✍️ رائٹرز کے لیے نایاب موقع! جن رائٹر کے 313 مضامین لباب ویب سائٹ پر شائع ہوں گے، ان کو سرٹیفکیٹ سے نوازا جائے گا، اور ان کے مضامین کے مجموعہ کو صراط پبلیکیشنز سے شائع بھی کیا جائے گا!
اب آپ مضامین کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ 🎧 سن🎧 بھی سکتے ہیں۔ سننے کے لیے بولتے مضامین والے آپشن پر کلک کریں۔

مشاجرات صحابہ (تعارف کتاب)

مشاجرات صحابہ (تعارف کتاب)
عنوان: مشاجرات صحابہ (تعارف کتاب)
تحریر: مولانا فرحان المصطفیٰ نظامی مدنی

زیرِ نظر کتاب "مشاجرات صحابہ" مولانا عمران عطاری مدنی بنارسی زید شرفہ کے پاکیزہ افکار کا ترجمان ہے، جو سنی پبلیکشنز دہلی سے شائع ہوئی ہے۔ اس کتاب میں موصوف محترم نے محققانہ لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے نہایت نفاست کے ساتھ صحابہ کرام کے مابین رونما ہونے والے منازعات و اختلافات کی نوعیت اور ان کی فنی و شرعی حیثیت کو کتبِ معتبرہ و مستندہ سے واضح کیا ہے کہ ان کے آپسی معاملات دینِ اسلام کو نقصان پہنچانے، اس کی بنیادوں کو متزلزل کرنے یا آپسی بغض و عناد کے باعث نہیں تھے، بلکہ نزاعِ اجتہادی تھے۔ بلفظِ دیگر، یہ کتاب محض تاریخی تجزیہ نہیں، بلکہ دینی، شرعی اور صحیح نقطۂ نظر کی طرف رہنمائی کرنے والی عظیم ترین دستاویز ہے۔

علاوہ ازیں، مولانا موصوف نے عقلی و نقلی دلائل کے ذریعے سے اس بات کو بھی واضح فرمایا ہے کہ ان کے اختلاف کو بے جا ہدفِ تنقید بنانا یا کسی بھی صحابی کو تختۂ مشق بنانا غیر اخلاقی و غیر شرعی عمل ہے۔ یونہی صحابہ کرام کے درمیان ہونے والے اختلافات کو بے جا ہوا دے کر اہلِ سنت کی صفوں میں انتشار پیدا کرنے کی ناپاک جسارت کرنے والے روافض اور روافض کے سہولت کاروں کو دلائل و براہین کی روشنی میں دندان شکن جواب دیا ہے۔

یعنی اس کتاب کے ذریعے روافض کے کھوکھلے دعوؤں کا مدلل اور مضبوط رد پیش کیا گیا ہے، اور واضح کیا گیا ہے کہ صحابہ کرام کی عظمت اور ان کی قربانیاں دینِ اسلام کے لیے بے مثال ہیں۔ نیز انہوں نے ان تمام پروپیگنڈوں کو قرآن و حدیث کی روشنی میں علمی طور پر اجاگر کیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ صحابہ کرام کا رتبہ ہر مسلمان کے دل میں انتہائی بلند و بالا ہے۔

اس کتاب کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ موصوف محترم نے شانِ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ میں مستند احادیث اور ان پر ہونے والے اعتراضات کا دفاعی رد بھی پیش کیا ہے، اور فتنۂ زمانہ ڈاکٹر طاہر القادری کی شانِ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ میں ہفوات کا ردِ بلیغ بھی پیش کیا ہے۔

اس کتاب کی اہمیت مزید اس لیے بڑھ جاتی ہے کہ اس کی ابتدا میں مبلغِ اسلام علامہ عبد المبین نعمانی مصباحی زید مجدہ کا ایک شاندار علمی و تحقیقی مقالہ بطورِ تقدیم بھی منسلک ہے، جو قلعۂ رافضیت میں آخری کیل ٹھونکنے کے مترادف ہے۔ اسی طرح محققِ اہلِ سنت مفتی دعوتِ اسلامی مولانا حسان عطاری مدنی دامت فیوضہم نے خیمۂ روافض سے اٹھنے والے بدنامِ زمانہ اعتراض کہ "شانِ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ میں کوئی صحیح حدیث نہیں" کا شاندار جوابی مقالہ بھی شامل ہے، جسے پڑھ کر معترضین کے فکروں کی تطہیر اور ان کا قبلۂ اعتقاد درست ہو سکے گا۔

