عنوان: | صالحین کی صحبتِ بابرکت |
---|---|
تحریر: | بنت رئیس احمد |
پیش کش: | مجلس القلم الماتریدی انٹرنیشنل اکیڈمی، مرادآباد |
اللہ کریم ارشاد فرماتا ہے :-
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَ كُوْنُوْا مَعَ الصّٰدِقِیْنَ (توبہ ۱۱۹)
ترجمۂ کنز العرفان : اے ایمان والو اللہ سے ڈرو اور سچوں کے ساتھ ہو جاؤ۔
اس آیتِ مبارکہ سے سچوں کی صحبت اختیار کرنے کا ثبوت ملا، اگر بندہ عطر فروش کی دکان میں کچھ دیر بیٹھے اگرچہ وہ کچھ نہ بھی خریدے، اُس کے پاس سے عطر کی مہک ضرور آتی ہے، اُس کا دماغ اس مہک سے معطر ہوجاتا ہے، اور کپڑے بھی عطر کی خوشبو سے مہک اٹھتے ہیں۔
اور اگر بندہ بھٹی کے قریب بیٹھ جائے تو اس کی تپش اُس کو محسوس ہوگی اور کپڑوں سے آگ کی بدبو بھی آنے لگے گی۔
اسی طرح جب بندہ نیک لوگوں کی صحبت میں بیٹھتا ہے تو چاہے وہ خاموش بیٹھا رہے، اُس پر مسلسل رحمتوں کا نزول ہوتا رہتا ہے، اور اگر بندہ کسی گنہگار کی صحبت میں بیٹھے تو اس کا اثر بھی اس کے دل پر ضرور ہوتا ہے، اور ممکن ہے کہ گنہگار کی صحبت اُسے بھی گناہ کرنے پر آمادہ کر دے اور وہ گناہ میں ملوث ہو کر اپنی آخرت برباد کر بیٹھے۔
حضرت نظام الدین محبوبِ اولیاء علیہ الرحمہ فرماتے ہیں :
صحبت قوی اثر رکھتی ہے۔ (فوائد الفواد)
بندے کو چاہئے کہ وہ اہل اللہ کی صحبت اختیار کرے،تاکہ اُن کی برکت سے اس کا بھی بیڑا پار ہوجائے،صالحین کی صحبت بلکہ اُن کی ایک نظر برسوں کی منازل لمحوں میں طے کرا دیتی ہے۔
میرے آقا حضور محبوبِ سبحانی رضی اللہ عنہ نے ایک نظر میں چور کو منصبِ قطبیت پر فائز فرما دیا تھا-
اہل اللہ کی صحبت پتھر کو ہیرا بلکہ اس سے زیادہ قیمتی بنا دیتی ہے، لہٰذا ان کی صحبت کو لازم پکڑو اگر آپ اہل اللہ کی صحبت اختیار کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو چاہیے کہ اہل اللہ کی سیرت مبارکہ پڑھیں، اُن کی لکھی کتابیں پڑھیں، جتنی دیر آپ ان کا ذکر سن کر یا پڑھکر انہیں یاد کریں گے، آپ روحانی طور پر انہی کی بارگاہِ مقدسہ میں حاضر رہیں گے۔
مسلسل اہل اللہ کا ذکر سنتے یا پڑھتے رہنے سے آپ گناہوں سے بچنے لگیں گے، جو اللہ کے پیاروں کا ذکر سنیں تو وہ اسے گناہوں سے بچا لیا کرتے ہیں، مصیبتوں میں دستگیری فرماتے ہیں، دونوں جہاں میں اُس کی حاجت روائی فرماتے ہیں۔
اہل اللہ کی عطاؤں کا احاطہ کرنا ناممکن ہے، یہ اپنے چاہنے والے کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتے، ہمیشہ کرم فرماتے ہیں، اُن کی صحبت پا کر بندہ جنت کے راستے پر گامزن ہوجاتا ہے اور گناہوں سے اجتناب کرنے لگتا ہے۔
لہٰذا اہل اللہ کی صحبت میں رہیں، جس بھی ولی کی صحبت میں رہنا چاہتے ہیں، اُن کی لکھی کتابیں پڑھیں، اُن کے بارے میں لکھی گئی کتابیں پڑھیں۔
اللہ کریم ہمیں اپنے پیاروں کے قدموں میں رکھے، اُن کے کرم کے سائے میں رکھے اور بروزِ محشر اُنہی کے ساتھ ہمیں جنت میں داخل فرمائے۔