✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!
اب آپ مضامین کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ 🎧 سن🎧 بھی سکتے ہیں۔ سننے کے لیے بولتے مضامین والے آپشن پر کلک کریں۔

نیک دلوں کا سب سے بڑا گناہ

عنوان: نیک دلوں کا سب سے بڑا گناہ
تحریر: سلمی شاھین امجدی کردار فاطمی
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

خَطيئَةُ الطَّيبينَ الوحِيدَةُ، هيَ ظنُّهُم أَنّ الجَميعَ مِثلُهُم۔

ترجمہ: نیک دلوں کا سب سے بڑا گناہ یہی ہے کہ وہ سمجھتے ہیں سب اُن جیسے ہوتے ہیں۔

دنیا میں دو قسم کے لوگ پائے جاتے ہیں: ایک وہ جو دنیا کو فریب، چالاکی اور خود غرضی کی عینک سے دیکھتے ہیں، اور دوسرے وہ جو دل کی صفائی، نرمی، حسنِ ظن اور خلوص کو زندگی کا سرمایہ سمجھتے ہیں۔ یہ دوسرا گروہ اگرچہ اقلیت میں ہوتا ہے، مگر دنیا کو جینے کے قابل بنانے میں ان کا کردار سب سے نمایاں ہوتا ہے۔

نیک دل لوگ وہ ہوتے ہیں جو کسی کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھ کر خوش ہو جاتے ہیں، جو کسی کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھ کر تڑپ اٹھتے ہیں۔ وہ کسی کو روتا دیکھیں تو چپ نہ رہ سکیں، کسی کو تنہا دیکھیں تو اس کا ہاتھ تھام لیں۔ ان کی سادگی اور شفقت ہی ان کی شناخت ہوتی ہے۔ مگر افسوس! یہی صفات بعض اوقات اُن کے لیے آزمائش بن جاتی ہیں۔

ان کا سب سے بڑا گناہ، جی ہاں، گناہ یہ ہوتا ہے کہ وہ دوسروں کو بھی اپنے جیسا سمجھ بیٹھتے ہیں۔ انہیں یقین ہوتا ہے کہ جس طرح وہ کسی کو دکھ دینا گوارا نہیں کرتے، ویسے ہی کوئی اور بھی ان کا دل نہیں دکھائے گا۔ جس طرح وہ دھوکہ دینا حرام سمجھتے ہیں، ویسے ہی سب لوگ دیانت دار ہوں گے، مگر حقیقت اس کے برعکس ہوتی ہے۔

یہی حسنِ ظن، جو دراصل ان کی فطری نیکی کا مظہر ہوتا ہے، کئی بار ان کے دل کو چور چور کر دیتا ہے۔ جن لوگوں پر وہ آنکھ بند کر کے بھروسہ کرتے ہیں، وہی ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ جن کے لیے وہ اپنی راتوں کی نیند قربان کرتے ہیں، وہی انہیں تنہا چھوڑ جاتے ہیں۔ یہی وہ وقت ہوتا ہے جب نیک دل لوگ سب سے زیادہ ٹوٹتے ہیں۔

مگر سچ تو یہ ہے کہ وہ اپنی اس روش کو ”گناہ“ نہیں سمجھتے۔ وہ جانتے ہیں کہ ہر بار دھوکہ کھانے کے باوجود، وہ خود کو بدل نہیں سکتے۔ اُن کی فطرت نرمی ہے، شفقت ہے، محبت ہے۔ وہ اس دنیا کی روشنی ہیں، اور اگر وہ بھی دنیا کی رنگینیوں میں رنگ جائیں تو اندھیرے پھیل جائیں۔

ہمیں ایسے نیک دلوں کی قدر کرنی چاہیے۔ اگر ہمیں زندگی میں کوئی ایسا شخص ملے جو ہم سے بےغرض محبت کرے، جو ہر حال میں ہمارا ساتھ دے، جو ہم پر حسنِ ظن رکھے، تو ہمیں چاہیے کہ ہم اس کی محبت کو اپنی چالاکی سے نہ پرکھیں، بلکہ اس کے بھروسے کو اپنی سچائی سے نبھائیں۔

نیک دلی کا یہ "گناہ" دراصل دنیا کے لیے ایک نعمت ہے۔ یہ وہ خوشبو ہے جو نفرت کے تعفن کو زائل کرتی ہے، وہ چراغ ہے جو ظلمت میں راہ دکھاتا ہے۔ اگرچہ نیک دل لوگ کبھی کبھی دھوکہ کھا لیتے ہیں، مگر وہی تو ہیں جو دلوں کو جوڑتے ہیں، زخموں پر مرہم رکھتے ہیں، اور اس بےرحم دنیا کو انسانیت کی پہچان دیتے ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں