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!
قارئین سے گزارش ہے کہ کسی بھی مضمون میں کسی بھی طرح کی شرعی غلطی پائیں تو واٹسپ آئیکن پر کلک کرکے ہمیں اطلاع کریں، جلد ہی اس کی اصلاح کردی جائے گی۔ جزاک اللہ خیرا کثیرا 🥰

ماہ محرم الحرام اور صبر

عنوان: ماہ محرم الحرام اور صبر
تحریر: مفتیہ نازیہ فاطمہ
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

ماہِ محرمُ الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے، جو اسلام کی تاریخ میں نہایت عظمت و بزرگی کا حامل ہے۔ یہ مہینہ نہ صرف نئی دینی جدوجہد کی شروعات کا پیغام دیتا ہے، بلکہ قربانی، صبر، استقامت اور حق پر ڈٹے رہنے کا بے مثال درس بھی دیتا ہے۔ خاص طور پر واقعۂ کربلا، محرم کے مہینے کو روحانی اعتبار سے انتہائی اہم بنا دیتا ہے۔

ماہِ محرم کو قرآن و حدیث میں حرمت والے مہینوں میں شمار کیا گیا ہے۔ اللّٰہ تبارک و تعالیٰ نے ان مہینوں کو خاص عزت عطا فرمائی۔

نبی کریم ﷺ نے فرمایا:

أَفْضَلُ الصِّيَامِ بَعْدَ رَمَضَانَ، صِيَامُ شَهْرِ اللّٰهِ الْمُحَرَّمِ (مسلم: ۱۱۶۳)

ترجمہ: رمضان المبارک کے روزوں کے بعد سب سے افضل روزے، اللہ کے محرم کے روزے ہیں۔

یہ مہینہ ہمیں نہ صرف عبادت، روزے اور نیک عمل کی طرف بلاتا ہے، بلکہ ہمیں صبر و رضا کی عملی مثالیں بھی یاد دلاتا ہے۔

ماہِ محرم کی سب سے عظیم یادگار واقعۂ کربلا ہے، جو ہمیں حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یزید کی بیعت سے انکار، حق کی سربلندی، اور باطل کے سامنے ڈٹ جانا، یہ سب کچھ اس عظیم قربانی کا حصہ ہے۔

کربلا کا میدان صبر کی انتہا ہے۔ جب ہر طرف ظلم، پیاس، تلواریں، شہادتیں اور دکھوں کے پہاڑ تھے، تب بھی امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے زبان پر شکوہ لائے بغیر، اللہ کی رضا پر صبر کیا۔

صبر کا مطلب محض برداشت کرنا نہیں، بلکہ اللہ کی رضا پر راضی رہنا ہے۔ محرم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب حق و باطل کا معرکہ ہو، تو ایمان والے حق کا ساتھ دیتے ہیں، چاہے دنیاوی نقصان ہو جائے، لیکن وہ صبر سے کام لیتے ہیں، کیونکہ انہیں یقین ہوتا ہے کہ صبر کا بدلہ اللہ کی طرف سے عظیم ہوتا ہے۔

اللّٰہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے:

إِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصَّابِرِينَ (البقرۃ: 153)

ترجمہ کنز الایمان: یعنی: بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔

آج کے دور میں مسلمان مختلف مشکلوں، آزمائشوں، فتنوں اور نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں۔ محرم ہمیں سکھاتا ہے کہ ہر ظلم، ناانصافی اور مشکلات کا مقابلہ صبر، استقلال اور ایمان کے ساتھ کرنا چاہیے۔ حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کی قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ حق پر قائم رہنا، چاہے کتنا بھی مشکل ہو، مسلمان کی یہی پہچان ہے۔

ماہِ محرم محض رنج و غم کا مہینہ نہیں، بلکہ صبر، قربانی، حق کی سربلندی اور اللہ پر بھروسے کا مہینہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس ماہ کی حرمت کو پہچانیں، اپنی زندگیوں میں صبر اور استقامت کو شامل کریں، اور کربلا کے عظیم پیغام کو یاد رکھتے ہوئے دنیا میں حق و انصاف کے علم بردار بنیں۔

اللّٰہ تبارک و تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں والا صبر عطا فرمائے، اور ہمیں حق کا ساتھ دینے والا بنائے، باطل سے لڑنے کا جذبہ عطا فرمائے۔ آمین۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

صراط لوگو
مستند فتاویٰ علماے اہل سنت
المفتی- کیـا فرمـاتے ہیں؟
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں