دن
تاریخ
مہینہ
سنہ
اپڈیٹ لوڈ ہو رہی ہے...
مضمون نگار
موضوعات
کل مضامین
بولتے مضامین

افضلیت شیخین اور احادیث مولا علی رضی اللہ عنہ

افضلیت شیخین اور احادیث مولا علی رضی اللہ عنہ
عنوان: افضلیت شیخین اور احادیث مولا علی رضی اللہ عنہ
تحریر: محمد شفیع احمد عطاری رضوی

اہل سنت و جماعت کا اجماعی عقیدہ ہے کہ بعد از انبیائے کرام و رسل افضلیت مطلقہ کا سہرا صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سر سجتا ہے۔ پھر آپ کے بعد اسی طرح افضلیت مطلقہ کا انمول و نادر موتی حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نام آتا ہے۔ جس طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مسئلہ تفضیل کو واضح فرما دیا ہے اسی طرح صحابہ کرام، تابعین عظام، ائمہ مجتہدین اور سلف صالحین نے بھی مسئلہ تفضیل کو واضح و مبین کیا ہے۔ لیکن جب ہم اس بات کی جانب نظر کرتے ہیں کہ مسئلہ تفضیل میں حضرت مولیٰ علی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کیا کردار ادا کیا ہے تو عقل ان لوگوں پر شدید تعجب کرنے لگتی ہے کہ وہ لوگ کیسے بے عقل ہیں کہ محبت علی کا دم بھرتے ہیں اور قول علی سے انحراف و روگردانی کرتے ہیں۔

اب سنیے کہ جیسا حضرت علی مولیٰ مشکل کشا نے مسئلہ تفضیل کو بلا شک و شبہ اور مفسر و محکم بلا احتمال دیگر بیان فرمایا ہے ایسا کسی نے بیان نہیں کیا۔ یاد رکھیں! جب صاحب معاملہ ہی کسی چیز کی وضاحت کر دیں تو پھر اغیار کو کیا مجال کہ اس میں تاویل و تحریف کرے اور معنی غیر مرادی مراد لے۔ اس معاملۂ افضلیت شیخین کی سنگینی اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے حیدر کرار علی المرتضیٰ مولیٰ مشکل کشا کرم اللہ وجہہ الکریم کا فقط اتنا فرمانا ہی کافی و وافی ہے: ”جو مجھے شیخین پر فضیلت دے وہ مفتری ہے میں اسے اسی کوڑے ماروں گا بطور حد مفتری۔“ [فتاویٰ رضویہ، ج: 28، ص: 482]

اس فرمان سے ہر سلیم العقل و سلیم الفہم انسان پر تفضیل شیخین روز روشن کی طرح واضح و عیاں ہو جاتی ہے اور اسی تفضیلیت و رافضیت کا بطلان بھی واضح و ثابت ہے۔

ویسے تو تفضیل شیخین پر دلالت و اشارہ کرنے والی تمام احادیث مولیٰ علی کرم اللہ وجہہ الکریم کو نوک قلم کرنا باعث تطویل و تنفیر ہے۔ لہٰذا ذیل میں آپ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کے تین احادیث ”إِنَّ اللهَ وِتْرٌ يُحِبُّ الْوِتْرَ“ پر عمل کرتے ہوئے سپرد قرطاس کی جاتی ہیں:

  1. بہترین مرد ابوبکر و عمر
    امیر المومنین حضرت علی المرتضیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ فرماتے تھے: ”بہترین مرد بعد سید عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم ابوبکر ہیں اور بہترین مرد بعد ابوبکر عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما۔“ [فتاویٰ رضویہ، ج: 28، ص: 480]
  2. افضل امت ابوبکر ہیں، پھر عمر!
    حضرت علقمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے آپ فرماتے ہیں: امیر المومنین کرم اللہ تعالیٰ وجہہ کو خبر پہنچی کہ کچھ لوگ انہیں حضرات صدیق و فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے افضل بتاتے ہیں، یہ سن کر منبر پر جلوہ فرما ہوئے حمد و ثنائے الٰہی بجا لائے، پھر فرمایا: ”اے لوگو! مجھے خبر پہنچی کہ کچھ لوگ مجھے ابوبکر و عمر سے افضل کہتے ہیں اس بارے میں اگر میں نے پہلے سے حکم سنا دیا ہوتا تو بے شک سزا دیتا آج سے جسے ایسا کہتے سنوں گا وہ مفتری ہے اس پر مفتری کی حد یعنی اسی کوڑے لازم ہیں۔“ پھر فرمایا: ”بے شک نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے بعد افضل امت ابوبکر ہیں پھر عمر، پھر خدا خوب جانتا ہے کہ ان کے بعد کون سب سے بہتر ہے۔“ علقمہ فرماتے ہیں مجلس میں سیدنا امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی تشریف فرما تھے انہوں نے فرمایا: ”خدا کی قسم اگر تیسرے کا نام لیتے تو عثمان کا نام لیتے رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین۔“ [فتاویٰ رضویہ، ج: 28، ص: 481]
  3. مفتری کی حد لگاؤں گا!
    حضرت مولیٰ کرم اللہ تعالیٰ وجہہ فرماتے ہیں: ”میں جسے پاؤں گا کہ مجھے ابوبکر و عمر سے افضل کہتا ہے اسے مفتری کی حد لگاؤں گا۔“ امام ذہبی فرماتے ہیں: ”یہ حدیث صحیح ہے اور انہوں نے کہا: کہا جاتا ہے کہ علی رضی اللہ عنہ سے اس روایت کو 80 سے زیادہ افراد نے نقل کیا ہے، جن میں سے بعض کا نام بھی ذکر کیا گیا ہے۔“ [فتاویٰ رضویہ، ج: 28، ص: 482]

بالجملہ

کلام سابق کو بنظر عمیق و بنظر غور پڑھنے اور مطالعہ کرنے سے یہ بات اتم درجہ پر آشکار ہو جاتی ہے کہ جس طرح مولیٰ علی مشکل کشا نے مسئلہ تفضیل کو محکم و مفسر اور شد و مد کے ساتھ بیان فرمایا ہے، شاید ہی کوئی اس پر اہتمام کے ساتھ بیان کیا ہو بلکہ جملہ کلام سے اتنی بات کہنے کی گنجائش علی وجہ الأکمل سامنے آتی ہے کہ اس مقام پر شاید نہیں بلکہ بالیقین یہ کہہ لیا جائے کہ حضرت علی مولیٰ مشکل کشا جیسا صاف و شفاف، پر اہتمام اور شد و مد کے ساتھ کسی اور نے مسئلہ تفضیل کو بیان نہیں کیا ہے۔

مزید تفصیل کے لیے امام اہل سنت کے ان دو رسالوں ”مطلع القمرین“ اور ”غایۃ التحقیق“ کا مطالعہ مفید و کارگر اور نفع مند و سود مند ثابت ہوگا۔

اللہ تعالیٰ ہمیں مسئلہ تفضیل کما حقہ سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے اور رافضیت و تفضیلیت سے محفوظ و مامون عطا فرمائے۔ آمین۔

جدید تر اس سے پرانی
لباب | مستند مضامین و مقالات
Available
Lubaab
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اپنے مضامین بھیجنے لیے ہم سے رابطہ کریں،
Link Copied!