دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...

عیب جوئی کی مذمت قرآن و حدیث کی روشنی میں

عیب جوئی کی مذمت قرآن و احادیث کی روشنی میں
عنوان: عیب جوئی کی مذمت قرآن و احادیث کی روشنی میں
تحریر: فرمان المصطفیٰ نظامی حسینی حنفی
پیش کش: جامعۃ المدینہ فیضان مفتی اعظم، شاہ جہان پور

اللہ رب العزت کا لاکھوں کروڑوں احسان ہے کہ جس نے ہمیں اشرف المخلوقات بنایا تاکہ ہم سب اس کی عبادت میں مصروف رہیں اور ایک عمدہ اور پاکیزہ معاشرے کو تشکیل دے کر خلافت الہیہ کا مظہر بنیں۔ ظاہر سی بات ہے کہ ایک پرامن اور معزز معاشرے کا قیام اس وقت تک ممکن ہی نہیں جب تک معاشرے کے افراد ایک دوسرے کے تئیں مخلص اور خیر خواہ نہ ہو جائیں۔

مگر افسوس صد افسوس! آج کل ہمارے معاشرے کا حال برعکس نظر آ رہا ہے، خلوت و جلوت میں آپسی تنازع اور ایک دوسرے کی عیب جوئی میں لگے رہتے ہیں۔ خالق حقیقی نے تخلیق انسانی کے ساتھ انہیں دستور ہدایت سے بھی نوازا اور ہادی و رہبر رسول کی بعثت سے سرفراز فرمایا، لہٰذا انسان کو چاہیے کہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ہدایت اور رسول کے پاکیزہ ارشادات کی روشنی میں اصلاح پذیر ہو جائیں۔

چنانچہ رب قدیر اپنے کلام میں ارشاد فرما رہا ہے: لَا تَجَسَّسُوا یعنی عیب کو نہ ڈھونڈو۔ اس آیت کریمہ کے تحت تفسیر صراط الجنان میں ہے کہ مسلمانوں کی عیب جوئی نہ کرو اور ان کے پوشیدہ حال کی جستجو میں نہ رہو، اس آیت کریمہ سے معلوم ہوا کہ مسلمانوں کے پوشیدہ عیب تلاش کرنا ممنوع ہے۔

بخاری شریف کی حدیث ہے: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”جس نے کسی مسلمان کے عیب پر پردہ رکھا تو اللہ رب العزت قیامت کے دن اس کے عیوب پر پردہ رکھے گا۔“ [البخاري، کتاب المظالم والغصب، الحدیث: 2442]

امام عبداللہ بن حمید اور ابن جریر رحمہم اللہ نے حضرت قتادہ رضی اللہ عنہ سے بیان کیا ہے کہ انہوں نے فرمایا: ”کیا تم جانتے ہو تجسس کیا ہے؟ وہ یہ ہے کہ تم اپنے بھائی کے عیب تلاش کرو اور اس کے مخفی امر پر مطلع ہو جاؤ۔“ [تفسیر در منثور، ج: 8، ص: 177، مکتبہ ضیاء القرآن، لاہور]

یہ چند احادیث کریمہ جو عیب جوئی کے متعلق پیش کی گئیں ان سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ جو شخص لوگوں کے عیب تلاش کرنے میں مصروف رہتا ہے اسے چاہیے کہ کسی کے عیب تلاش کرنے سے پہلے اپنے اندر موجود عیبوں کو تلاش کرے اور اصلاح کرنے کی بھرپور کوشش کرے کہ اسی میں دنیا و آخرت کی بھلائی ہے۔

اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا ہے ہمیں اور تمام اسلامی بھائیوں کو دوسروں کے عیب تلاش کرنے سے بچنے اور اپنے عیبوں کو تلاش کر کے ان کی اصلاح کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں۔