دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

ایک بدھ، دو بوٹیاں، ایک یاد

عنوان: ایک بدھ، دو بوٹیاں، ایک یاد
تحریر: مفتی وسیم اکرم رضوی مصباحی، ٹٹلا گڑھ، اڈیشہ


یہ غالباً 2005 کی بات ہے، جب میں بہار، سیتامڑھی، ددری کے اُس منفرد علمی و روحانی ادارے جامعہ ضیائیہ فیضِ الرضا میں درجہ ثانیہ کا طالب علم تھا، جو حضرت مفتی عبد الحلیم رحمۃ اللہ علیہ کی اخلاص بھری کاوش کا ثمرہ ہے۔ آج وہی جگہ اُن کے مزارِ فائض الانوار سے منور ہے۔

اُس وقت جامعہ میں ایک خوبصورت روایت تھی کہ اساتذہ کرام کو کھانے پیش کرنے کی سعادت طلبہ کو نصیب ہوا کرتی۔ ہر ہفتے میں ایک دن، تقریباً دو طلبہ کی باری آتی، یعنی کل چودہ خوش نصیب طلبہ ایسے ہوتے جنہیں اس سعادت سے نوازا گیا تھا کہ وہ اساتذہ کرام کی خدمت میں ناشتے، دوپہر اور رات کا کھانا باورچی خانے سے لاکر پیش کریں۔

میری باری بدھ کے دن آتی تھی۔ بدھ کے دن دوپہر کے کھانے میں عمومی طور پر خاص اساتذہ کرام کے لیے گوشت کا اہتمام ہوتا۔ ہر استادِ محترم کے لیے پانچ بوٹیاں مخصوص ہوتیں۔ اکثر جب اساتذہ ایک ساتھ کھاتے، تو اپنی بوٹیوں میں سے کچھ نہ کچھ چھوڑ دیتے تاکہ خدمت پر مامور طلبہ بھی اس برکت میں شریک ہو سکیں۔

ایک بدھ کا دن ایسا بھی آیا جب حضرت مولانا ظفر امام صاحب قبلہ دوپہر کے وقت کسی کام سے جامعہ سے باہر تشریف لے گئے تھے۔ جب تمام اساتذہ کرام کھانے کے لیے بیٹھے تو حضرت موجود نہ تھے، اس لیے میں نے ان کے حصے کا سالن الگ برتن میں محفوظ کر لیا۔

شدید گرمی کا موسم تھا۔ اُس وقت جامعہ میں بجلی کا انتظام نہیں تھا، (بلکہ بہار کے بہت سے علاقوں کا یہی حال تھا) پنکھے یا کولر کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ خیر، کافی دیر بعد حضرت واپس تشریف لائے۔ اس وقت تک تقریباً تمام طلبہ سو چکے تھے۔ میں حاضرِ خدمت ہوا، سالن گرم کیا، دال چاول تیار کر کے دسترخوان پر رکھا۔

حضرت ہاتھ دھوئے اور کھانے بیٹھ گئے۔ جیسے ہی سالن چاول پر ڈالا اور چند لقمے لیے، فرمایا: آج سالن بہت اچھا بنا ہے! ایک بوٹی کھائی، پھر دوسری لی تو پھر یہی فرمایا: سالن بہت اچھا بنا ہے! پھر تیسری بوٹی پر بھی یہی جملہ فرمایا، اور جب چوتھی بوٹی اٹھائی تو دوبارہ فرمایا: سالن بہت اچھا بنا ہے! مگر اس بار بوٹی واپس سالن کے برتن میں رکھ دی اور شفقت بھرے لہجے میں فرمایا: سالن بہت اچھا بنا ہے، تم اسے کھا لینا۔ یہ منظر آج 22 سال بعد بھی میرے ذہن میں ایسا تازہ ہے، جیسے یہ واقعہ ابھی کچھ دن پہلے کا ہو۔

اللہ تعالیٰ ان نسبتوں کو سلامت رکھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی

صراط لوگو
مستند فتاویٰ علماے اہل سنت
المفتی- کیـا فرمـاتے ہیں؟
WhatsApp Profile
لباب-مستند مضامین و مقالات Online
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مرحبا، خوش آمدید!
اپنے مضامین بھیجیں