دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...
مضمون نگار
موضوعات
کل مضامین
بولتے مضامین

قلم کی طاقت

عنوان: قلم کی طاقت
تحریر: غلمہ فاطمہ بصری
پیش کش: نوائے قلم رضویہ اکیڈمی للبنات، مبارک پور

تمام تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے انسان کو علم کی روشنی عطا کی اور قلم جیسی عظیم نعمت سے سرفراز فرمایا۔ قلم ایک ایسا ہتھیار ہے جو بغیر خون بہائے دنیا کو فتح کر لیتا ہے۔ قلم وہ طاقت ہے جو قوموں کی تقدیر بدل دیتی ہے اور دلوں میں انقلاب برپا کر دیتی ہے۔ قلم کی طاقت تلوار کی طاقت سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ تلوار جسم کو زخمی کرتی ہے جبکہ قلم دل و دماغ کو جھنجھوڑتا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید کی ایک سورت کا نام ہی سورۃ القلم رکھا اور فرمایا

نٓ وَ الْقَلَمِ وَ مَا یَسْطُرُوْنَۙ (القلم:1)

ترجمۂ کنز الایمان:قلم اور ان کے لکھے کی قسم۔

یہ آیت قلم کی عظمت پر روشن دلیل ہے کہ رب کریم نے قلم کی قسم کھا کر اس کی اہمیت کو واضح فرمایا۔ قلم وہ ذریعہ ہے جس سے علم محفوظ ہوتا ہے نسلوں تک منتقل ہوتا ہے اور انسانیت کو رشد و ہدایت کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔

قلم صرف ایک لکڑی کا ٹکڑا نہیں بلکہ یہ ایک امانت ہے۔ اس کے ذریعے انسان سچ بھی لکھ سکتا ہے اور جھوٹ بھی۔ قلم سے محبت اور خوفِ خدا کے ساتھ لکھنا ایک مسلمان کی پہچان ہے۔ قرآن نے ہمیں سچ بولنے اور سچ لکھنے کا حکم دیا ہے۔ ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے قلم کو ہمیشہ حق کے لیے استعمال کرے اور باطل کے خلاف ایک آواز بنے۔

قلم کی طاقت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک اچھا لکھنے والا دلوں کو بدل دیتا ہے۔ ایک سچا مضمون پڑھ کر آنکھیں نم ہو جاتی ہیں اور ایک حق پر مبنی کتاب پوری قوم کی رہنمائی کر سکتی ہے۔ دنیا کی بڑی بڑی انقلابی تحریکیں قلم کی طاقت سے اٹھی ہیں۔

قلم نے ہی شاعری کو جنم دیا ادب کو زندگی بخشی اور تاریخ کو زندہ رکھا۔ اسی قلم کی طاقت سے مسلمان ماضی میں عروج پر پہنچے۔ جب تک ہمارے قلم علم اور حق کے راستے پر تھے ہم دنیا میں غالب رہے لیکن جب ہمارے قلم خاموش ہو گئے یا غلط راہوں پر چلنے لگے تو ہم پستی کا شکار ہو گئے۔

آج کے دور میں بھی اگر کوئی قوم ترقی کرنا چاہتی ہے تو اسے قلم کی عظمت کو پہچاننا ہو گا۔ ہمارے نوجوانوں کو چاہیے کہ سوشل میڈیا اور بے کار سرگرمیوں میں وقت ضائع کرنے کے بجائے قلم اٹھائیں علم حاصل کریں اور اپنے دین اور قوم کی خدمت کریں۔

قلم کو صرف لکھنے کے لیے استعمال نہ کریں بلکہ اسے ایک ذمہ داری سمجھ کر استعمال کریں۔ اس سے ایسے الفاظ نکالیں جو محبت پھیلائیں علم عام کریں نفرت ختم کریں اور دلوں کو جوڑیں۔ قلم کا استعمال عدل انصاف اور اصلاح کے لیے ہونا چاہیے نہ کہ فتنہ فساد اور گمراہی کے لیے۔

قلم کی طاقت ایک سچے مؤمن کا سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ یہ علم کا ذریعہ بھی ہے اصلاح کا ذریعہ بھی ہے اور قوموں کے عروج و زوال کا فیصلہ کرنے والا بھی۔ ہمیں چاہیے کہ قلم کی عظمت کو سمجھیں اس سے محبت کریں اور اسے ہمیشہ حق سچ عدل اور خیر کے لیے استعمال کریں۔ اگر ہر مسلمان اپنے قلم کو مثبت انداز میں استعمال کرنے لگے تو ان شاء اللہ پوری دنیا میں اسلامی اقدار کا بول بالا ہو جائے گا۔

یا اللہ ہمیں قلم کو حق کے لیے استعمال کرنے کی توفیق عطا فرما ہمارے الفاظ میں سچائی اثر اور ہدایت رکھ ہمیں باطل کے خلاف قلم سے جہاد کرنے والا بنا ہماری تحریروں کو صدقہ جاریہ بنا اور قیامت کے دن ہمارے قلم کو ہمارے حق میں گواہ بنا۔ آمین یا رب العالمین۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!