عنوان: | صبر و شکر |
---|---|
تحریر: | شگفتہ فاطمہ |
پیش کش: | نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور |
مؤمن کی وہ دو خوبیاں ہیں جن سے اُس کا دل اللہ کے قریب اور شیطان کے وسوسوں سے دُور ہوتا ہے۔ یہی دو اوصاف انسان کو اللہ کا محبوب بناتى ہیں اور دنیا و آخرت کی کامیابی عطا کرتی ہیں۔ زندگی کا سفر کبھی ہموار نہیں ہوتا۔ کبھی خوشیاں جھوم جھوم کر آتی ہیں، تو کبھی آزمائشيں خاموشی سے دروازہ كھٹكھٹاتى ہیں۔ ایسے میں جو صبر و شکر کا دامن تھامے رہے، اصل میں وہی کامیاب ہے۔
قرآنِ مجید میں اللہ عزوجل ارشاد فرماتا ہے:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَالصَّلٰوةِؕ اِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصّٰبِرِیْنَ (البقرہ:153)
ترجمۂ کنزالایمان: اے ایمان والو! صبر اور نماز سے مدد چاہو، بیشک اللہ صابروں کے ساتھ ہے۔
اور ایک اور جگہ ارشاد ہوتا ہے:
لَئِنْ شَكَرْتُمْ لَاَزِیْدَنَّكُمْ (ابراہیم:7)
ترجمۂ کنزالایمان: اگر تم شکر کرو گے تو میں تمہیں اور زیادہ دوں گا۔
یہ دونوں آیات زندگی کی حقیقت بیان کرتی ہیں۔ مشکل آئے تو صبر کرو، نعمت ملے تو شکر کرو۔ یہی وہ روحانی توازن ہے جس سے دل مطمئن رہتا ہے اور اللہ کی رضا حاصل ہوتی ہے۔
حضرت ایوب علیہ السلام کی زندگی صبر کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔ مال و دولت، اولاد، صحت۔سب کچھ چلا گیا، مگر زبان سے ایک شکوہ نہ نکلا۔ ہر لمحہ بس الله کا شکر ادا کرتے رہے۔ اور آخرکار اللہ عزوجل نے انہیں پہلے سے بڑھ کر نوازا، یہی صبر ہے۔ خاموشی تسلیم اور اللہ پر يقين۔
شکر صرف الحمدللہ کہنا نہیں، بلکہ دل سے یہ ماننا کہ ہر چیز اللہ کی عطا ہے۔ صبر ہمیں سکھاتا ہے کہ ہر چیز عارضی ہے، اصل بھروسہ اللہ پر ہونا چاہیے۔ اور شکر ہمیں سکھاتا ہے کہ جو کچھ ہمارے پاس ہے، وہ اللہ کا کرم ہے۔ اور جو نہیں ہے، وہ بھی اُس کی حکمت ہے۔ یہ دنیا آزمائشوں کا گھر ہے۔ جہاں ایک طرف راحت و سکون ہے، وہیں رنج و غم کے پہاڑ بھی ہیں۔ مگر کامیاب وہی ہے جو ہر حال میں الله کو یاد رکھے، صبر کریں، اور شکر ادا کریں۔
جب بندہ اللہ کی یاد سے غافل ہو جاتا ہے، تو اللہ اس پر آزمائشیں نازل فرماتا ہے۔ تاکہ بندہ مصیبت میں پڑ کر اُسے یاد کرے۔ بندوں پر آزمائش آتی ہی اس لیے ہے کہ وہ اپنے رب کی طرف جھک جائیں۔ صبر و شکر مومن کی ایسی دو طاقتیں ہیں جو اسے نہ صرف الله کے قریب کرتی ہیں۔ بلکہ دنیا و آخرت کی کامیابی کا راز بن جاتی ہیں۔ یا الله ہمیں مصیبت میں صبر پر استقامت، اور ہر حال شکر ادا کرنے کی توفیق عطا فرما۔ آمین یا رب العالمین