دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

اخلاق اور انسانیت

عنوان: اخلاق اور انسانیت
تحریر: نور فاطمہ
پیش کش: ادارہ لباب

دنیا میں سب سے قیمتی چیز اگر کوئی ہے، تو وہ انسان کا اخلاق اور انسانیت ہے۔ یہی دو چیزیں ہیں جو پتھر دل کو بھی نرم بناتی ہیں، اور دلوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔

اچھا اخلاق انسان کے چہرے پر نہیں بلکہ روح میں بسنے والی روشنی ہے۔ یہ وہ خوشبو ہے جو بولے بغیر بھی محسوس ہوتی ہے۔ اگر زبان نرم ہو، رویہ میٹھا ہو، دل میں خیرخواہی ہو، تو یہ سب انسانیت کی علامت ہیں۔

اخلاق وہ آئینہ ہے جس میں انسان اپنی اصلیت دیکھتا ہے۔ جو دوسروں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھے، جو کسی کے آنسو پونچھنے کو سعادت سمجھے، جو کمزور کا سہارا بنے — وہی اصل میں انسان ہے۔

یہی اخلاق انسانیت کا پہلا زینہ ہے۔ جہاں اخلاق ختم ہو جائے، وہاں انسانیت دم توڑ دیتی ہے۔ علم، دولت، عہدہ — سب بےکار ہیں اگر دل میں نرمی نہ ہو۔ اچھے اخلاق والا شخص دشمن کو بھی دوست بنا لیتا ہے، اور بد اخلاق انسان دوستوں کو بھی دشمن بنا دیتا ہے۔

اخلاق دلوں کو جیتنے کا وہ ہنر ہے، جو کسی مدرسے میں نہیں سکھایا جاتا — یہ تو دل کے مدرسے میں پیدا ہوتا ہے۔ پس، اگر تم چاہتے ہو کہ دنیا تمہیں عزت دے، تو پہلے انسانیت سے پیار کرو۔ اور اگر چاہتے ہو کہ اللہ تم سے راضی ہو، تو اپنے اخلاق کو رسولِ پاک ﷺ کے اخلاق پر ڈھالو۔

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جس کے تم میں سے اخلاق بہترین ہیں۔“ [مسند اسحاق بن راهويہ/كتاب البر و الصلہ/حدیث: 816]

اخلاق اور انسانیت ہی وہ بنیاد ہیں، جن پر امن، محبت، اور بھائی چارہ قائم رہتا ہے۔ جس دل میں اخلاق کی خوشبو اور انسانیت کا درد ہو، وہی دل اللہ کے سب سے قریب ہوتا ہے۔ اے اللہ پاک ہمارے دلوں کو نرمی عطا فرما ہمارے اخلاق و عادات نہایت بہترین بنا جیسے تو پسند فرماتا ہے۔

ہمیں اپنے پیارے آقا ﷺ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرما اور ہماری زندگی کو اچھے اخلاق اور نیک سیرت سے منور کر۔

اے رب! ہمارے قدموں کو صراط مستقیم پر گامزن فرما۔ ہمارے دلوں کو روشنی عطا فرما، اور حسن اخلاق عطا فرما ۔ہمیں نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرما اوراپنی بارگاہ میں قبول فرما ۔ آمین یا رب العالمین!

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں۔