اس کتاب کی عظمت کو بیان کرتے ہوئے محققِ اہلِ سنت مولانا مفتی ازہار امجدی ازہری رقمطراز ہیں:

حضرت مولانا عمران رضا عطاری مدنی زید علمہ کی کتاب "مشاجرات صحابہ و نظریات اہل سنت" سرسری نظر سے دیکھنے کا موقع ملا۔ موضوع کے لحاظ سے کتاب اگرچہ مختصر ہے، مگر بڑے ہی آسان لب و لہجے میں موضوع سے متعلق رائج تمام مباحث کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ دلائل و براہین سے مزین ہے۔ میرا ایقان کہتا ہے کہ اگر کوئی مسلمان اس کتاب کو دل سے پڑھ لے، تو ان شاء اللہ تعالیٰ وہ کبھی کسی صحابی کی توہین نہیں کرے گا اور نہ ہی ان کے آپسی مشاجرات میں دخل دے گا۔ اور اگر کوئی بدعتی ہدایت پانے کی غرض سے مطالعہ کر لے، تو ان شاء اللہ تعالیٰ وہ ہدایت پانے والوں میں سے ہوگا۔

محققِ اہلِ سنت مبلغِ مسلکِ اعلیٰ حضرت مفتی انس عطاری مدنی تحریر فرماتے ہیں:

مشاجراتِ صحابہ کا موضوع موجودہ دور میں ایک اہم حیثیت رکھتا ہے، چونکہ بعض نیم رافضی مولوی اہلِ سنت کا لبادہ اوڑھ کر عوام کو صحابہ کرام بالخصوص حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے بدظن کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس لیے اہلِ علم حضرات پر لازم ہے کہ وہ اس مسئلے میں مسلمانوں کی صحیح طریقے سے رہنمائی کریں اور عوام الناس کو صحابہ کرام کے متعلق زبان درازی سے باز رکھیں اور صحابہ کرام علیہم الرضوان کے متعلق جو فرامینِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں، ان کو بیان کریں۔

دفاعِ صحابہ کے اس فریضے کو مولانا ابو حامد عمران رضا عطاری مدنی نے بہت احسن طریقے سے ادا کیا اور اپنی مایہ ناز کتاب بنام "مشاجرات صحابہ اور نظریہ اہل سنت" میں بہت خوبصورت انداز میں قرآن و حدیث، صحابہ کرام، ائمہ کرام، محدثین و فقہائے کرام سے اس مسئلے میں نظریہ اہلِ سنت کو پیش کیا اور مدلل عقلی و نقلی انداز سے یہ ثابت کیا کہ مشاجراتِ صحابہ کے مسئلے میں مسلمانوں پر یہی لازم ہے کہ وہ کسی بھی صحابی پر تنقید نہ کریں، بلکہ تمام صحابہ کرام کا ادب کریں اور صحابہ کرام علیہم الرضوان کا تذکرہ اسی انداز سے کریں کہ لوگوں کے دل ان کی طرف مائل ہوں، ان سے بدظن نہ ہوں۔ اور یہی نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سے ثابت ہے۔

المختصر، مولانا موصوف کا یہ علمی شاہکار نہ صرف علم و تحقیق میں گہری دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہے، بلکہ ہر مسلمان کے لیے ایک رہنما اصول کی حیثیت رکھتا ہے، تاکہ وہ صحابہ کرام کے مابین رونما ہونے والے اختلافات کو سمجھ کر ان کے بارے میں فرقہ وارانہ یا غیر علمی آراء سے بچ سکیں۔

مولانا موصوف ایک نہایت ہی دلنشین، محنتی اور علم دوست شخصیت ہیں۔ کم عمری میں ہی اب تک درجن بھر کتابیں زیورِ طبع سے آراستہ و پیراستہ ہو کر بزمِ مطالعہ کی زینت بن چکی ہیں۔ دعا گو ہوں کہ خلاقِ عالم مولانا کے قلم کو برکات کا مجموعہ اور امت کی ہدایت کا ذریعہ بنائے۔

کتاب حاصل کرنے کے لیے درج ذیل نمبر پر رابطہ کریں:
7860406883

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

صراط لوگو
مستند فتاویٰ علماے اہل سنت
المفتی- کیـا فرمـاتے ہیں؟
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں